• Thu, 06 February, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

ٹرمپ کی یاہو سے میٹنگ ، غزہ پر ’قبضہ‘ کا اعلان، دنیا بھر میں تنقیدیں

Updated: February 05, 2025, 11:03 PM IST | Washington

دعویٰ کیا کہ اس سے مشرق وسطیٰ میں استحکام آئیگا ، غزہ میں اپنی فوج بھیجنے کو بھی خارج از امکان قرار نہیں دیا، کہا کہ ’’فلسطینیوں کو وہاںسے نکل جانا چاہئے‘‘،حماس اور فلسطینی اتھاریٹی کا شدید ردعمل

US President Donald Trump during a joint press conference with Israeli Prime Minister Benjamin Netanyahu. (Photo: PTI)
امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ اسرائیلی وزیر اعظم بنیامین نیتن یاہو کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران ۔(تصویر: پی ٹی آئی )

 امریکہ کے نو منتخب صدر ڈونالڈ ٹرمپ  جب سے اقتدار میں آئے ہیں روزانہ ہی کوئی ا یسا اقدام کردیتے ہیں یا کوئی ایسا بیان دے دیتے ہیں جس کی وجہ سے پوری دنیا میں ہنگامہ برپا ہو جاتا ہے۔ بدھ کو بھی انہوں نے اپنی وہی روش برقرار رکھتے ہوئے جنگ زدہ غزہ سے فلسطینیوں کی نقل مکانی اور وہاں اپنا ’قبضہ‘ کرنے کا اعلان کر دیا۔ ٹرمپ کے اس اعلان کے بعد دنیا بھر میں ایک طوفان برپا ہو گیا ہے۔ حماس اور فلسطینی اتھاریٹی نے تو اس تجویز کو خارج کیا ہی  ساتھ میں ٹرمپ کو شدید تنقیدوں کا نشانہ بھی بنایا ہے۔ساتھ ہی اقوام متحدہ، عرب ممالک اور یہاں تک کہ امریکہ کے اتحادیوں نے بھی امریکی صدر کی تجویز کی سخت الفاظ میں مخالفت کی ہے۔ امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے غزہ پر ’قبضہ‘ کرنے کا اعلان کرتے ہوئے غزہ میں امریکی فوج بھیجنے کو بھی خارج از امکان قرار نہیں دیا۔ واضح رہے کہ یہ تمام کارستانی انہوں نے اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو سے ملاقات کے دوران کی ۔
 ٹرمپ کی پریس کانفرنس 
 واشنگٹن میں اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے ڈونالڈ ٹرمپ نے یہ سنسنی خیز اعلان کیا جس کی وجہ پورے مشرق وسطیٰ میں جیسے ہنگامہ برپا ہو گیا۔ انہوں نے نیتن یاہو کی موجودگی میں کہا کہ امریکہ غزہ پٹی پر قبضہ کر ے گا اسی لئے وہاں رہائش پذیر  فلسطینیوں کو وہ علاقہ فوراً چھوڑ دینا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ ہم اس  علاقے کے مالک ہوں گے اور وہاں موجود تمام خطرناک بموں اور دیگر ہتھیاروں کو ختم کرنے، زمین کو برابر کرنے اور تباہ شدہ عمارتوں سے چھٹکارا حاصل کرنے کے ذمہ دار ہوںگے۔ 
فوج بھیجنے کو بھی تیار 
  عام طور پر ڈونالڈ ٹرمپ جنگوں کے مخالف قرار دئیے جاتے ہیں اور فوج کشی سے گریز کرتے ہیں لیکن اس مرتبہ انہوںنے میڈیا کے اس سوال پر کہ کیا وہ غزہ میں سلامتی کے خلاء کو پر کرنے کے  لئے امریکی فوجی بھیجنے کے لئےتیار ہیں، ٹرمپ نے اس سے انکار نہیں کیااور کہا کہ جہاں تک غزہ کا تعلق ہے، ہم وہ کریں گے جو ضروری ہوگا۔ ٹرمپ نے کہا کہ میں طویل مدتی ملکیت کی حیثیت دیکھتا ہوں اور میں دیکھتا ہوں کہ اس سے مشرق وسطیٰ کے اس حصے اور شاید پورے مشرق وسطیٰ میں زبردست استحکام آئے گا۔ وہاں امن و سکون بھی قائم ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ اس فیصلے کو کسی نے بھی معمولی نہیں سمجھا، میں نے جس کسی سے بھی بات کی ہے اسے یہ خیال پسند آیا ہے کہ امریکہ اس زمین کے ٹکڑے کا مالک ہو، وہ  ترقی کرے اور ہزاروں ملازمتیں پیدا کرے جو شاندار ہوں لیکن  غزہ میں ایک ایسا مستقبل ہوگا جس میں زیادہ تر فلسطینی شامل نہیں ہوں گے۔
نیتن یاہو نے ٹرمپ کو سچا دوست قرار دیا 
 الجزیرہ کے مطابق اس موقع پر اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو نے کہا کہ ٹرمپ کے اقدامات یہودی ریاست اور یہودی عوام کے  لئے دوستی اور حمایت کا ثبوت ہیں۔ نیتن یاہو نے ٹرمپ کو وہائٹ ہاؤس میں اسرائیل کا سب سے بڑا دوست قرار دیا اورکہا کہ اسرائیل کے عوام آپ کا بہت احترام کرتے ہیں۔ انہوں نے بائیڈن انتظامیہ کی جانب سے اسرائیل کے  لئے روکے گئے اسلحے کی فراہمی پر بھی ڈونالڈ ٹرمپ کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے ٹرمپ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل کو اسلحے کی فراہمی اس وقت روکی گئی تھی جب ۷؍ محاذوں پر ہماری بقا کی جنگ جاری تھی لیکن اب ٹرمپ انتظامیہ نے اسے جاری کرکے ہماری بقا کے امکانات کو مزید مضبوط کردیا ہے۔ 
حماس نے شدید مخالفت کی 
 حماس اور فلسطینی شہریوں نے امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے غزہ پر قبضہ کرنے کے اعلان پر سخت رد عمل کا اظہا رکیا ہے۔انہوںنےکہا کہ کچھ بھی ہوجائے، ہم کسی صورت غزہ چھوڑ کر کسی اور مقام پر منتقل نہیں ہوں گے۔ اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق زیادہ تر فلسطینیوں کی طرح غزہ کے جنوبی شہر رفح کے رہائشی حاتم عزام نے امریکی صدرٹرمپ کےبیان پر سخت غم و غصے کا اظہار کیا۔حماس کے ذمہ دار سمیع ابو زہری نےکہا کہ ٹرمپ کا غزہ کو کنٹرول میں لینے کا بیان انتہائی مضحکہ خیز اور فضول ہے۔ان کا کہنا تھا کہ اس طرح کا کوئی بھی خیال خطے میں آگ لگانے کا باعث بن سکتا ہے۔غزہ کی تعمیر نو ہو گی  اور پہلے سے زیادہ مضبوطی کے ساتھ غزہ سامنے آئے گالیکن اس کے لئے فلسطینیوں کے حقوق  سےکوئی سمجھوتہ نہیں ہو سکتا۔اللہ کی مدد سے ہم نے اسرائیل کو شکست دی ہے اور اب یہ عزائم بھی خاک میں ملیں گے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK