Inquilab Logo Happiest Places to Work

کشمیر سے مہاراشٹر کےمزید ۲۳۲؍ باشندوں کو واپس لایا گیا،مجموعی طور پر۵؍ سو سے زائد افراد کی واپسی

Updated: April 25, 2025, 10:17 PM IST | Mumbai

کشمیر میں پہلگام حملے کے بعد وہاں پھنسے ہوئے مہاراشٹر کے باشندوں کو واپس لانے کا سلسلہ جاری ہے۔ ایک روز قبل تک مجموعی طور پر ۲؍ بار میں ۲۸۳؍ افراد کو واپس لایا گیا تھا

Tourists returning from Kashmir look happy
کشمیر سے لوٹے سیاح خوش نظر آ رہے ہیں

کشمیر میں پہلگام حملے کے بعد وہاں پھنسے ہوئے مہاراشٹر کے باشندوں کو واپس لانے کا سلسلہ جاری ہے۔  ایک روز قبل تک مجموعی طور پر ۲؍ بار میں  ۲۸۳؍ افراد کو واپس لایا گیا تھا۔ جمعہ کے روز مزید ۲۳۲؍ افراد کو ممبئی لایا گیا۔ اس کی اطلاع خود وزیر اعلیٰ نے ٹویٹ کے ذریعے دی۔ اس طرح  اب تک ۵؍ سو سے زائد افراد کشمیر سے واپس لائےجا چکے ہیں جو وہاں سیاحت کیلئے گئے تھے۔ 
 واضح رہے کہ پہلگام حملے کے بعد سے وزیر اعلیٰ دیویندر فرنویس روزنہ ٹویٹ کرکے کشمیر میںپھنسے مہاراشٹرین باشندوں کو واپس لانے سے متعلق معلومات فراہم کر رہے ہیں۔ جمعہ کو بھی انہوں نے ایک ٹویٹ کیا جس میں بتایا کہ  ’’  آج دوپہر انڈیگو کا تیسرا خصوصی طیارہ ۲۳۲؍ مسافروں کو لے کر سری نگر سے روانہ ہوا ہے جو دوپہر تک ممبئی پہنچے گا۔ کل (جمعرات) کو  ۲؍ خصوصی طیاروں کے ذریعے  ۱۸۴؍ افراد ممبئی پہنچے تھے۔  اس طرح اب تک (تقریباً) ۵۰۰؍ سیاح مہاراشٹر لوٹ چکے ہیں۔  وزیر اعلیٰ نے  ان  ۲۳۲؍ افراد کے ناموں کی فہرست بھی  اس ٹویٹ  کے ساتھ شیئر کی۔
 یاد رہے کہ بدھ کی رات نائب وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے کشمیر روانہ ہوئے تھے جہاں انہوں نے سرکاری  طور پر  ان لوگوں کو مہاراشٹر واپس بھیجنے کا انتظام کروایا جو کشمیر سیاحت کیلئے گئے تھے لیکن پہلگام حملے کے بعد وہیں پھنسے رہ گئے۔    ایکناتھ شندے نے وہاں ان سیاحوں سے ملاقات کی اور انہیں یقین دلایا کہ وہ یہاں نائب وزیر اعلیٰ کی حیثیت سے نہیں آئے ہیں بلکہ  ان کے ( سیاحوں کے) مہاراشٹرین ساتھی کی حیثیت سے ان کی مدد کرنے آئے ہیں۔ 
  یاد رہے کہ کشمیر میں سیاحت کی غرض سے گئے سیاحوں کی تعداد سیکڑوں میں ہے۔ ان میں رتناگیری، کولہاپور، بلڈانہ  اور رائے گڑھ کے علاوہ ممبئی کے بھی کچھ لوگ شامل ہیں۔ حکومت نے اب تک ۱۸۳؍ پھر  ۱۰۰؍ اس کے بعد ۲۳۲؍ افراد کو واپس لانے کی اطلاع دی ہے اس طرح ۵۱۵؍ افراد کے واپس آنے کی تصدیق ہو چکی ہے۔ البتہ اب بھی کئی افراد کشمیر  میں ہو سکتے ہیں۔ ایکناتھ شندے جمعہ کے روز کشمیر سے لوٹ آئے ہیں حالانکہ حکومت نے  اب تک مہاراشٹر کے باشندوں کو واپس لانے کے مشن کی تکمیل کا کوئی اعلان نہیں کیا ہے۔ شندے نے جمعہ کو ممبئی میں ایک سرکاری تقریب میں شرکت بھی کی۔ دراصل حکومت کی دی گئی ہیلپ لائن یا واٹس ایپ پر جو افراد  رابطہ کر رہے ہیں انہیں واپس لانے  کا انتظام کیا جا رہا ہے لیکن کئی لوگ ایسے بھی ہوں گے جن کے تعلق سے ممکن ہے کہ اب تک کوئی اطلاع نہیں ملی ہو۔ حکومت نے اپیل کی ہے کہ وہ دی گئی ہیلپ لائن پر رابطہ کریں یا مہاراشٹر میں اگر کچھ لوگ جانتے ہوں کہ ان کے عزیز واقارب کشمیر میں موجود ہیں تو اس کی اطلاع حکومت کے وار روم تک پہنچائیں تاکہ انہیں واپس لانے کا انتظام کیا جا سکے۔ 
  جمعہ کے رو ز واپس آئے سیاحوں کا ممبئی ایئر پورٹ پر خیر مقدم کیا گیا اس کے بعد انہیں ایس ٹی کی شیونیری بس کے ذریعے ان کے گھروں تک پہنچانے کا نظم کیا گیا۔  یاد رہے کہ گزشتہ منگل کے روز کشمیر کے پہلگام علاقے میں دہشت گردوں نے اچانک سیاحوں پر حملہ کر دیا تھا جس میں ۲۸؍ لوگ مارے گئے تھے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK