• Thu, 26 December, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

فلپائن میں ٹرامی طوفان سے تباہی، ۱۱۶؍ اموات

Updated: October 29, 2024, 10:11 AM IST | Manila

۲؍ ماہ سے موسلادھار بارش، ۱۷؍ علاقوں میں لاکھوں افراد متاثر، لینڈ سلائیڈنگ اور سیلاب میں لاپتہ۳۹؍ افراد کی تلاش جاری۔

Scenes of devastation from the typhoon in the Philippines. Photo: PTI.
فلپائن میں  ٹرامی طوفان سے تباہی کے مناظر۔ تصویر: پی ٹی آئی۔

فلپائن میں  موسلادھار بارش سے ملک کے اکثر حصوں میں تباہی مچی ہوئی ہے۔ اس دوران طوفان ’ٹرامی‘ کے نتیجے میں ایک بڑی تعداد متاثر ہوئی ہے جبکہ۱۰۰؍ سے زائد افراد ہلاک ہوچکےہیں ۔ اب تک ۱۷؍ علاقوں کے ۶۰؍ لاکھ سے زائدا فراد متاثر ہوئے ہیں جبکہ ۳۹؍ لاپتہ افراد کی تلاش جاری ہے۔ 
میڈیا رپورٹس کے مطابق فلپائن میں گزشتہ ہفتے آنے والے ٹراپیکل طوفان `ٹرامی کی وجہ سے آنے والے تباہ کن سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ سے مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر۱۱۶؍ ہو گئی ہے۔ پیر کو یہ معلومات دیتے ہوئے فلپائن کی نیشنل ڈیزاسٹر رسک ریڈکشن اینڈ مینجمنٹ کونسل (این ڈی آر آر ایم سی) نے بتایا کہ کم از کم۳۹؍افراد اب بھی لاپتہ ہیں۔ مقامی حکام نے بتایا کہ `ٹرامی کے سبب ۲؍ ماہ تک شدید بارش ہوئی ہے جس سے ملک کے۱۷؍ علاقوں میں ۶۰؍ لاکھ۷۰؍ ہزار سے زائد افراد متاثر ہوئے ہیں۔ ۳۹؍ لاپتہ افراد کی تلاش جاری ہے جو یا تو لینڈ سلائیڈنگ میں دب گئے ہیں یا سیلاب میں بہہ گئے ہیں۔ 
یادرہےکہ ٹرامی اس سال فلپائن میں آنے والا۱۱؍ واں طوفان ہے جس نے پورے فلپائن کو اپنی زدمیں لے لیا ہے۔ یہ طوفان لوزون جزیرے خاص طورپر بیکول اور کیلابارزون کے علاقوں نیز وسطی اور جنوبی فلپائن کے علاقوں میں تباہ کن سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کے ساتھ تباہی کے نشان چھوڑ گیا ہے۔ 
عینی شاہدین کے مطابق سیلاب نے شاہراہوں اور پلوں کو بری طرح سے تباہ کر دیا ہےجس سے آمد ورفت میں شدید دشواری کا سامنا کرناپڑ رہا ہے۔ متاثر ہ علاقوں میں لوگ گھروں میں قید ہو کر رہ گئے ہیں۔ 
نقل و حمل میں خلل کے ساتھ ساتھ گھروں میں بھی کیچڑ بھر گئے ہیں۔ مقامی میڈیا رپورٹس میں  بتایاگیا ہےکہ ٹرامی کے جمعہ کو فلپائن سے باہر نکلنے کے ۳؍ دن بعد پیر کو بھی آفت زدگان خوراک اور صاف پانی کا شدت سے انتظار کر رہے ہیں۔ کئی علاقوں میں اب بھی پینے کے پانی کی شدید قلت ہے اور بجلی کابحران ہے۔ 
چین: ٹرامی طوفان کے پیش نظر مختلف جزائر پر حفاظتی انتظامات
چین میں بحرالکاہل سے آنے والے سمندری طوفان ٹرامی کی وجہ سے ملک کے جنوب میں ہینان جزیرے سے نکلنے والے تمام ماہی گیری کشتیوں کو بندرگاہ پر واپس بلا لیا گیا۔ چائنا میٹرولوجیکل بیورو کے بیان کے مطابق ٹرامی اس سال بحرالکاہل میں آنے والا۲۰؍ واں طوفان ہے، اس کے پیر کی شام سے جنوبی بحیرہ چین اور جزیرہ ہینان کے جنوبی ساحل پر موثر ہونے کی توقع ہے۔ جب ہینان جزیرے پر ماہی گیری کے بحری جہازوں کو بندرگاہ پر واپس بلایا گیا ہے بحری جہاز وں کے ۵۰؍ ہزار سے زائد کارکنوں کو خشکی پر محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا ہےجبکہ جزیرے کے سب سے بڑے شہر سانیا میں الرٹ کی سطح کو بڑھا دیا گیا تھا۔ قریب آنے والے سمندری طوفان کی وجہ سے ہائیکو کے انتظامی مرکز میں ٹرین خدمات کو روکنے کے عمل میں توسیع کر دی گئی ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK