• Fri, 24 January, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo

گوندیا میں بس کا اندوہناک حادثہ ، ۱۱؍ مسافر ہلاک

Updated: November 30, 2024, 4:42 PM IST | Ali Imran | Gondia

ایس ٹی کی’ شیوشاہی‘ بس تیز رفتاری کے ساتھ موٹر سائیکل کو اوورٹیک کرنے کی کوشش میں پلٹ کر گر پڑی اور سڑک پر ۲۰؍ فٹ تک گھسٹتی چلی گئی۔

Local residents helped pull out the injured passengers. Photo: PTI
مقامی باشندوں نے زخمی مسافروں کو باہر نکالنے میں مدد کی۔ تصویر: پی ٹی آئی

 ودربھ کے ضلع گوندیا میں ایک بس  اندوہناک حادثے کا شکار ہوئی ہے جس میں ۱۱؍ مسافروں کی موت ہو گئی ہے۔ جبکہ کئی مسافر زخمی ہیں۔  زخمیوں میں بعض کی حالت نازک ہونے کی وجہ سے مہلوکین کی تعداد میں اضافہ ہونے کا خدشہ ہے۔  یاد رہے کہ حال ہی میں ناگپور ضلع میں اسکولی طلبہ سے بھری ایک بس پلٹ گئی تھی جس میں ایک طالب علم کی موت ہو گئی تھی۔ کچھ ہی دنوں کے وقفے سے یہ دوسرا  واقعہ ہے جو اس سے بھی زیادہ خوفناک ہے۔  
اطلاع کے مطابق ایس ٹی کی’ شیو شاہی‘ بس ارجونی روڈ پر ڈووا گاؤں کے قریب موردالی جنگلاتی علاقے سے گزر رہی تھی۔ اس کی  رفتار کافی تیز تھی۔ ڈرائیور کے ہاتھ سے بس کا کنٹرول چھوٹتے ہی وہ اچانک الٹ کر کئی فٹ تک سڑک پر گھسٹتی چلی گئی۔فی الحال یہ تصدیق نہیں ہو سکی ہے کہ بس میں کتنے افراد سوار تھے لیکن ۱۱؍ مسافروں کے ہلاک ہونے کی تصدیق ہوئی ہے۔ جبکہ ۳۰؍ تا ۳۵؍ افراد زخمی بتائے جا رہے ہیں۔ حادثے کے بعد گاؤں کے لوگوں نے موقع پر پہنچ کر مسافروں کو بچانے کا کام کیا۔ یہ حادثہ جمعہ کو دوپہر ایک بجے کے قریب گوندیا۔کوہمارہ روڈ پر ڈووا دیہات کے قریب پیش آیا۔
بس الٹنے کے بعد گاؤں والوں نے خبر لکھے جانے تک   ۱۱؍ لاشوں کو بس سے باہر نکالا تھا۔ اطلاع کے مطابق ایک دو پہیہ گاڑی کو اوورٹیک کرتے وقت ڈرائیور نے اسٹیئرنگ پر کنٹرول کھو دیا اور بس الٹ کر تقریباً ۲۰؍   فٹ تک سڑک پر گھسٹتی ہوئی چلی گئی جس کے نتیجے میں بس میں سوار ۱۱؍مسافر ہلاک ہوگئے جبکہ ۳۰؍ تا ۳۵؍ زخمی ہوئے ہیں۔ زخمیوں کی تعداد زیادہ ہونے کی وجہ سے ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔
شدید زخمیوں کو گوندیا کے گورنمنٹ میڈیکل کالج میں داخل کروایا گیا ہے۔ شناخت اور پنچ نامے کے بعد لاشوں کو پوسٹ مارٹم کیلئے روانہ کیا گیا۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی ڈووا گاؤں والے جائے حادثہ پر پہنچے اور بس میں پھنسے مسافروں کو باہر نکالا۔ ۱۰۸ نمبر پر کال کرکے ایمبولینس کو بھی بلایا گیا اور زخمیوں کو گوندیا کے گورنمنٹ میڈیکل کالج میں داخل کروایا گیا۔ اس دوران  اطلاع ملتے ہی پولیس اہلکاروں کی ٹیم بھی موقع پر پہنچ گئی  اور راحت کا کام شروع کیا۔ کرین کی مدد سے بس کو کھڑا کیا گیا۔ اطلاع کے مطابق بیشتر زخمی اور مہلوک مسافروں کا تعلق گوندیا ضلع ہی سے  ہے۔ حادثے کی وجہ سے گوندیا ۔ کوہمارہ سڑک پر کچھ دیر کیلئے ٹریفک روک دیا گیا تھا۔ حادثے کے بعد بس کے اطراف بھیڑ اکٹھا ہو گئی تھی۔ گاڑی میں پھنسے مسافروں کو نکالنے میں کافی دقت پیش آئی لیکن مقامی باشندوں کی مدد سے ریسکیو ٹیم  نے زیادہ ترلوگوں کو باہر نکا ل لیا ہے اور ٹریفک کو بحال کر دیا گیا ہے۔  

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK