ریلوے افسر کے مطابق ملاڈمیں نئی پٹری بچھانے کے کام کیلئے احتیاطی اقدام کے سبب ٹرینیں ۲۰؍ منٹ تاخیر سے چل رہی ہیں۔
EPAPER
Updated: September 03, 2024, 10:50 AM IST | Shahab Ansari/Rajendra B. Aklikar | Mumbai
ریلوے افسر کے مطابق ملاڈمیں نئی پٹری بچھانے کے کام کیلئے احتیاطی اقدام کے سبب ٹرینیں ۲۰؍ منٹ تاخیر سے چل رہی ہیں۔
ویسٹرن ریلوے کے کئی اسٹیشنوں کے پلیٹ فارم پرپیر کو مسافروں کی زبردست بھیڑ نظر آئی کیونکہ ٹرینیں ۱۵؍ سے ۲۰؍ منٹ تاخیر سے چل رہی تھیں لیکن ٹرینیں کسی تکنیکی خرابی یا حادثہ کی وجہ سے نہیں بلکہ ملاڈ میں نئی پٹری بچھانے کے دوران احتیاطی اقدام کئے جانے کی وجہ سے تاخیر سے چل رہی تھیں۔ تاہم اس کے سبب مسافروں کوسخت پریشانی کا سامنا کرناپڑا۔
ویسٹرن ریلوے کے ایک ترجمان نے اس سلسلے میں کہا کہ ملاڈ میں چھٹی لائن بچھانے کیلئے جو جمبو بلاک کیا گیا ہے، وہ ٹرینوں کے تاخیر سے چلنے کا بنیادی سبب ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ اس کام کیلئے پٹری کو کاٹ کر نئی لائن سے جوڑا جارہا ہے تاکہ اسے شروع کیا جاسکے۔ اس کام کے دوران احتیاطی اقدام کے طور پر ٹرینوں کو دھیمی رفتار سے چلایا جارہا ہے جس کی وجہ سے ٹرینیں اپنی منزل پرتاخیر سے پہنچ رہی ہیں۔اس کام کے دوران ویسٹرن ریلوے کے اعلیٰ افسران کے ذریعہ جاری کئے گئے احکام کی بنیاد پر ٹرینیں ملاڈ کے آس پاس ۳۰؍ کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلائی جارہی ہیں۔
واضح رہے کہ سنیچر اور اتوار کی درمیانی شب تقریباً ۴۰۰؍ ورکروں نے رات بھر کام کیا جس کی وجہ سے اتوار کو مسافروں کیلئے ۱ء۴؍ کلو میٹر طویل نئی لائن شروع کی جاسکی۔
چیف پبلک ریلیشن آفیسر ونیت ابھیشیک کے مطابق ’’۱۰؍ گھنٹے کے بلاک کے دوران چھٹی لائن بچھانے کا کام متعینہ وقت پر مکمل کرلیا گیا۔ یہ لائن ویرار او ر دہانو جانے والی ٹرینوں کیلئے ہوگی۔ یہ پیچیدہ کام تھا جس میں انجینئروں، سگنل اور الیکٹرک ڈپارٹمنٹ کے ماہرین نے مل کرکام کیا۔اس کام کیلئے ۴۰۰؍ مزدوروں کے علاوہ زمین کی کھدائی کرنے والی ۵؍ جے سی بی مشینیں، ایک پوکلین مشین کے ساتھ دیگر جدید مشینوں کا استعمال کیا گیا تھا۔کام مکمل ہونے کے بعد اس کا جائزہ لینے کیلئے تشکیل دی گئی ’سینئر ایگزیکٹیو گریڈ کمیٹی‘ نے معائنہ کیا اور پھر ریلوے سیفٹی کمشنرنے اس پر ٹرین چلانے کی اجازت دے دی۔
نئی لائن شروع ہونے کے بعد پلیٹ فارم نمبر کی نئی ترتیب بھی مکمل کرلی گئی ہے۔
واضح رہے کہ یہ ایک بڑا پروجیکٹ ہے جس میں ساڑھے ۴؍ کلو میٹر پر نئی چھٹی لائن بچھائی جارہی ہے۔ تاہم ملاڈ میں ۱ء۴؍کلو میٹر کے حصہ پر یہ کام مکمل ہوگیا ہے۔
ریلوے افسر کے مطابق اس پروجیکٹ کا مقصد باندرہ ٹرمنس سے بوریولی کے درمیان پانچویں اور چھٹی لائن بچھانا ہے جس کے ذریعہ ممبئی کی لوکل ٹرینوں اور طویل مسافتی ٹرینوں کیلئے ٹریک کو علاحدہ کرنا ہے تاکہ میل اور ایکسپریس ٹرینوں کی آمدورفت سے لوکل ٹرینیں متاثر نہ ہوں۔ فی الوقت پانچویں لائن موجود ہے جو دوطرفہ لائن کے طور پر استعمال کی جارہی ہے جبکہ چھٹی لائن بچھانے کا کام جاری ہے۔
اب تک باندرہ ٹرمنس سے گوریگائوں کے درمیان ۹؍ کلو میٹر کے راستے پر چھٹی لائن بچھانے کا کام مکمل ہوچکا ہے۔ اس کے بعد گوریگائوں سے کاندیولی کے درمیان دوسرے مرحلے میں چھٹی لائن بچھانے کا اہم کام کیا جارہا ہے اور یہاں بھی ساڑھے ۴؍ کلو میٹر کی لائن بچھادی گئی ہے۔ اس لائن کو کاٹ کر دیگر لائن سے جوڑنے کا کام باقی ہے۔