• Fri, 22 November, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ کے خلاف ترنمول کانگریس کی الیکشن کمیشن سے شکایت، کارروائی کا مطالبہ

Updated: October 29, 2024, 11:04 PM IST | Kolkata

ریاست کی حکمراں جماعت نے الزام عائد کیا کہ اُن اسمبلی حلقوں میںجہاں ضمنی الیکشن ہورہے ہیں، مرکزی وزیرداخلہ نے سرکاری وسائل کا استعمال کرکےانتخابی ضابطے کی خلاف ورزی کی ہے

Chief Minister Mamata Banerjee
وزیراعلیٰ ممتا بنرجی

ترنمول کانگریس نے مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ پر انتخابی قواعد کی خلاف ورزی کا الزام لگایا ہے۔ ریاست کی حکمراں جماعت نے اس سلسلے میں الیکشن کمیشن سے بھی رجوع کیا ہے۔ واضح رہے کہ ریاست میں ۱۳؍ نومبر کو ۶؍ اسمبلی حلقوں میں ضمنی انتخابات ہونے والے ہیں۔ ان ۶؍ مراکز میں شمالی۲۴؍ پرگنہ میں ہاروا اور نیہاٹی شامل ہیں۔ ترنمول نے الزام عائد کیا کہ امیت شاہ نے اتوار کو شمالی۲۴؍ پرگنہ کے پیٹراپول میں سرکاری پروگرام میں شامل ہو کر انتخابی قواعد کی خلاف ورزی کی ہے۔ خیال رہے کہ مرکزمیں مودی حکومت بننے کے بعد سے مغربی بنگال میں بی جے پی اور ترنمول کانگریس کے درمیان ’جنگ‘ میں کافی شدت آگئی ہے۔  
 مرکزی وزیر داخلہ نے اتوار کو ہند،بنگلہ دیش پیٹراپول سرحد پر مربوط چیک پوسٹ، مسافر ٹرمینل اور میتری دوار کا افتتاح کیا۔ ترنمول کانگریس کے مطابق ان تمام حلقوں میں جہاں انتخابات ہونے والے ہیں، اعلان کے بعد ۱۵؍ اکتوبر ہی سے انتخابی ضابطہ اخلاق  سے نافذ ہو گیا ہے۔ ریاست کی حکمراں جماعت نے اس بارے میں سوالات اٹھائے ہیں کہ امیت شاہ نے کس طرح سرکاری پروگراموں میں حصہ لیا  اورضلع کے۲؍ اسمبلی حلقے جہاں ضمنی انتخابات ہو رہے ہیں، وہاں مختلف سرکاری انفراسٹرکچر کا افتتاح کیا۔
 اس سلسلے میں الیکشن کمیشن کے انتخابی ضابطہ اخلاق کی یاد دلاتے ہوئے ترنمول کانگریس نے کہا کہ اس دوران کسی بھی ریاست کے یا مرکزی حکومت کے وزیر سرکاری دوروں پر نہیں جا سکتے اور انتخابی کام کیلئے انتظامیہ کا استعمال نہیں کر سکتے۔اسی طرح وہ سرکاری گاڑیاں  اور ہوائی جہاز بھی استعمال نہیں کر سکتے ہیں۔ ترنمول کانگریس نے یہ الزام بھی عائد کیاکہ وزیرداخلہ امیت نے نہ صرف ضابطے کی خلاف ورزی کی ہے بلکہ ایک خالص سرکاری پروگرام سے سیاسی تبصرے بھی کئے ہیں۔
 ترنمول کانگریس کے ریاستی صدر سبرتو بخشی نےالیکشن کمیشن سے انتخابی قواعد کی خلاف ورزی کرنے پر امیت شاہ کی سخت تنقید کی ۔اس کے علاوہ الیکشن کمیشن سے بھی اس معاملے میں  دیکھنے کی اپیل کی گئی ہے۔
  خیال رہے کہ مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے اتوار کو پیٹراپول کے سرکاری پلیٹ فارم سے ریاستی حکومت کی سخت تنقید کی تھی۔ اس موقع پر انہوں نے کہاکہ وزیر اعظم نریندر مودی نے  گزشتہ ۱۰؍ برسوں میں پورے ملک میں بہت کام کیا ہے لیکن ان کاموں سے اہل بنگال زیادہ استفادہ نہیں کرسکے۔ انہوں نے کہا کہ بنگال کے لوگوں کو اس بات کا یقیناً افسوس ہے۔ انہوں نے اہل بنگال کو مخاطب کرتے ہوئے کہا تھا کہ آپ  پریشان نہ ہوں،۲۰۲۶ء کےاسمبلی انتخابات کے بعد بی جے پی حکومت ان تمام شکایتوں کا ازالہ کرے گی۔ مودی کی قیادت میں مغربی بنگال لینڈ پورٹ اتھاریٹی بہت اچھا کام کر رہی ہے۔ پورا علاقہ ترقی کر رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ میرے ساتھی شانتانو ٹھاکر نے مجھے بتایا کہ بنگلہ دیش کی سرحد سے روزانہ ۵؍ سے ۶؍ ہزار لوگ علاج کیلئے ’کلیانی ایمس‘ آتے ہیں۔امیت شاہ نے امید ظاہر کی کہ ۲۰۲۶ء میں ریاست میں تبدیلی آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ میں غیر قانونی مداخلت کو روکوں گا کیونکہ مودی حکومت کا واحد مقصد ترقی ہے۔
 خیال رہے کہ مغربی بنگال میں جن ۶؍ حلقوں میں ضمنی انتخابات ہورہے ہیں، ان میں سے ۵؍ پر ترنمول کانگریس کا اور ایک پر بی جےپی کا قبضہ تھا۔  ان تمام حلقوں میں اراکین اسمبلی کے پارلیمنٹ کا رُکن بننے کے بعد سیٹیں خالی ہوئی ہیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK