• Sun, 24 November, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

ممبئی پردہشت گردانہ حملوں کی ۱۵؍ویں برسی پر شہیدوں کو خراجِ عقیدت

Updated: November 27, 2023, 10:29 AM IST | Nadeem Asran / Saeed Ahmed Khan | Mumbai

ممبئی پولیس ہیڈکوارٹرز پرریاستی گورنر، وزیر اعلیٰ، وزیر داخلہ اوراعلیٰ افسران نےگلہائےعقیدت پیش کئے ۔کامااسپتال ،گیٹ وے آف ا نڈیا اور سی ایس ایم ٹی پر بھی مہلوکین کو یاد کیا گیا۔

Police officers paying their respects to martyred police officer Karam Ombley. Photo: PTI
شہید پولیس افسرتکارام اومبلے کو پولیس افسران خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے۔ تصویر: پی ٹی آئی

ممبئی پر دہشت گردانہ حملوں کی اتوار کو ۱۵؍ ویں برسی تھی۔ اس دن شہر و مضافات میں شہید پولیس افسران اور شہریوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔ ممبئی پولیس کے ہیڈکوارٹرز میں، گرگاؤں چوپاٹی ،سی ایس ایم ٹی اور گیٹ وے آف انڈیا وغیرہ پرمہلوکین کو یادکرتے ہوئے گلہائے عقیدت پیش کئے گئے۔واضح رہے کہ ممبئی حملوں کے دوران ۱۸؍ جوانوں جن میں ایک این ایس جی کا جوان بھی شامل تھا، نے اپنی جان قربان کی تھی ۔اس کے علاوہ دہشت گردوں کے حملے میں کئی لوگ بھی ہلاک ہوئے تھے۔
 اتوار کو صبح ساڑھے ۸ ؍ تا ساڑھے ۹ ؍بجے کے درمیان کرافورڈ مارکیٹ علاقے میں ممبئی پولیس کےہیڈ کوارٹرز میں مہاراشٹر کے گورنر رمیش بیس ، وزیر اعلیٰ اکناتھ شندے اور نائب وزیر اعلیٰ دیویندر فرنویس نے شہیدوں کی یادگار پر گلہائے عقیدت پیش کئے ۔ اس موقع پر ریاستی وزیر دیپک وسنت کیسرکر، منگل پربھات لودھا اور دیگر وزراء بھی موجود تھے۔ مہاراشٹر کے ڈائریکٹر جنرل آف پولیس ( ڈی جی پی ) رجنیش سیٹھ، ممبئی کے پولیس کمشنر وویک پھنسلکر اور اسپیشل کمشنر دیوین بھارتی کے علاوہ دیگر اعلیٰ پولیس افسرا ن نے بھی جانبازوں کو گلہائے عقیدت پیش کئے۔ اس موقع پر انہیں توپوں کی سلامی بھی دی گئی۔
۲۶؍نومبر ۲۰۰۸ءکودہشت گردانہ حملوں میں ۱۶۶؍ شہری ہلاک اور ۳۰۰؍ سے زائد لوگ زخمی ہوئے تھے۔ اس کے علاوہ دہشت گردوں کا مقابلہ کرتے ہوئے ۱۸؍ جوان بھی شہید ہوئے تھے جن میں نیشنل سیکو ریٹی گارڈ کے میجر سندیپ انّی کرشنن ، مہاراشٹر اے ٹی ایس کے چیف ہیمنت کرکرے ، ایڈیشنل پولیس کمشنر اشوک کامٹے ، وجے سالسکر اورتکارام اومبلے بھی شامل ہےجنہوں نے واحد دہشت گرد اجمل عامر قصاب کو پکڑا تھا۔
ممبئی حملوں کی ۱۵؍ ویں برسی کے موقع پر ممبئی پولیس کے افسران اور اہلکاروں نے پولیس افسر تکارام اومبلے کی گرگاؤں چوپاٹی پر بنائی گئی یادگار پر گلہائے عقیدت پیش کئے ۔ یہاں این سی پی (شردپوارگروپ) کی رکن پارلیمان سپریہ سُلے نے بھی تکارام اومبلے کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔
 یاد رہے کہ ۱۰؍ دہشت گردوں نے جن مقامات پر دہشت گردانہ حملہ کیا تھا، ان میں چھتر پتی شیواجی مہاراج ٹرمنس (سی ایس ایم ٹی)،اوبیرائے ہوٹل، ٹرائیڈنٹ ہوٹل ، تاج محل ہوٹل ، کیفےلیو پولڈ ،کاما اسپتال اور نریمان پوائنٹ پر واقع چھبد ہاؤس شامل ہے ۔
 گیٹ وے آف انڈیا پرنائب وزیراعلیٰ دیویندر فرنویس ،ریاستی وزیر منگل پربھات لودھا اور دیپک کیسرکر کے علاوہ دیگر افراد نے مہلوکین کوخراجِ عقیدت پیش کیا۔ 
 کاما اسپتال میں نرسوں نے دہشت گردانہ حملوں میں ہلاک ہونے والے اپنے ساتھیوں کو یاد کرتے ہوئے ان کی یادگار پر گلہائے عقیدت نچھاور کئے۔
 ۱۵؍سال قبل ممبئی پر دہشت گردانہ حملوں میں چھترپتی شیواجی مہاراج ٹرمنس(سی ایس ایم ٹی) پر مارے جانے والوں کو اتوار کوخراج عقیدت پیش کیا گیا ۔ دہشت گردوں کی گولیوں کا نشانہ بننے والوں کی یاد میں سی ایس ایم ٹی پر اسمارک بنایا گیا ہے جس پر گلہائے عقیدت نچھاور کئے گئے۔ سینٹرل ریلوے کے چیف پی آر او ڈاکٹر شیوراج مانس پورے نے نمائندہ انقلاب کو بتایا کہ دہشت گردانہ حملے کے بعد اینٹی گریٹیڈ سیکوریٹی پر خاص توجہ دی گئی ہے اور اس کو بہتر بنانے کے لئے کئی اقدامات کئے گئے ہیں۔ ریلوے پولیس فورس کو مزید فعال بنانے کیلئے ان کی تربیت اور جدید اسلحہ مہیا کرائے گئے ہیں ، ڈاگ اسکواڈ کو بڑھایا گیا ہے ، داخلی اور خارجی دروازوں پر ڈور فریم میٹل ڈٹیکٹر نصب کئے گئے ہیں اور تمام اہم ریلوے اسٹیشنوں پر اعلیٰ کوالیٹی کے کیمرے نصب کئے گئے ہیں۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ ریلوے پولیس فورس اب ایسے کسی بھی دہشت گردانہ حملے کا منہ توڑ جواب دینے کیلئے پوری صلاحیت رکھتی ہے، ہمارے جوان ہمہ وقت مستعد رہتے ہیں اور باریکی سے نگرانی کرتے ہیں۔
 اسی طرح اتوار کو ممبرا اسٹیشن کے پاس ایم گیٹ کے نیچے اورتھانے میں بھی شہیدوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK