• Sun, 22 December, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

پلوامہ حملے کی برسی پر شہیدوں کو خراج عقیدت

Updated: February 15, 2021, 9:08 AM IST | Agency | New Delhi

وزیر اعظم نےپلوامہ میں سی آر پی ایف پر حملے کی دوسری برسی کے موقع پر کہا کہ ہندوستان امن میں یقین رکھتا ہے لیکن ہر قیمت پر اپنی خود مختاری کا دفاع کرے گا، انسپکٹر جنرل دیپک رتن نے سی آر پی ایف کےاہلکاروں کی تربیت اور دفاع کے طریقوں میں کئی تبدیلیاں کئے جانے کی اطلاع دی

CRPF - Pic : PTI
سی آر پی ایف کے انسپکٹر جنرل دیپک رتن شہیدوںکی یادگار کو سلامی دیتے ہوئے ۔(پی ٹی آئی

وزیر اعظم نریندر مودی اورنائب صدرجمہوریہ ہند نے جموں و کشمیر کے پلوامہ میں دہشت گردانہ حملے میں شہید ہونے والے فوجیوں کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔وزیر اعظم مودی نےپلوامہ میں سی آر پی ایف پر حملے کی دوسری برسی کے موقع پر کہا کہ ہندوستان امن میں یقین رکھتا ہے لیکن ہر قیمت پر اپنی خود مختاری کا دفاع کرے گا۔مودی نے ملک میں بنائے گئے ارجن مین بیٹل ٹینک (ایم کے-وَن اے) کو ہندوستانی فوج کے حوالے کیا اور متعدد بنیادی منصوبوں کا افتتاح کرتے ہوئے کہا کہ کوئی بھی ہندوستانی اس دن کو نہیں بھول سکتا۔ انہوں نے کہا کہ ’’۲؍ سال پہلے  اس دن پلوامہ  پرحملہ ہوا تھا۔ حملے میں ہلاک ہونے والے تمام فوجیوں کو ہم خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔‘‘
 انہوں نے کہا کہ’’ہمیں اپنی سیکوریٹی فورسیز پر فخر ہے اور ان کی بہادری آنے والی نسلوں کو تحریک  دے گی۔‘‘ انہوں نے کہا کہ وہ سرحد کی حفاظت کے لئے ارجن  ٹینک کو ملک کے لئے وقف کرنے پر فخر محسوس کررہے  ہیں۔ تمل ناڈو میں تیار کیاگیا یہ ٹینک ہمارے شمالی ہندوستان کی سرحد کی حفاظت کے لئے استعمال ہوگا۔یہ ہماری متحد فطرت اور جذبوں کی عکاسی کرتا ہے۔
  وزیر اعظم کے بقول ملک اپنی مسلح افواج کو دنیا کی جدید ترین قوت بنانے کا کام جاری  رکھے گا۔ اسی کے ساتھ ہی ملک ہر قیمت پر اپنی خودمختاری کو بر قرار رکھے گا۔ ہندوستان امن میں یقین رکھتا ہے لیکن وہ ہر قیمت پر اپنی خودمختاری کا بھی تحفظ کرے گا۔
ملک پلوامہ کے شہیدوںکو ہمیشہ یاد رکھے گا : نائیڈو
 اس دوران نائب صدر ایم وینکیا نائیڈو نے بھی پلوامہ کےشہیدوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک ان کی شہادت کو ہمیشہ یاد رکھے گا اور ان کا احسان مند رہے گا۔نائیڈو نےاتوار کے روز یہاں جاری ایک پیغام میں کہا کہ ملک  ہمیشہ ان کی لازوال قربانی کو احترام کے ساتھ یاد رکھے گا۔ 
 نائب صدر جمہوریہ کے مطابق ’’میں۱۴؍ فروری ۲۰۱۹ء کو پلوامہ میں دہشت گردوں کی جانب سے  کئے گئے  بزدلانہ حملے میں شہید ہوئے سی آر پی ایف کے بہادر  جوانوں کو    خراج عقیدت پیش کرتا ہوں اور شہداء کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کرتا ہوں  ۔‘‘
پلوامہ حملے کے بعد سی آر پی ایف میں
 کئی تبدیلیاں لائی گئیں: دیپک رتن
  سینٹرل ریزرو پولیس فورس(سی آر پی ایف)کے انسپکٹر جنرل دیپک رتن نے کہا کہ۲؍ برس قبل ہونے والے پلوامہ حملے کے بعد سی آر پی ایف کے ایس او پیز، سازو سامان اور تربیت کے شعبوں میں کئی تبدیلیاں لائی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شاہراہ پر سیکوریٹی فورسیز کے قافلوں کی محفوظ نقل وحمل کو یقینی بنانے کیلئے روڈ اوپننگ فریقوں کو جدید خطوط پر تربیت فراہم کی گئی ہے۔انہوںنے یہ باتیں پلوامہ حملے میں ہلاک ہونے والے سی آر پی ایف ہلکاروں کو اتوار کے روز خراج عقیدت پیش کرنے کی ایک تقریب کے حاشئے پر نامہ نگاروں سے کہیں۔
 بتادیں کہ پلوامہ کے لیتہ پورہ علاقے میں سی آر پی ایف کے ایک قافلے پر۱۴؍ فروری ۲۰۱۹ء کو خود کش حملہ ہوا تھاجس میں زائد از ۴۰؍ سی آر پی ایف اہلکار ہلاک ہوئے تھے۔انہوں نے کہاکہ’ ’پلوامہ کے لیتہ پورہ میں سی آر پی ایف پر ہونے والے خوفناک حملے کے بعد گزشتہ ۲؍ برسوں کے دوران سی آر پی ایف کے ایس او پیز، ساز و سامان اور تربیت میں کئی تبدیلیاں لائی گئی ہیں۔ ہم نے تربیت کے طریقہ میں اس طرح کی ترمیم کی ہے کہ اگر کوئی ہنگامی صورتحال پیدا ہوجائے یا جنگجوؤں کی طرف سے حملہ ہوجائے تو ان کا بھر پور جواب دیا جائے گا۔‘‘
 ایک سوال کے جواب میں انسپکٹر جنرل نے کہا کہ اس نوعیت کے حملوں کی روک تھام کو یقینی بنانے کے لئے جوانوں کی نقل و حمل زیادہ تر فضائی ٹریفک کے ذریعے کرائی جا رہی ہے۔رتن نے کہا کہ مستقبل میں اس نوعیت کے حملوں کو روکنے کے لئے سی آر پی ایف تمام تر احتیاطی تدابیر پر عمل پیرا ہے۔ایک مزید سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ شاہراہ پر کئی پوائنٹس پر سی سی ٹی وی کیمرے نصب کئے گئے ہیں اور اس کے علاوہ ڈرون کے ذریعے بھی نظر رکھی جا رہی ہے۔ ہمیں اس حملے میں قربانیاں  دینے والے جوانوں پر فخر ہے اورملک ان کے اہل خانہ کے ساتھ کھڑا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK