• Fri, 18 October, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

سمردھی ہائی وے پر ۲؍ اندوہناک حادثات، مجموعی طور پر ۸؍ افراد ہلاک

Updated: June 30, 2024, 10:38 AM IST | Ali Imran | Nagpur

بلڈانہ کے قریب ۲؍ کاروںکی ٹکر میں ۷؍ افراد موقع ہی پر فوت ہو گئے، ناگپور میں اسی طرح کے حادثے میں ایک سرکاری ملازم کی موت۔

Condition of the car involved in the accident. Photo: PTI
حادثے کا شکار ہونے والی کار کی حالت۔ تصویر: پی ٹی آئی

ناگپور۔ممبئی سمرودھی ہائی وے پر تیز رفتاری کی وجہ سے حادثات کا سلسلہ جاری ہے۔جمعہ کی شام اور دیر رات  یہاں ۲؍ حادثات پیش آئے۔ ایک بلڈانہ کے قریب تو دوسرا ناگپور کے پاس۔
  اطلاع کے مطابق  جمعہ کی دیر رات بلڈانہ کے قریب دو تیز رفتار کاروں کے درمیان خوفناک تصادم میں  ۷؍افراد کی موقع پر ہی موت ہو گئی جبکہ چار افراد زخمی ہو ئے ہیں جن میں سے تین کی حالت نازک بتائی جارہی ہے۔ ایک ارٹیگا کار ناگپور سے ممبئی جارہی تھی، جبکہ کچھ لوگ اپنی سویفٹ کار میں بلڈانہ ضلع کے دیولگاؤں راجہ تحصیل سے سفر پر نکلے تھے۔ اس دوران دونوں کاروں کے درمیان زبردست تصادم ہوا۔ حادثہ اتنا خوفناک تھا کہ دونوں کاروں میں سوار ۷؍ افراد موقع پر ہی دم توڑ گئے۔ جبکہ چار دیگر افراد زخمی   ہیں۔   اطلاع ملتے ہی پولیس مدد کیلئے پہنچی اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا لیکن ایک زخمی  کی راستے ہی  میں  موت ہوگئی، جبکہ دیگر ۳؍ لوگوں کی حالت نازک ہونے کی وجہ سے انہیں   اورنگ آباد کے سرکاری اسپتال لے جایا گیا۔ حادثے کے بعد ہائی وے پر ٹریفک کچھ دیر کیلئے روکنا پڑا۔ پولیس کو دونوں گاڑیوں کو سڑک سے ہٹانے کیلئے کرین کی مدد لینی پڑی۔  مہلوکین  میں سے تین کا تعلق ضلع بلڈانہ کی تحصیل دیولگاؤں راجہ سے ہے۔
  ادھر ساؤتھ ایسٹ سینٹرل ریلوے ناگپور ڈیویژن  کے ایس این ٹی ڈپارٹمنٹ اور کامرس ڈپارٹمنٹ کے تحت موتی باغ پی آر ایس میں کام کرنے والے سریندر سنگھ چوہان، وینکٹیش شری پلی اور ببلو دابھور ٹرین ڈرائیور کے ساتھ معائنہ کیلئے چاندافورٹ ریلوے اسٹیشن گئے تھے۔ دراصل اتواری اور چاندافورٹ کے درمیان جنرل منیجر کا دورہ تھا ۔اس دورے کے پیش نظر یہ  افسران سرکاری گاڑی میں وہاں  معائنہ کیلئے گئے تھے۔ معائنہ کے بعد یہ سبھی ناگپور واپس آ رہے تھے کہ جمعہ کی شام تقریباً ۴؍ بجے ان کی گاڑی ورورہ اور جام کے درمیان سڑک پر کھڑے ٹریلر سے ٹکرا گئی۔  حادثہ اتنا خوفناک تھا کہ سریندر کی موقع پر ہی موت ہو گئی اور باقی ۳؍ شدید زخمی ہوگئے۔  زخمیوں کو قریبی اسپتال لے جایا گیا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK