امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے بدھ کو غزہ کا ایک اے آئی سے تیار کردہ ویڈیو شیئر کیا جس میں جنگ زدہ خطے کو ایک سیاحتی مقام کے طور پر پیش کیا گیا ہے جس میں ’’ٹرمپ غزہ‘‘ ہوٹل بھی شامل ہے۔
EPAPER
Updated: February 26, 2025, 5:34 PM IST | Washington
امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے بدھ کو غزہ کا ایک اے آئی سے تیار کردہ ویڈیو شیئر کیا جس میں جنگ زدہ خطے کو ایک سیاحتی مقام کے طور پر پیش کیا گیا ہے جس میں ’’ٹرمپ غزہ‘‘ ہوٹل بھی شامل ہے۔
امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے بدھ کو غزہ کا ایک اے آئی سے تیار کردہ ویڈیو شیئر کیا جس میں جنگ زدہ خطے کو ایک ریسورٹ اسٹائل کے مقام کے طور پر پیش کیا گیا ہے جس میں ’’ٹرمپ غزہ‘‘ ہوٹل بھی شامل ہے۔ یہ ویڈیو، جو امریکی صدر نے اپنے ٹروتھ سوشل پلیٹ فارم پر شیئر کی ہے، غزہ کی پٹی کو ایک ساحلی شہر کے طور پر پیش کرتی ہے جس کی گلیاں ٹیسلا گاڑیوں سے بھری ہوئی ہیں اور اس کا نام ’’ٹرمپ غزہ‘‘ رکھا گیا ہے۔
ویڈیو کا آغاز غزہ کے کھنڈرات کے منظر سے ہوتا ہے، جس پر ’’غزہ۲۰۲۵ء‘‘ کی عبارت سبز رنگ میں ظاہر ہوتی ہے، اس کے بعد سرخ، سفید اور نیلے رنگ میں’’ وہاٹ نیکسٹ‘‘ لکھا ہوا ہے۔ ویڈیو میں پھر فلک بوس عمارتوں کے مناظر اور بچوں کو آسمان کی طرف دیکھتے ہوئے دکھایا گیا ہے جبکہ ڈالر کے نوٹ بارش کی طرح برس رہے ہیں۔ ویڈیو میں ٹرمپ کا ایک سنہری مجسمہ گلیوں میں دکھایا گیا ہے اور اے آئی سے تیار کردہ ٹیک ارب پتی ایلون مسک کو کھانا کھاتے ہوئے اور ہوا میں نقد رقم اڑاتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔
ایک بچے کو ڈونالڈ ٹرمپ کے چہرے والا سنہری غبارہ اٹھائے ہوئے دکھایا گیا ہے، اس کے بعد صدر کو ایک خاتون کے ساتھ رقص کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔ ویڈیو کا اختتام ٹرمپ اور اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کو ایک سوئمنگ پول کے قریب آرام دہ کرسی پر بیٹھے ہوئے دکھاتا ہے، جہاں وہ بیچ سوٹ میں مشروبات پی رہے ہیں اور اس تصوراتی شہر میں ’’ٹرمپ غزہ‘‘ لکھا ہوا ہے۔ اسی کے ساتھ پس منظر میں ایک موسیقی کی دھن سنائی دیتی ہے جس کے بول ہیں: ’’ اب کوئی سرنگ نہیں۔ اب کوئی خوف نہیں۔آخر کار ٹرمپ غزہ حاضر ہے۔غزہ تابناک ہے۔ جس کا مستقبل سنہراہے۔ایک نئی روشنی۔ رقص اور دعوت۔ یہ معاہدہ ہوگیا۔ غزہ اول نمبر ہو گیا۔‘‘
واضح رہے کہ امریکی صدر نے اس ماہ کے اوائل میں غزہ کو اپنے قبضے میں لے کر اس کی تعمیر نوکرکے اسے سیاحتی مقام میں تبدیل کرنے اور فلسطینیوں کو کسی دوسری جگہ آباد کرنے کا منصوبہ ظاہر کیا تھا۔ تاہم وائٹ ہاؤس نے اس بات کی وضاحت کی تھی کہ ٹرمپ کا غزہ پرفوج کے ذریعے قبضہ کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔ بلکہ ٹرمپ نے غزہ کی ترقی کا ایک منصوبہ پیش کیا تھا۔