شہر ومضافات میں مختلف تقریبات کا انعقاد ، ملک اور بیرون ملک کے مداح بھی شریک ہوئے
EPAPER
Updated: August 01, 2024, 9:29 AM IST | Saadat Khan | Mumbai
شہر ومضافات میں مختلف تقریبات کا انعقاد ، ملک اور بیرون ملک کے مداح بھی شریک ہوئے
عظیم گلوکار محمد رفیع کی ۴۴؍ ویں برسی پران کے مداحوں نے بدھ کو شہر ومضافات میں مختلف تقریبات کا انعقاد کیا گیا جس میں ممبئی اور ملک بھر کے سیکڑوں مداحوں نے شرکت کی ۔ باندرہ مغرب میں واقع لکی ہوٹل جنکشن پر ان سے منسوب چوک پر خصوصی پروگرام کا انعقاد کیا گیا ۔ سانتاکروز کےجوہو قبرستان میں سیکڑوں مداحوں نے ان کی قبر پر گلہائے عقیدت پیش کئے۔ باندرہ میں واقع ان کی رہائش گاہ ’رفیع مینشن ‘ پر بھی ان کے چاہنے والوں کا تانتا بندھا رہا ۔
باندرہ کے محمد رفیع چوک کو پھولوں سے سجایا گیا تھا ۔ یہاں منعقد ہ تقریب کا صبح ساڑھے ۸؍ بجے مہمان خصوصی پروڈیوسر گڈو شرما، نوشاد سنگیت سمیتی کے روح رواں کاکاجے پی اور ڈائریکٹراور پروڈیوسر وجے کے سینی کی موجودگی میں افتتاح ہوا۔ حاضرین نے ۲؍ منٹ خاموشی اختیار کرکے محمد رفیع کو خراج عقیدت پیش کیا ۔ مہمانوں کے ہاتھوں محمدرفیع کے ۲؍ مداحوں کو ’رفیع رتن‘ اعزاز سے نوازا گیا ساتھ ہی ان کی یاد میں میوزیکل پروگرام بھی منعقد کیا گیا ۔ اس پروگرام میں ممبئی ، احمد آباد، سورت ،بروڈہ، دہلی ،کولکاتا اور دیگر شہروں کے مداح بڑی تعدادمیں موجود تھے ۔
محمدرفیع چوک پر تقریب کا انعقاد جی ایم انصاری گروپ کی جانب سے گزشتہ ۲۲؍ سال سے کیا جا رہا ہے ۔ اس گروپ کے صدر ،ڈونگری کے جی ایم انصاری بھی محمد رفیع کے مداح ہیں ۔ وہ ہرسال محمدرفیع کی ولادت اور برسی کے موقع پر یہاںپروگرام منعقد کرتے ہیں ۔
رفیع فائونڈیشن کے ڈائریکٹر بینونائر نے اس نمائندے کو بتایا کہ ’’ فلمی دنیا اوردیگر شعبوں سے تعلق رکھنے والوں نے بڑی تعدادمیں محمدرفیع کی قبر پر حاضری دے کر انہیں خراج عقیدت پیش کی۔ کنیڈا سے بھی ان کے چاہنے والے۴؍ افراد آئے تھے ۔‘‘ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ’’ہم حکومت سے رفیع صاحب کو بھارت رتن دینے کامطالبہ کر رہے ہیں۔ ہماری یہ مہم گزشتہ کئی برسوں سے جاری ہے لیکن ابھی تک حکومت نے ہمارا مطالبہ پورا نہیں کیا ہے ۔‘‘
محمد رفیع کے داماد پرویز احمدنے کہا کہ ’’ رفیع صاحب کو خراج عقیدت پیش کرنے والوں کا دن بھر ان کی رہائش گاہ پر آنے کا سلسلہ جاری رہا ۔ جن میں کینڈا او رآسٹریلیا کے مداح بھی شامل تھے۔‘‘ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ’’۴۴؍ ویں برسی پر جہاں شہر ومضافات کے متعدد آڈیٹوریم میں رفیع صاحب کی یادمیں موسیقی کے پروگرام منعقد کئے گئے وہیں مہاراشٹر حکومت کےشعبہ تہذیب و ثقافت کی جانب سے رنگ شاردا ہال ،باندرہ میں بھی’بہاروں پھول برسائو‘ عنوان سے پروگرام منعقدکیا گیا جس میں رفیع صاحب کے یادگار سدابہار نغموں سے سامعین محظوظ ہوئے۔‘‘