• Sun, 29 December, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

یوسف پٹھان، مہوا اور شترو گھن سنہا کو ٹکٹ

Updated: March 11, 2024, 10:49 AM IST | Agency | Kolkata

۴۲؍ میں سے ۵؍ مسلم امیدوار،سابق کرکٹر کیرتی آزادکو بھی ٹکٹ، ممتا نےعوامی جلسے میں ہر ایک امیدوارکو ووٹرس کے سامنے پیش کیا۔

TMC candidate Yusuf Pathan, Mahua Moitra and other leaders can be seen during the rally. Photo: PTI
ٹی ایم سی کی جانب سے امیدوار بنائے گئے یوسف پٹھان، مہواموئتر اور دیگر لیڈروں کو ریلی کے دوران دیکھا جاسکتا ہے۔ تصویر: پی ٹی آئی

ممتا بنرجی کی پارٹی ترنمول کانگریس (ٹی ایم سی) نے مغربی بنگال کی تمام ۴۲؍ لوک سبھا سیٹوں کیلئے امیدواروں کی فہرست جاری کر دی ہے۔ اس فہرست میں جہاں چند پرانے نام شامل ہیں وہیں کچھ حیرت انگیز نام بھی شامل کئے گئے ہیں۔ پارٹی نے مشہور کرکٹر یوسف پٹھان کو بہرام پور لوک سبھا سیٹ سے ٹکٹ دیا ہے۔ وہ ممکنہ طور پر کانگریس کے سینئر لیڈر ادھیر رنجن چودھری کے مدمقابل ہوں گے۔ اس کے علاوہ ٹی ایم سی نے لوک سبھا سے برخاست کی گئیں مودی ناقد، مہوا موئترا کو دوبارہ کرشن نگر سے ہی لوک سبھا امیدوار بنایا ہے۔ ان کے علاوہ شتروگھن سنہا اور کیرتی آزاد کو بھی ٹکٹ دیا گیا ہے۔ شتروگھن سنہا آسنسول سے رکن پارلیمنٹ ہیں اور انہیں یہیں سے دوبارہ میدان میں اتارا گیا ہے جبکہ کیرتی آزاد کو درگاپور سیٹ سے ٹکٹ دیا گیا ہے۔ ترنمول کی فہرست میں یوسف پٹھان سمیت ۵؍ مسلم امیدوار ہیں لیکن حیرت انگیز طور پر نصرت جہاں کا ٹکٹ کاٹ دیا گیا ہے۔ ان کی جگہ پر حاجی نور الاسلام کو ٹکٹ دیا گیا ہے۔ نصرت جہاں سندیش کھالی کے بشیر ہاٹ سے ایم پی ہیں جو اِن دنوں شاہجہاں شیخ کی وجہ سے خبروں میں چھایا ہوا ہے۔ 
ترنمول کانگریس کے قومی جنرل سیکریٹری اور رکن پارلیمنٹ ابھیشیک بنرجی نے ۴۲؍ سیٹوں کے لئے امیدواروں کی فہرست جاری کی۔ اس فہرست کے بعد انہوں نے بتایا کہ اس فہرست میں نوجوان جوش اور تجربہ کاری دونوں کو اہمیت دی گئی ہے۔ اس فہرست پر ممتا بنرجی سے زیادہ ابھیشیک بنرجی کی چھاپ نظر آرہی ہے کیوں کہ اس میں نوجوانوں کی بڑی تعداد کو موقع ملا ہے جبکہ پارٹی نے ۱۶؍ موجودہ اراکین کو ٹکٹ دیا ہے جبکہ ۱۲؍ خواتین کو بھی ٹکٹ دیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ اس فہرست کا اعلان کولکاتا کے بریگیڈ میدان میں منعقدہ ترنمول کانگریس کی میگا ریلی میں کیا گیا اور اس دوران متعدد امیدواروں کو ووٹرس کے سامنے پیش بھی کیا گیا۔ 
فہرست کے باقاعدہ اعلان کے بعد ممتا بنرجی نےخطاب کرتے ہوئے کہا کہ ترنمول کانگریس مغربی بنگال میں اکیلے ہی الیکشن لڑے گی۔ اس کے علاوہ آسام اور میگھالیہ میں بھی الیکشن لڑے گی۔ اکھلیش یادو کے ساتھ یوپی میں بھی ایک سیٹ پر الیکشن لڑنے کی بات چیت چل رہی ہے۔ انہوں نے اس دوران بی جے پی پر شدید تنقیدیں بھی کیں۔ ممتا کے اس موقف کے بعد اب یہ واضح ہو گیا ہے کہ مغربی بنگال میں انڈیا اتحاد متحدہ طور پر الیکشن نہیں لڑے گا۔ کانگریس نے اس پر بہت محتاط ردعمل دیا ہے۔ پارٹی نے کہا کہ وہ اب بھی پر امید ہے کہ ممتا بنرجی کے ساتھ معاملات طے ہو جائیں گے اور بنگال میں انڈیا اتحاد متحدہ طور پر الیکشن لڑے گا۔ 
 ٹی ایم سی کی فہرست جو اہم نام ہیں ان میں معروف ماہر تعلیم شاہنواز علی ریحان، ابو طاہر خان، حاجی نور الاسلام، پروفیسر سوگت رائے، پرتیما منڈل، ابھیشیک بنرجی، سیونی گھوش، ساجدہ احمد، کلیان بنرجی، شانتارام مہتو، ڈاکٹر شرمیلا سرکار، اسیت کمار مل اور شتابدی رائے شامل ہیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK