• Sat, 11 January, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo

ٹرمپ خفا، نیتن یاہو پر بَرسے ، کیا واقعی؟

Updated: January 09, 2025, 11:21 PM IST | Washington

نیتن یاہو کے ناقدین میں سے ایک جیفری ساخس کا ویڈیو شیئر کیا ، ایک ہفتہ قبل ہی یاہو نے دعویٰ کیا تھا کہ ٹرمپ سے ان کی گاڑھی چھنتی ہے

Donald Trump was very friendly with Netanyahu during his first term as president and will probably remain so in the future. (File photo)
ڈونالڈ ٹرمپ نے اپنے پہلے دورِ صدارت میں نیتن یاہو سے کافی دوستی نبھائی تھی اور شاید آئندہ بھی یہی ہو۔(فائل فوٹو)

 امریکہ کے نو منتخب صدر ڈونالڈ ٹرمپ کتنے لاابالی ہیں اس کا اندازہ ان کے پہلے دور صدارت میں پوری دنیا کے لیڈران کو ہوگیا تھا اور اب وہ دوبارہ صدر منتخب ہو گئے اور مسلسل اپنے بیانات کے ذریعے یہ ثبوت پیش کررہے ہیں کہ ان کے لاابالی انداز میں اب بھی کوئی کمی نہیں آئی ہے۔ اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو کے ذریعے ٹرمپ سے دوستی اور گاڑی چھننے کے دعوے کے محض ایک ہفتے کے اندر اندر ہی ٹرمپ نے اس دعوے کی دھجیاں بکھیرتے ہوئے یاہو کو پوری دنیا کے سامنے رسوا کردیا ہے۔ ٹرمپ نے نیتن یاہو  کے سب سے بڑے مخالفین اور ناقدین میں سے ایک مشہور ماہر اقتصادیات جیفری ساخس کا ایک ایسا ویڈیو شیئر کردیا جس میں وہ  نیتن یاہو ، اسرائیلی لابی اور اس کے امریکہ میں اثر انداز ہونے کی کوششوں پر شدید تنقیدیں کررہے ہیں۔ اس ویڈیو کے ذریعے ٹرمپ نے یاہو پر دبے الفاظ میں تنقید کی ہے اور یہ بھی  واضح کردیا کہ وہ اس مرتبہ امریکہ کے مفاد کے مطابق ہی دوستی اور دشمنی نبھائیں گے ۔
 ٹرمپ  نے جو ویڈیو شیئر کیا ہے اس میں جیفری ساخس نیتن یاہو کی  شر انگیزی پر تنقیدیں کرتے ہوئے کہہ رہے ہیں کہ نیتن یاہو نے  امریکہ میں موجود اسرائیلی لابی کی مدد سے یہاں کی حکومتوں پر اثر انداز ہونےکی نئی تاریخ مرتب کرلی ہے اور اس کے ذریعے وہ مشرق وسطیٰ کو جہنم بنادینے کے درپے ہیں۔ وہ امریکی  اقتصادیات کی قیمت پر اپنی جنگ لڑ رہے ہیں اور اس پورے خطے کوکبھی نہ ختم ہونے والی جنگوں اور ہتھیاروں کی دوڑ میں ڈھکیل رہے ہیں۔ ویڈیو میں ساخس جو کیمبرج یونین کی تقریب سے خطاب کررہے ہیں،  یہ کہتے ہوئے دیکھے جاسکتے ہیں کہ  نیتن یاہو آج سے نہیں بلکہ ۱۹۹۵ء سے ہی امریکہ میں موجود اسرائیلی اور یہودی لابی کا استعمال کرکے امریکی حکومت کی مشرق وسطیٰ کی پالیسیوں پر اثر انداز ہو رہے ہیں۔ اس لابی کی وجہ سے امریکی  اقتصادیات اور معیشت اب تک اپنے عروج پر نہیں پہنچ سکی ہے۔ اگر امریکہ اس غیر ضروری جنگ میں شامل نہ ہوتا یا اس لابنگ کے زیر اثر نہ آتا تو آج ہم معیشت کے معاملے میں دنیا سے بہت آگے ہوتے ۔ اس وقت چین بھی ہمیں آنکھیں دکھارہا ہے اور روس بھی ہم سے مقابلہ پر اتر آیا ہے محض اس وجہ سے کیوں کہ ہم نے معاشی طور پر مضبوط بنے رہنے کی کوشش نہیں کی ۔ ہم نیتن یاہو کی تھوپی گئی جنگیں لڑرہے ہیں اور انہیں ہر ممکن مدد پہنچارہے ہیں۔
 واضح رہے کہ ڈونالڈ ٹرمپ  اپنے پہلے دور صدارت میں بھی اس طرح کی پوسٹس کرکے دنیا کے دیگر لیڈروں کو  رسوا کرتے رہے ہیں لیکن اس مرتبہ انہوں نے نیتن یاہو کو منتخب کیا جنہوں نے گزشتہ ہفتے ہی ٹرمپ کے ساتھ گہری دوستی اور گاڑھی چھننے کا دعویٰ کیا تھا ۔ ابھی اسرائیلی لابی  اسی پوسٹ کا جشن ہی منارہی تھی کہ ٹرمپ نے اس ویڈیو کو شیئر کرکے ان سبھی کے جذبات پرپانی پھیر دیا ہے۔  حالانکہ اب تک یہ واضح نہیں ہو سکا ہے کہ ٹرمپ نے نیتن یاہو کو نشانہ بنانے والا یہ ویڈیو کس مقصد سے شیئر کیا ہے اور نہ ٹرمپ کی ٹیم کی جانب سے اس کی وضاحت ہوئی ہے اس معاملے میں نیتن یاہو اور ان کے حواریوں نے بھی خاموشی اختیار کررکھی ہے ۔ 
 دریں  اثناء  ۱۰؍ جنوری یعنی آج  ٹرمپ کو ’ہش منی ‘ کیس میں سزا سنائے جانے کا قوی امکان ہے۔ حالانکہ عدالت نے یہ واضح کردیا ہے کہ انہیں جیل کی سزا نہیں دی جائے گی بلکہ صرف جرمانہ عائد کرکے وارننگ دے دی جائے گی لیکن ٹرمپ اسے بھی رکوانےکیلئے امریکی سپریم کورٹ سے رجوع ہوئے ہیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK