سابق صدور بائیڈن، اوبامہ، بش، کلنٹن اور ان کی بیویاں موجود ہوں گی۔ نیتن یاہو کی جگہ ان کی بیوی اور بیٹےکو مدعو کیا گیا۔
EPAPER
Updated: January 20, 2025, 11:40 AM IST | Washington
سابق صدور بائیڈن، اوبامہ، بش، کلنٹن اور ان کی بیویاں موجود ہوں گی۔ نیتن یاہو کی جگہ ان کی بیوی اور بیٹےکو مدعو کیا گیا۔
پیر(آج) کو امریکی صدر کے طور پر ٹرمپ کے حلف برداری کی تقریبات پر۲۰۰؍ملین ڈالرسے زیادہ لاگت آئے گی۔ اس تقریب میں سابق صدور بائیڈن، اوبامہ، بش اور کلنٹن اور ان کی بیویاں موجود ہوں گی۔ جن غیر ملکی سربراہوں کو مدعو کیا گیا ہے ان میں نیتن یاہو کو شامل نہیں کیا گیا بلکہ ان کی جگہ ان کی بیوی سارہ اور بیٹے یائر کو مدعو کیا گیا ہے۔ یہ دونوں میامی میں موجود ہیں۔ تاہم ان دونوں کی حاضری کی تصدیق نہیں ہوسکی ہے۔ کئی امریکی میڈیا آؤٹ لیٹس نے تقریب کی تفصیلات بتائی ہیں۔
اتوار کو واشنگٹن کے سینٹ جان چرچ میں صبح کی روایتی دعا کے ساتھ تقریب شروع ہوگی۔ اس کے بعد نو منتخب صدرٹرمپ اور ان کی اہلیہ میلانیا صدر جو بائیڈن اور ان کی اہلیہ جِل کے ساتھ گھر میں چائے پینے کیلئے شریک ہوں گی۔
مقامی وقت کے مطابق دوپہر کو ٹرمپ کے نائب جے ڈی وینس کیپیٹل کی عمارت میں سپریم کورٹ کے چیف جسٹس جان رابرٹس کے سامنے آئینی حلف اٹھا ئیں گے۔ اس کے بعد ٹرمپ نے اپنا بایاں ہاتھ صدر ابراہم لنکن کی بائبل کی کاپی پر رکھ کر حلف لیں گے۔ یہ کاپی وہ ہے جسے۱۸۶۱ء میں ریاستہائے متحدہ کے سولہویں صدر نے اپنے افتتاح کے دوران استعمال کیا تھا۔ ٹرمپ نے اسے۲۰۱۷ء میں بھی استعمال کیا تھا اور اوباما نے اسے اپنے افتتاح کے دوران استعمال کیا تھا۔ اس کے بعد ٹرمپ افتتاحی تقریر کریں گے۔
ہر منتخب صدر نے اپنی اپنی افتتاحی تقریر کا دورانیہ الگ رکھا ہے۔ پہلے صدر جارج واشنگٹن نے مختصر ترین تقریر کی تھی۔ یہ۱۳۵؍ الفاظ کی تقریر تھی۔ ولیم ہنری ہیریسن کے پاس سب سے طویل تقریر کا ریکارڈ ہے۔ العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق یہ تقریر۸؍ہزار ۴۴۵؍ الفاظ پر مشتمل تھی۔
تقریب کے پلیٹ فارم میں ٹیکنالوجی سے متعلق بڑے نام بھی شامل ہوں گے۔ ایلون مسک، مارک زکربرگ، اور جیف بیزوس، ٹم کک، سندر پچائی، شوزی چیو مہمانوں کی فہرست میں شامل ہیں۔
حسب روایت افتتاحی تقریب میں مذہبی رہنماؤں کی موجودگی ہوگی۔ پہلی مرتبہ ایک امام، ایک پادری اور ایک ربی حاضرین سے خطاب کیلئے شامل ہوں گے۔ ٹرمپ نے تقریب میں تقریر کرنے کیلئے ڈیئربورن، مشی گن سے امام ہشام الحسینی کا انتخاب کیا ہے۔ ہشام الحسینی عراقی نژاد امریکی کمیونٹی کے ترجمان اور اسرائیل مخالف بیانات دینے کے حوالے سے معروف ہیں۔