امریکہ کو در پیش ہر مسئلے کو حل کرنے کا بلند بانگ دعویٰ، پہلے ہی دن ۱۰۰؍ سے زائد صدارتی حکم ناموں پر دستخط ہوگی، حامیوں سے کہا کہ ’’آپ کو بہت مزہ آئےگا‘‘
EPAPER
Updated: January 20, 2025, 10:49 PM IST | Washington
امریکہ کو در پیش ہر مسئلے کو حل کرنے کا بلند بانگ دعویٰ، پہلے ہی دن ۱۰۰؍ سے زائد صدارتی حکم ناموں پر دستخط ہوگی، حامیوں سے کہا کہ ’’آپ کو بہت مزہ آئےگا‘‘
۷۸؍ سالہ ڈونالڈ ٹرمپ نےپیر کو امریکہ کے ۴۷؍ ویں صدر کے طور پر عہدہ سنبھالتے ہی ملک کے شہریوں میں امید جگاتے ہوئے ہر مسئلے کو حل کردینے کا بلند بانگ دعویٰ کیا۔ انہوں نے اپنی صدارت کی دوسری میعاد کے پہلے ہی دن ۱۰۰؍ سے زائد حکم نامے جاری کرکے تاریخ رقم کرنے کا بھی عندیہ دیا ہے۔ ٹرمپ نے حلف برداری سے قبل منعقدہ تقریب میں اپنے حامیوںکو اس کا اشارہ دیتے ہوئے کہا کہ ’’آپ کو ٹیلی ویژن ( پر خبریں) دیکھنے میں بہت مزہ آنےوالاہے۔ ٹرمپ نے ’’تاریخی تیزی سے کام کرنے‘‘ کا اعلان کیا ہے۔ امکان ہے کہ عہدہ سنبھالتے ہی وہ غیر قانونی تارکین وطن کی ملک بدری اور دیگر ممالک سے درآمدات پر محصولات میں اضافے کے حکم ناموں پر دستخط کرسکتے ہیں۔
۲۰؍ ہزار سے زائد افراد واشنگٹن پہنچے
موسم کی سختی، غیر معمولی ٹھنڈ، برف باری اور بارش کے امکانات کی بنا پر ڈونالڈٹرمپ کی تقریب حلف برداری کیپٹل ہل پر کھلی فضا میں منعقد نہیں ہوئی بلکہ اس کا انعقاد ’’۱ِن ڈور ‘‘کیپٹل روٹنڈا میں ہوا۔ اتوار سے ہی ٹرمپ کے مہمانوں اور حامیوں نے واشنگٹن ڈی سی پہنچنا شروع کردیا۔ ایک اندازہ کے مطابق تقریب کے پیش نظر ۲۰؍ ہزار سے زائد افراد واشنگٹن میں موجود تھے جہاں سیکوریٹی کا غیر معمولی انتظام کیاگیاتھا۔
چرچ میں حاضری کے بعد۱۲؍ بجے حلف برداری
نومنتخب امریکی صدر نے پیر کو حلف برداری کی تقریب میں شرکت سے قبل اپنے خاندان کے دیگر افراد کے ساتھ واشنگٹن ڈی سی چرچ میں دعائیہ تقریب میں شرکت کی۔ چرچ میں ان کے ساتھ میٹا(فیس بک) کے مالک مارک زکر برگ، امیزون کے مالک جیف بیزوز، گوگل کے سندر پچائی، ایپل کے ٹم کوک اور ایکس کے ایلون مسک بھی تھے۔ اس کے بعد کیپٹل ہل میں ۱۱؍ بجکر ۴۷؍ منٹ پر تقریب حلف برداری کا آغاز ہوا۔ جس وقت تقریب حلف برداری کا آغاز ہوا،واشنگٹن میں درجہ حرارت منفی ۳؍ ڈگری تھا۔ جب وہ تقریب حلف برداری کیلئے کیپٹل ہل پہنچے تو رخصت پزیر صدر جو بائیڈن نے ان کا خیر مقدم کیا۔
۱۰۰؍ سے زائد صدارتی حکم ناموں پر دستخط متوقع
امید کی جارہی ہے کہ حلف برداری کے فوراً بعد ڈونالڈ ٹرمپ وہائٹ ہاؤس سے چند میل کی دوری پر واقع کیپٹل وَن ارینا میں اپنے ۲۰؍ ہزار سے زائد حامیوں کی موجودگی میں صدارتی حکم ناموں پر دستخط کرکے اپنے ووٹرس میں جوش بھرنے کی کوشش کریں گے۔ اندیشہ ہے کہ عہدہ سنبھالتے ہی وہ امریکہ اور میکسیکوکی سرحد پر ایمرجنسی کے نفاذ کا اعلان کرتے ہوئے سرحد کو سیل کرنے کا حکم جاری کریں گے۔
بائیڈن کے فیصلوں کو بدلنےکا اعلان
ریپبلکن پارٹی کے لیڈر ڈونالڈ ٹرمپ نے حلف برداری کی تقریب سے قبل اتوار کو واشنگٹن کے کیپٹل ون ارینا میں اپنے ہزاروں حامیوں کی ایک پرجوش ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’’ہم اپنے ملک کو ہمیشہ سے زیادہ عظیم بنائیں گے۔‘‘ امریکہ کے ۴۷؍ ویں صدر نے مزید کہا کہ ’’کل سے میں تاریخی تیزی اور طاقت کے ساتھ کام کروں گا اور امریکہ کو درپیش ہر مسئلے کو حل کروںگا۔‘‘ا س کے ساتھ ہی انہوں نے بائیڈن کی پالیسیوں کو بدلنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ’’بائیڈن انتظامیہ کا ہر بنیاد پرست اور احمقانہ حکم کو چند گھنٹوں میں منسوخ کردیا جائےگا۔ آپ لوگوں کو ٹی وی دیکھنے میں بہت مزہ آنےوالا ہے۔ ‘‘ پہلے ہی دن کئی صدارتی حکمانوں پر دستخط کے حوالے سے ڈونالڈ ٹرمپ نے کہا کہ ’’کوئی مجھ سے کل کہہ رہاتھا کہ ایک ہی دن میں اتنے سارے حکم ناموں پر دستخط نہ کرو، ہفتے بھر میں کرتے ہیں مگرمیرا جواب تھا کہ نہیں کل ہی کریں گے۔‘‘
’’ امریکہ کا زوال رُک جائےگا‘‘
ریپبلکن لیڈر نے اتوار کو اپنی جیت کی ریلی میں اپنے حامیوں سے کہاکہ’’۴؍سال کے طویل عرصے کے بعد امریکی زوال رک جائے گا اور ہم امریکی طاقت اور خوشحالی، وقار اور فخر کے ایک نئے باب کا آغاز کریں گے ۔ٹرمپ نے بتایا کہ وہ جن ایگزیکٹو آرڈرز پر دستخط کریں گے ان میں سرحدی سلامتی، توانائی، وفاقی حکومت کے اخراجات، مختصر ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم ٹک ٹاک اور ڈی ای آئی پروگرام جیسے شعبوں کا احاطہ کیا جائے گا۔
غزہ جنگ بندی کا سہرا اپنے سر باندھا
ڈونالڈ ٹرمپ نے غزہ میں جنگ بندی کا سہرا بھی اپنے سر باندھا اور کہا کہ ’’میرے عہدہ سنبھالنے سے قبل ہی وہ ہوگیا جس کی لوگ توقع نہیں کررہے تھے۔ہر کوئی اسے ٹرمپ کاا ثر کہہ رہا ہے۔‘‘ اس کے ساتھ ہی انہوں نے یوکرین میں جنگ روکنے کا بھی وعدہ کیا ۔