• Fri, 21 February, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

ٹرمپ کے غزہ منصوبے کی یہودی علماء وشخصیات نےمذمت کی

Updated: February 15, 2025, 2:21 PM IST | Agency | New York

نیویارک ٹائمز میں اشتہاردے کر امریکی صدر کے منصوبے کو ببانگ دہل نسل کشی قرار دیا۔

Picture: INN
تصویر: آئی این این

 امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے غزہ سے فلسطینیوں کی بے دخلی کے بیان کی عالمی سطح پر مذمت ہورہی ہے۔ اب یہودی علماء(ربیوں) اور سرکردہ شخصیات نے نیویارک ٹائمز کے پورے صفحے کے اشتہار میں ٹرمپ کے غزہ منصوبے کی مذمت کی ہے۔۳۵۰؍  سے زیادہ ربیوں اور درجنوں یہودی تخلیق کاروں اور کارکنوں نے نیویارک  ٹائمز میں ایک پورے صفحے کے اشتہار پر دستخط کیے ہیں جس میں غزہ پٹی سے فلسطینیوں کو جبری انخلا کے لئے  ٹرمپ کی تجویز کی مذمت کی گئی ہے۔ اشتہار  کے دستخط کنندگان میں کنزرویٹو، آرتھوڈوکس، ریفارم، ری کنسٹرکشنسٹ،   کلیسیا، کیمپس، اسپتالوں، ربینیکل مدرسوں، اور امریکہ اور اسرائیل میں  کمیونٹی تنظیموں میں کام کرنے والی تجدید تحریک کے ربی شامل ہیں۔ اس  اشتہار میں متنوع یہودی فرقوں کے دستخط کنندگان اور ڈرامہ نگار ٹونی کشنر،  مزاح نگار اور اداکار الانا گلیزر اور بہترین اداکارکا  آسکرایوارڈ  جیتنے والے  جوکوئن فینکس جیسی قابل ذکر شخصیات کو شامل کیا گیا ہے۔ دستخط کنندگان  نے تاریخی مماثلتوں اور اخلاقی تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے فلسطینیوں کو بے  گھر کرنے والے کسی بھی منصوبے کی اخلاقی مخالفت پر زور دیا۔انہوں نے  کہا کہ فلسطینیوں کے لئے  ہمارا پیغام یہ ہے کہ آپ اکیلے نہیں ہیں، ہماری  توجہ نہیں ہٹی ہے اور ہم غزہ میں نسل کشی کو روکنے کے لئے  ہر سانس کے  ساتھ لڑنے کے لئے  پرعزم ہیں۔

فلسطینی اپنی سر زمین پر رہیں،جبری نقل مکانی غلط روش ہوگی :ویٹی کن

کارڈینل پیٹرو پارولن۔ تصویر:آئی این این
ویٹی کن کے سیکریٹری آف اسٹیٹ کارڈینل پیٹرو  پارولین نے کہا ہے کہ فلسطینی عوام کو اپنی سرزمین پر ہی رہنا چاہیے اور  انہیں زبردستی بے گھر نہیں کیا جانا چاہیے۔ اٹلی اور ویٹی کن سٹی ریاست  کے درمیان تعلقات کو منظم کرنے والے۱۹۲۹ء کے لیٹرن معاہدے کی۹۶؍ ویں سالگرہ  کے موقع پر روایتی طور پر ویٹی کن میں اطالوی سفارت خانے  بورومیو پیلس میں  اعلیٰ سطحی سیاسی مشاورت کا انعقاد کیا گیا  ۔ امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی  جانب سے غزہ میں فلسطینیوں کی جبری نقل مکانی کے خیال کے بارے میں جب  ویٹی کن کے سیکریٹری آف اسٹیٹ کارڈینل پیٹرو پارولن سے ان کی رائے کے بارے  میں پوچھا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ فلسطینی عوام کو اپنی سرزمین پر رہنا  چاہیے۔ یہ ویٹی کن کے بنیادی اصولوں میں سے ایک ہے، کسی بھی طرح سے جبری نقل  مکانی نہیں ہونی چاہیے۔ کارڈنل پیرولن نے کہا کہ ٹرمپ کی تجویز غیر منطقی ہے اور کہا کہ ہمسایہ ممالک  اسے اچھی پیشکش بھی نہیں سمجھتے۔ مثال  کے طور پر ہم نے حال ہی میں اردن کے شاہ کو واضح طور پر `نہیں کہتے ہوئے  سنا ہے۔ ایک حل تلاش کرنے کی ضرورت ہے، اور ہماری رائے میں بہترین حل دو  ریاستی فارمولہ ہے کیونکہ اس کا مطلب لوگوں کو امید دینا بھی ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK