• Sun, 22 December, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

’’اقوام متحدہ موجودہ مسائل کے حل میں قائدانہ کردار سنبھالنے سے قاصر ہے‘‘

Updated: September 25, 2024, 1:05 PM IST | Agency | New York

اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے ’سمٹ برائے مستقبل ‘ سے خطاب میں ترک وزیرخارجہ نےبڑھتے اسلاموفوبیا اور اسے روکنے میں ناکامی پر توجہ دلائی۔

Turkish Foreign Minister Hakan Fidan. Photo: INN
ترک وزیر خارجہ خاقان فیدان۔ تصویر : آئی این این

ترکی کے وزیر خارجہ خاقان فیدان نے کہا ہے، ’’اقوام متحدہ بڑھتے ہوئے خطرات کے خلاف قیادت کا کردار سنبھالنے سے قاصر ہے۔ ہمیں عالمی مسائل کے مشترکہ حل کے لئے کسی موثر ڈھانچے کی ضرورت ہے۔ ‘‘ خاقان فیدان نے اقوام متحدہ کی۷۹؍ویں جنرل اسمبلی کے دائرہ عمل میں منعقدہ ’سمٹ برائے مستقبل ‘ سے خطاب کیا۔ عالمی برادری اور اقوام متحدہ کے ایک’تاریخی امتحان‘ سے گزرنے کا ذکر کرتے ہوئے فیدان نے کہا کہ ان کی بحرانوں اور تنازعات کا حل تلاش کرنے کی صلاحیت میں فقدان کا مشاہدہ ہو رہا ہے۔ فیدان نے نشاندہی کی کہ عالمی عدم مساوات اور ناانصافیوں میں اضافہ ہو رہا ہے اور یہ اسلامو فوبیا اور زینو فوبیا کے بیج بو رہے ہیں۔ ’’اقوام متحدہ بڑھتے ہوئے خطرات کے خلاف قائدانہ کردار کا مظاہرہ کرنے سے قاصر ہے۔ عالمی مسائل کے مشترکہ حل کیلئے ایک موثر ڈھانچے کی ضرورت ہے اور یہ ڈھانچہ زیادہ جامع اور کثیرالجہتی ہونا چاہیے۔ 

یہ بھی پڑھئے:لبنان: اسرائیلی بہیمانہ حملوں میں شدید جانی و مالی نقصان، حزب اللہ کی جوابی کارروائی

وزیر خارجہ نے کہا کہ اقوام متحدہ اور خاص طور پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں جامع اصلاحات کی ضرورت ہے۔ ’’دنیا۵؍ سے بڑی ہے۔ ‘‘ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ میں فیصلہ سازی کے طریقہ کار کو زیادہ جمہوری بنایا جانا چاہیے اور قطب پذیری کا سد باب کرنے کے لیے کوئی میکانزم تشکیل دیا جائے۔ فیدان نے زور دیا کہ ’’بین الاقوامی امن اور سلامتی کو محدود تعداد میں ممالک پر مشتمل `مراعات یافتہ گروپ کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑا جا سکتا۔ ‘‘ بین الاقوامی مالیاتی ڈھانچے میں اصلاحات کی ضرورت پر بھی زور دیتے ہوئے فیدان نے کہا کہ صرف اسی طریقے سے پائیدار ترقی کے اہداف حاصل کیے جا سکتے ہیں۔ ترک وزیر نے کہا کہ ترکی ان مقاصد کے حصول کیلئے ہر پلیٹ فارم پر کوششیں جاری رکھے گا۔ 

اقوام متحدہ کے اجلاس میں سعودی وزیر خارجہ نے  عالمی ادارہ میں اصلاحات کا مطالبہ کیا 
سعودی عرب کے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے اقوام متحدہ میں اصلاحات کا مطالبہ کر دیا ہے۔ تفصیلات  کے مطابق پیر کے روز شہزادہ فیصل بن فرحان نے یو این فیوچر سمٹ سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ منصفانہ اور زیادہ مساوی عالمی نظام کے قیام کے لیے  اقوام متحدہ کے نظام میں اصلاح کی جانی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ فلسطین میں انسانی تباہی پر اسرائیل کو جواب دہ نہ ٹھہرایا جانا عالمی اداروں کی  نااہلی ہے، اس تنازع کو ختم کرنے کے لیے کوئی اقدامات نہیں کیے گئے، بہتر مستقبل کیلئے اقوام متحدہ کے نظام میں اصلاحات ایک فوری ضرورت بن گئی ہیں۔ اقوام  متحدہ کے رکن ممالک نے ایک دن قبل ’’مستقبل کیلئے معاہدہ‘‘ کے حق میں ووٹ  دیا تھا، اس حوالے سے انھوں نے کہا کہ سعودی عرب نے اس معاہدے پر مذاکرات  میں حصہ لینے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی، ان شرکا کا شکریہ جنھوں نے حتمی  معاہدے کی دستاویز پر شدید بحث کے دوران سعودی عرب کے ساتھ تعاون کیا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK