• Wed, 15 January, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo

سائن بریج بند ہونے سے باندرہ کرلا کمپلیکس میں ٹریفک کے راستے تبدیل

Updated: August 08, 2024, 11:11 PM IST | Shahab Ansari | Mumbai

گاڑیوں کی تعداد میں اضافے سے ٹریفک جام کے سبب ہیروں کے تاجروں کی شکایت پر پولیس کی جانب سے اقدام

Like BKC, there is a traffic jam on the Eastern Express Highway.
بی کے سی کی طرح ایسٹرن ایکسپریس ہائی وے پربھی ٹریفک جام ہورہا ہے۔(تصویر:شاداب خان)

  ۱۱۲؍ سال پرانا  سائن بریج گاڑیوں کی آمدورفت کیلئے بندکردیا گیا ہے جس کی وجہ سے باندرہ کرلا کمپلیکس(بی کے سی ) میں گاڑیوں کی تعداد میں  اضافہ کے سبب ٹریفک کا مسئلہ پیدا ہوگیا ہے ۔ اسی لئے یہاں  کے ہیروں کے تاجروں کی شکایت پر ٹریفک پولیس کو بی کے سی میں ٹریفک کے راستے عارضی طور پر تبدیل کرنے پڑے۔ ان تبدیلیوں سے بیسٹ بسوں کے راستوں پر بھی اثر پڑا ہے۔
 اطلاع کے مطابق بی کے سی میں واقع  ’بھارت ڈائمنڈ بورس‘ میں تاجروں کی تنظیم نے ٹریفک پولیس سے شکایت کی تھی کہ سائن بریج بند ہونے کے بعد سے ’چونا بھٹی- بی کے سی کنکٹر‘ اور ایم ٹی این ایل جنکشن سے آنے والی گاڑیوں کی تعداد میں بہت زیادہ اضافہ ہوگیا ہے جس کی وجہ سے یہاں ٹریفک جام کا شدید مسئلہ پیدا ہوگیا ہے۔اس شکایت پر ٹریفک پولیس کے افسران اور ہیروں کے تاجروں کے نمائندوں کے درمیان بدھ کو تقریباً ۲؍ گھنٹوں تک میٹنگ ہوئی اور پھر ٹریفک پولیس نے جمعرات  سے یہاں عارضی طور پر گاڑیوں کی آمدورفت کیلئے تقریباً ۴؍ راستوں میں تبدیلی کردی ہے۔ اگرچہ یہ کہا گیا ہے کہ یہ عارضی تبدیلی ہے لیکن یہ وضاحت نہیں کی گئی ہے کہ کتنے دنوں تک یہ ’ڈائیورژن‘ رہے گا۔
 ’ایم ایم آر ڈی اے آفس، جیو ورلڈ اور اسٹریٹ- ۱؍ پر فیملی کورٹ جنکشن سے دائیں مڑ کر بی کے سی جانے کیلئے اور این ایس ای جنکشن، بھارت نگر اور بی کے سی روڈ آنے والی گاڑیوں کو داخلہ نہیں دیا جارہا ہے۔ اس کے بجائے ایم ایم آر ڈی اے آفس، جیو ورلڈ سے فیملی کورٹ جنکشن پر بائیں مڑ کر بی کے سی، این ایس ای جنکشن سے بھارت نگر اور بی کے سی جاسکتے ہیں۔بی کے سی کنکٹر سے آنے والی تمام گاڑیوں کو قریش روڈ اور پھر یہاں سے ٹاٹا کالونی روڈ سے ہوکر این ایس ای جنکشن، بھارت نگر اور کھیر واڑی جانے کی اجازت نہیں ہے۔ اس کے بجائے بی کے سی کنکٹر سے آنے والی گاڑیوں کولقریش روڈ سے دائیں مڑ کر این ایس سی جنکشن، بھارت نگر جنکشن سے بائیں مڑ کر نبارڈ جنکشن سے ہوکر اپنی منزل کی طرف جانا ہوگا۔
 کنکٹر بریج اور این ایس ای جنکشن سے اسٹریٹ ۳؍ پر آنے والی گاڑیوں کو یائواچا ہوٹل سے بائیں مڑکر ’وَن بی کے سی‘ سے لتیکا روڈ پر جانے کی اجازت نہیں ہے۔ اس کے بجائے وَن بی کے سی پر کنارا بینک جنکشن سے بائیں جانب مڑ کر ’اوینیو۳‘ سے جیو ورلڈ کنونشن سینٹر اور پھر امریکن کائونسلیٹ جنکشن سے ہوتے ہوئے بی کے سی کی طرف جاسکتے ہیں۔
 جیو ورلڈ کنونشن سینٹر، امریکن کائونسلیٹ سے ہوکر اسٹریٹ ۳؍ اور اوینیو۔۱؍ روڈ سے این ایس ای جنکشن اور فیملی کورٹ جنکشن کی طرف جانے والی گاڑیوں کو پیر سے جمعہ تک او این جی سی بلڈنگ سے آگے جانے نہیں دیا جائے گا۔ سنیچر اور اتوار کو بھی یہاں سے صبح ۸؍ بجے سے شب ۱۱؍ بجے تک گزرنے کی اجازت ہوگی۔ پیر تا جمعہ مذکورہ مقامات سے آنے والی گاڑیوں کو او این جی سی بلڈنگ سے ’یو ٹرن‘ لے کر اوینیو ۳؍ روڈ سے ہوکر امریکن کائونسلیٹ سے بائیں مڑ کر امبانی اسکوائر بلڈنگ سے ہوتے ہوئے اپنی منزل جانا ہوگا۔ اسی طرح پرینی کریسنجو، کائوٹیلیا بھون سے اوینیو۔۱؍ آنے والی گاڑیوں کو او این جی سی بلڈنگ سے دائیں مڑنا ہوگا اور پھر اوینیو ۳؍ روڈ سے بائیں مڑ کر امریکن کائونسلیٹ سے ہوتے ہوئے اپنی منزل کی طرف جاسکتے ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK