• Wed, 25 December, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

پونے میں اندوہناک حادثہ، ڈمپر نے ۹؍ افراد کو کچل دیا، ۳؍ کی موقع پر موت

Updated: December 24, 2024, 4:20 PM IST | Agency | Pune

امراوتی سے مزدوری کرنے آئے ۱۲؍ افراد سڑک کنارے سو رہے تھے، پہلی ہی رات ان کے ساتھ حادثہ پیش آیا، مہلوکین میں ۲؍ معصوم بچے۔

The police have seized the dumper. Photo: PTI
پولیس نے ڈمپر کو ضبط کر لیا ہے۔ تصویر: پی ٹی آئی

اتوار کی دیر رات پونے کے واگھولی علاقے میں ایک اندوہناک حادثہ پیش آیا۔ ایک تیز رفتار ڈمپرنے فٹ پاتھ پر سوئے ہوئے ۹؍ لوگوں کو کچل دیا۔  ان میں سے ۳؍ لوگوں کی موقع ہی پر موت واقع ہو گئی۔ مہلوکین مزدور پیشہ افراد تھے۔ اس واقعے کی وجہ سے علاقے میں افرا تفری پھیل گئی۔ ڈمپر کا ڈرائیور موقع سے فرار ہو گیا تھا لیکن بعد میں پولیس نے اسے گرفتار کر لیا۔ 
اطلاع کے مطابق پونے کے واگھولی علاقے میں واقع کیسانند پھاٹہ کے قریب ایک فٹ پاتھ پر تقریباً ۱۲؍ افراد سوئے ہوئے تھے ۔ یہ سبھی امراوتی سے یہاں مزدوری کرنے آئے تھے ۔ رات تقریباً ساڑھے ۱۲؍ بجے ایک تیزرفتار ڈمپر فٹ پاتھ پر چڑھ گیا جس نے سوئے ہوئے مزدوروں میں سے ۹؍ کو کچل دیا۔
ان میں سے ۲؍ معصوم بچوں سمیت ۳؍ کی موقع ہی پر موت ہو گئی۔ مہلوکین کے نام  وشال ونود پوار (۲۲) ویبھوی رتیش پوار (  ۱) اور  ویبھو رتیش پوار ( ۲) ہیں۔ جبکہ دیگر ۶؍ بری طرح زخمی ہیں جن کے نام رنیشا  ونود پوار( ۱۸)  جانکی دنیش پوار (۲۱) روشن ششادو بھونسلے (۹) ناگیش نیورتی پوار(۲۷) درشن سنجے ویرل ( ۱۸)  اور الیشا  ونود پوار (۴۷) ہے۔ زخمیو کو ساسون اسپتال میں داخل کیا گیا ہے۔ ان میں سے ۳؍ کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔  
حادثے کے بعد ڈرائیور گاڑی چھوڑ کر فرار ہو گیا تھا۔ پولیس نے ڈمپر کو ضبط کر لیا۔ پیر کی صبح ڈرائیور کو بھی گرفتار کر لیا گیا۔ پولیس گجانن ٹوٹے نامی اس ڈرائیور سے پوچھ تاچھ کر رہی ہے۔ کہا جا رہا ہے کہ حادثے کے وقت ڈرائیور نے شراب پی رکھی تھی۔ اس کی تحقیقات جاری ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK