مقامی باشندوں کی شکایت پر پولیوشن کنٹرول بورڈ کی بی ایم سی کو ۱۵؍دنوںمیں مسئلہ حل کرنےکی ہدایت۔
EPAPER
Updated: January 08, 2025, 10:34 AM IST | Inquilab News Network | Dadar
مقامی باشندوں کی شکایت پر پولیوشن کنٹرول بورڈ کی بی ایم سی کو ۱۵؍دنوںمیں مسئلہ حل کرنےکی ہدایت۔
بڑھتی فضائی آلودگی اور ۹۸؍ہزار مربع میٹررقبے پر مشتمل شیواجی پارک میدان سے دن بھر اُڑنے والی دھول مٹی سے مقامی باشندے پریشان ہیں۔ ان کی شکایت پر مہاراشٹر آلودگی کنٹرول بورڈ نے بی ایم سی کو ۱۵؍ دنوں میں مسئلہ حل کرنےکی ہدایت دی ہے ۔
واضح رہےکہ دادرکے چھترپتی شیواجی مہاراج میدان سے اُڑنےوالی دھول مٹی سے آس پاس کے علاقوں میں کافی فضائی آلودگی ہے اور مقامی باشندے گزشتہ کئی دنوں سے اس کا سامنا کر رہے ہیں۔ دریں اثناء مہاراشٹر پولیوشن کنٹرول بورڈ کے چیئرمین سدیش کدم نے شیواجی پارک میدان کا دورہ کرنے کے بعد ممبئی میونسپل کارپوریشن کو اس مسئلہ کو آئندہ ۱۵؍ دنوں میں حل کرنے کی ہدایت دی ہے۔
واضح رہے کہ ۱۰۰؍سال پرانا شیواجی پارک میدان مختلف کھیلوں کیلئے مشہور ہے ۔ ۹۸؍ ہزار مربع میٹر رقبے پر مشتمل اس گراؤنڈ میں بچے مختلف کھیل کھیلنے آتے ہیں۔ گراؤنڈ میں مختلف کلبوں کی ۸؍ کرکٹ پچیں بھی ہیں۔ یہ کلب اپنے احاطے کی دیکھ بھال اور صفائی کرتے ہیں۔ میدان کے بقیہ حصوں کے نظر انداز کئے جانے سے مذکورہ مسئلہ پیدا ہو رہاہے۔
مقامی باشندوں کی جانب سے متعدد مرتبہ بی ایم سی میں شکایت کی گئی ہےلیکن اب سابق رکن اسمبلی سدا سرونکر نے مہاراشٹرا پولیوشن کنٹرول بورڈ سے براہ راست اس کی شکایت کی ہے ۔ ان کی شکایت پر پولیوشن کنٹرول بورڈکے صدر سدیش کدم نے شیواجی پارک کادورہ کیا ۔اس موقع پر میونسپل کارپوریشن کے افسران کے ساتھ علاقہ کےمکین بھی موجود تھے۔ کدم نے میونسپل کارپوریشن کے افسران کو احکامات دیئے کہ عوام کے مسائل جاننے کے بعد میونسپل کارپوریشن فوری فیصلہ لے اور آئندہ ۱۵؍ دنوں میں ضروری کارروائی شروع کرے۔