• Wed, 08 January, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo

اساتذہ اورطلبہ کو ٹرانسپورٹ کے قوانین سےمتعارف کرانےکیلئے ٹریننگ دی جائیگی

Updated: October 19, 2020, 12:05 PM IST | Saadat Khan | Mumbai

سڑک حادثات پر قابو پانے کیلئے ایجوکیشن ڈپارٹمنٹ نے آرٹی او کے اشتراک سے ممبئی سمیت ریاست کے تمام اسکولوں کے اساتذہ اور طلبہ کوویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے تربیت دینے کا اعلان کیاہے ۔ تعلیمی تنظیموں اور اساتذہ کے مطابق یہ وقت کی ضرورت ہے

Traffice Rule
قلابہ میں واقع ٹریفک ٹریننگ پارک میں بچوں کو ٹریفک کے قوانین سے واقف کرایا جاتا ہے۔

سڑک حادثات پر قابو پانے کیلئے ایجوکیشن ڈپارٹمنٹ نے آرٹی او کے اشتراک سے ممبئی سمیت   ریاست کےتمام اسکولوں کے اساتذہ اور طلبہ کو ٹرانسپورٹ کے  قوانین سے آگاہ کرنے کیلئے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے ٹریننگ دینے کا اعلان کیاہے ۔ تعلیمی تنظیموں اور اساتذہ کے مطابق یہ ٹریننگ وقت کی ضرورت ہے کیونکہ کچھ طلبہ جو بائیک اور دیگر گاڑیوں سے اسکول جاتے ہیں، وہ راستےمیں خطرناک اسٹنٹ کرتے ہیں  جس سے  ان کی جان کو خطرہ لاحق ہوتا ہے ۔ ان کیلئے یہ مہم انتہائی مفید ثابت ہوگی ۔
 ڈائریکٹوریٹ آف پرائمری ایجوکیشن پونے کے ڈائریکٹر ڈی جی جگتاپ نے ۱۴؍ اکتوبرکو ایک سرکیولر جاری کیا ہے جس میں سڑک حادثات میں ہونےوالی اموات پر افسوس کا اظہارکیاگیاہے ساتھ ہی اس بات کی نشاندہی کی ہے کہ ٹرانسپورٹ کےقوانین کی خلاف ورزی سے اس طرح کے حادثات ہوتے ہیں ۔آج کےطلبہ کل اپنے گھر کے سرپرست ہوںگے لہٰذا ان طلبہ کو ملک کے ٹرانسپورٹ کےقوانین سےآگاہ ہونا ضروری ہے  اس لئے ہم آر ٹی او کے اشتراک سے اس مہم کا آغاز کرنے جارہے ہیں جس کے ذریعے تمام اسکولوں کے اساتذہ اور طلبہ کو ٹرانسپورٹ کے قوانین سے متعلق ٹریننگ دی جائے گی تاکہ وہ ٹرانسپورٹ کے قوانین سے واقف ہوں اوران پر عمل کرکے خود  اور دیگر افراد کوتعاون دے سکیں۔ کووڈ ۱۹؍اورلاک ڈائون کےسبب اسکول بند ہیں اس لئے یہ مہم  آن لائن چلائی جائے گی۔
  پہلے مرحلے میں ہر ضلع کےپرائمری اور سیکنڈری  ایجوکیشن ڈپارٹمنٹ کے افسران اور اس پروجیکٹ کیلئے مقررکئے جانےوالے ۴؍اساتذہ کا گروپ تشکیل دیاجائے گا۔ اس گروپ کو ایجوکیشن اور آرٹی اوکے افسران ویڈیوکانفرنسنگ کےذریعے ٹریننگ دیںگے۔یہ ٹریننگ جلد ہی شروع کی جائے گی۔ریاستی سطح پر ٹریننگ حاصل کرنے والا یہ گروپ ضلعی سطح پر مشتمل گروپ کو ٹریننگ دے گااور ضلعی سطح کا گروپ تعلقہ سطح پر بنائے گئے گروپ کو تربیت دے گا۔ ضلعی سطح کی ٹریننگ کے بعد اساتذہ جس طرح آن لائن پڑھا  رہےہیں اسی طرح  طلبہ کو ٹرانسپورٹ کے قوانین اور ضابطے کی معلومات فراہم کریں گے۔ اس طرح یہ ٹریننگ ممبئی سمیت پورے مہاراشٹرکے سرکاری اور نیم سرکاری اسکولوں  میں زیرتعلیم بچوں کو  دی جائے گی۔
  اس ضمن میں انجمن خیرالاسلام بوائزاسکول مدنپورہ کے معلم نعیم شیخ نے انقلاب سےبات چیت کرتےہوئے کہاکہ ’’ عموماً اسکول کےطلباء تو اسکوٹر یا بائیک وغیرہ نہیں چلاتےہیں مگر یہی طلباء جب کالج میں داخلہ لیتے ہیں تو بائیک وغیرہ کا دھڑلے سے استعمال کرتےہیں لیکن ٹرانسپورٹ کے قوانین سےنابلدہونے کے سبب وہ خطرناک طریقے سے بائیک چلاتےہیںجس سے کئی طلباء حادثات کا شکار  ہو جاتے ہیں۔چنانچہ ایجوکیشن ڈپارٹمنٹ نے طلبہ کو ٹرانسپورٹ کے قوانین سے متعارف کرانےکاجوارادہ کیاہے، وہ انتہائی ضروری ہے جس کا ہم خیرمقدم کرتے ہیں۔‘‘  انہوں نے یہ بھی کہا کہ ’’ میڈم کاما روڈ قلابہ میں ایک چلڈرن ٹریفک ٹریننگ پارک بھی ہے جہاں سگنل ، زیبرا کراسنگ اورروڈ پرگاڑی چلانے کےاُصول و ضابطے کی عملی معلومات فراہم کی جاتی ہے ۔ اسکولوں کو چاہئے کہ وہ طلبہ کو وہاں لے جائیں تاکہ وہ ٹرانسپورٹ کےقوانین سےآگاہ ہوسکیں ۔‘‘
  اکھل بھارتیہ اردو شکشک سنگھ کےجنرل سیکریٹری ساجد نثار نے کہا کہ ’’ایجوکیشن ڈپارٹمنٹ  کا  یہ اقدام قابل ستائش ہے۔ عموماً کالج کےطلبہ بڑی لاپروائی سے موٹر سائیکل چلاتے ہیں ۔ یہ وہی طلبہ ہیں جو اسکول کی تعلیم ختم کرکے کالج میں داخلہ لیتے ہیں۔ اگر اسکول میں ہی طلبہ کوٹرانسپورٹ کے اُصول اور قوانین سےواقف کرادیاجائےتو  حادثات پر قابوپانے میں مددملے گی۔   ‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK