• Sat, 22 February, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

ٹرانزٹ کیمپ میں برسوں سے مقیم ۲۶۵؍مکینوں کو مکانات ملنے کا امکان

Updated: December 27, 2023, 7:09 AM IST | Saadat Khan | Mumbai

مہاڈا کی ماسٹرلسٹ کیلئے کمپیوٹرائزڈ قرعہ اندازی کل متوقع۔ مہاڈاکوکن ڈویژن کے ۵؍ہزار۳۱۱؍مکانات کی قرعہ اندازی ملتوی کئے جانے سے درخواست دہندگان میں مایوسی۔

Dharavi`s PMGP Colony where residents of ancient buildings of the city are temporarily living. Photo: Inquilab
دھاراوی کی پی ایم جی پی کالونی جہاں شہر کی قدیم عمارتوں کے مکین عارضی طورپر مقیم ہیں۔ تصویر:انقلاب

مہاڈا کے ممبئی بلڈنگ ریپیئر اینڈ ری کنسٹرکشن بورڈ کے دائرہ اختیارمیں آنے والی  قدیم خستہ حال  (سیس )  عمارتوںکے مکینوں کیلئے طویل مدت کے بعد `ماسٹر لسٹ کیلئے جمعرات ۲۸؍ دسمبر(کل) کی دوپہر ایک بجے باندرہ میں مہاڈا کے دفتر میں کمپیوٹرائزڈ قرعہ اندازی کی جائے گی۔ مہاڈانے دعویٰ کیا کہ اس قرعہ اندازی کی وجہ سے `ماسٹر لسٹ میں مکانات کی تقسیم شفاف طریقہ سے ہوگی۔ اس کیلئے۴۰۰؍مکانات دستیاب ہیں۔ اس قرعہ اندازی سے مہاڈا ٹرانزٹ کیمپ میں برسوں سے رہائش پزیر ۲۶۵؍ مکینوں کا مکانات ملنے کاخواب پورا ہوگا۔ دوسری طرف مہاڈا کوکن ڈویژن کے ۵؍ ہزار ۳۱۱؍ مکانات کی قرعہ اندازی ۱۳؍دسمبر کوہونی تھی لیکن تکنیکی دشواریوں کی وجہ سے اب تک قرعہ اندازی نہ ہونے سے درخواست گزاروں میں مایوسی پائی جارہی ہے۔
ماضی میں ’سیس ‘عمارتوں کی `ماسٹر لسٹ میں مکانات کی تقسیم کے معاملے پر تنازعات کھڑے ہو چکے ہیں۔ اکثر یہ الزام لگایا جاتا ہے کہ ان مکانات کی تقسیم کے نظام میں بدعنوانی کی جارہی ہے اور دلالوں کی ملی بھگت کی وجہ سے اہل مکینوں کو مکانات کا حصول مشکل ہو گیا ہے۔ اس لئے توقع ہے کہ جمعرات (کل) کو ہونے والی قرعہ اندازی مکینوں کیلئے راحت کا باعث بنے گی۔
 واضح رہے کہ ممبئی بلڈنگ ریپیئر اینڈ ری کنسٹرکشن بورڈ کے دائرہ اختیار میں آنے والی قدیم خستہ حال عمارتوں کے مکینوں کو نوٹس دے کر عمارتیں خالی کروائی گئی تھیں۔ تنگ پلاٹ، ریزرویشن اور سڑک کشادہ کرنے جیسے منصوبوں کی وجہ سے ان کی اصل عمارتوں کی ازسرنوتعمیر نہیں کی گئی  ہے۔ 
ماسٹر لسٹ میں ۴۰۰؍مکانات دستیاب 
 مہاڈا کی طرف سے جاری کردہ اطلاع کےمطابق ماسٹرلسٹ کیلئے ۴۰۰؍ مکانات دستیاب ہیں جبکہ اس کیلئے اہل درخواست دہندگان کی تعداد ۲۶۵؍ہے۔ `ماسٹر لسٹ میں شامل مکینوں کو جلد از جلد مکانات دستیاب کرائے جائیں،یہ مسئلہ کئی برسوں سے حل نہیں ہوسکا ہے۔ 
قرعہ اندازی کے بعد کیا؟
کمپیوٹرائزڈ قرعہ اندازی میں مکینوں کی اہلیت کا تعین کرنے کے بعد قرعہ اندازی میں مکانات پانے کا اعلان ہونے کے بعد اگر درخواست گزار مکان کو مسترد کردیتا ہے تو `ماسٹر لسٹ سے اس کا حق ختم کر دیا جائے گا۔ کمپیوٹرائزڈ قرعہ اندازی کے بعد درخواست دہندہ کو ۱۵؍ دفتری دنوں کے اندر ڈپٹی چیف آفیسرکے پاس قبولیت کا خط جمع کروانا ہوگا۔ اگر اس دوران یہ خط جمع نہیں کرایا جاتا ہے تومکین کو مکان میں دلچسپی نہیں ہے، ایسا تصور کیا جائے گا اور`ماسٹر لسٹ سے اس کا حق ختم کر دیا جائے گا۔
مکانات کے الاٹمنٹ کا معیار
 خستہ حال یا قدیم ’سیس‘ عمارتوں کے مکینوں کومہاڈا کے ٹرانزٹ کیمپ میں منتقل کیا جاتا ہے۔ جیسے ہی عمارت دوبارہ تیار ہوتی ہے، متعلقہ مکین اس عمارت  میں چلے جاتے  ہیں   ساتھ ہی کچھ  مکین ایسے بھی ہیں جن کی عمارتیں برسوں سے دوبارہ تعمیر نہیں ہوسکی ہیں یا مستقبل میں ازسرنو تعمیر کا کوئی منصوبہ نہیں ہے۔ ایسے مکینوں کو ٹرانزٹ کیمپوں میں رہنا پڑتا ہے۔ آج بھی وہ ۳۰، ​​۴۰؍سال سے ٹرانزٹ کیمپوں میں مقیم ہیں۔  
مہاڈا کوکن ڈویژن میں۵؍ہزار ۳۱۱؍مکانات میں سے۲؍ہزار ۹۷۰؍ مکانات کی قرعہ اندازی ۱۳؍دسمبر کو ہونی تھی لیکن اچانک   انتظامی وجوہات کی بنا پراسے ملتوی کر دیا گیا تھا۔ چونکہ ابھی قرعہ اندازی کی نئی تاریخ کا اعلان نہیں کیا گیا ہے اس لئے اہل درخواست گزاروں میں مایوسی پائی جارہی ہے۔تقریباً ۲۴؍ہزار درخواست دہندگان اس قرعہ اندازی کی تاریخ کا انتظار کر رہے ہیں۔
تاخیر کی وجہ کیا ہے؟
 ذرائع کے مطابق بورڈ نے وزیراعلیٰ ایکناتھ شندے، نائب وزرائے اعلیٰ دیویندر فرنویس اور اجیت پوار کے ہاتھوں قرعہ اندازی کرنے کا فیصلہ کیا ہے لیکن ایسا  بتایا جارہا کہ وزیر اعلیٰ اور نائب وزرائے اعلیٰ کاوقت نہ ملنے سے قرعہ اندازی کا عمل رک گیا ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK