بجلی پیدا کرنے کیلئے کوئلہ پر انحصار کم کرنے کیلئے پروجیکٹ کا منصوبہ،بجلی کی بڑھتی مانگ پر قابو پانے کی کوشش
EPAPER
Updated: November 14, 2023, 9:04 AM IST | Mumbai
بجلی پیدا کرنے کیلئے کوئلہ پر انحصار کم کرنے کیلئے پروجیکٹ کا منصوبہ،بجلی کی بڑھتی مانگ پر قابو پانے کی کوشش
ممبئی میں شمسی توانائی سے بجلی پیدا کرنے کے پروجیکٹ کیلئے ایک درجن کمپنیاں آگے آئی ہیں۔ واضح رہے کہ تکنیکی اڑچن کی وجہ سے کوئی کمپنی اس پروجیکٹ کے لئے آگے نہیں آرہی تھی جس کی وجہ سے ۲؍ مرتبہ ٹینڈر کی تاریخ میں توسیع کی گئی ہے۔کوئلہ سے پیدا ہونے والی بجلی پر انحصار کو کم کرنے کیلئے شمسی توانائی سے بجلی پیدا کرنے کے پروجیکٹ کا منصوبہ تیار کیا گیا ہے۔
اس تعلق سے جو حتمی ٹینڈر جاری کیا گیا ہے اس کے مطابق جس کمپنی کو ٹھیکہ ملے گا اس کی ذمہ داریوں میں شمسی توانائی کے پروجیکٹ کا ڈیزائن تیار کرنا، انجینئرنگ سے جڑے کام، مصنوعات کا انتظام، بجلی کی پیداوار، بجلی فراہمی، دیکھ ریکھ، تعمیر، جانچ اور پروجیکٹ کے دیگر تمام کام مکمل کرنا ہوں گے۔شرائط کے مطابق ان پروجیکٹ کو ریاست میں کسی بھی جگہ تعمیر کرنے کی ذمہ داری دی جائے گی اور ان میں کم از کم ۵۰؍ میگاواٹ اور زیادہ سے زیادہ ۳۰۰؍ میگا واٹ بجلی پیدا کرنے کی قوت ہونی چاہئے۔
اس پروجیکٹ کے ٹینڈر کی چند شرائط کی وجہ سے کمپنیاں اس میں شرکت نہیں کررہی تھیں۔ البتہ اس پروجیکٹ کیلئے ابتدائی میٹنگ میں ۱۲؍ کمپنیوں نے شرکت کی اور حکومت کو درپیش مسائل سے آگاہ کرتے ہوئے ٹینڈر کی تاریخ میں توسیع کرنے کی تحریری درخواست دی تھی جس کی وجہ سے ٹینڈر کی تاریخ کو ۳۱؍ اکتوبرسے بدل کر ۶؍ نومبر کردیا گیا تھا۔ اس دوران مزید چند کمپنیوں نے ٹینڈر میں حصہ لینے کی خواہش ظاہر کی تھی جس پر ٹینڈر کی تاریخ میں مزید توسیع کرکے اسے ۱۷؍ نومبر کردیا گیا۔فی الحال سرکاری کمپنی ۱۳؍ہزار میگا واٹ بجلی پیدا کرتی ہے جس میں سے ۹؍ ہزار میگاواٹ بجلی تھرمل پاور سے پیدا کی جاتی ہے اور تقریباً ۲؍ہزار میگا واٹ بجلی پانی سے پیدا کی جاتی ہے۔ البتہ ہر گزرتے دن کے ساتھ ریاست میں بجلی کی مانگ میں اضافہ ہورہا ہے اور مزیدبجلی پیدا کرنے کیلئے کوئلہ پر انحصار نہ کرنا پڑے اس لئے اب شمسی توانائی سے بجلی پیدا کرنے کے انتظامات کئے جارہے ہیں۔البتہ شمسی توانائی کے پروجیکٹ سےپیدا ہونے والی بجلی صرف سرکار کو فروخت کرنے کی اجازت ہوگی۔