• Sun, 22 December, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

اُدھو اور شندے گروپ کی ’دسہرہ ریلیاں‘ ، ایک دوسرے پر شدید تنقیدیں

Updated: October 24, 2023, 11:45 PM IST | Iqbal Ansari | Mumbai

ادھو ٹھاکرے نے وزیراعلیٰ کے ساتھ ساتھ وزیر اعظم مودی کو بھی نشانہ بنایا، مراٹھا کوٹہ دینے کا مطالبہ ، وزیر اعلیٰ شندے کا جواب ، کہا کہ’’ بالا صاحب جن کے مخالف تھے تم نے انہیں ہی سرپر بٹھالیا ہے۔ ‘‘

Former Chief Minister Uddhav Thackeray thanking his supporters after the rally. Photo: Inquilab, Sameer Markande
سابق وزیر اعلیٰ ادھو ٹھاکرے ریلی کے بعد اپنے حامیوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے۔ تصویر: انقلاب ،سمیر مارکنڈے

شیو سینا کی روایتی دسہرہ ریلی ،جو شیو سینا کے دو گروپ بن جانے کے بعد  طاقت کے مظاہرہ کا بھی ایک ذریعہ بن گئی ہے ، سے اس  سال خطاب کرتے ہوئے ادھو گروپ کے سربراہ سابق وزیر اعلیٰ ادھو ٹھاکرے نے کہا کہ ۵۷؍ سال ہو گئے ہیں لیکن ہم نے اپنی روایت کو قربان نہیں کیا اور  اور آئندہ بھی اسی طرح سے یہ روایت جاری رہے گی۔اپنے حامیوں سے کھچاکھچ بھرے شیواج پارک گرائونڈ پر سفید کرتا پائجامہ میں ملبوس ادھو ٹھاکرے نے کہا کہ رام نے راون کا وَدھ کیا ، راون بھی شیو بھکت تھا اس کےباوجود راون کو مارنا پڑا کیوں کہ اس میں غرور آگیا تھا اور یہی غرور شندے حکومت میں بھی آگیا ہے۔  ہماری شیو سینا ’کھوکھے سرکار‘ کی لنکا کو جلائے گی کیوں کہ ہمارے پاس مشعل بھی ہے۔ ادھو نے مراٹھا سماج کے ریزرویشن پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جس طرح جلیان والا باغ میں پولیس نے  ظلم کیا تھا اسی طرح جالنہ میں مراٹھا سماج کے لوگوں پرظلم کیا گیا ہے۔ جب میں وزیر اعلیٰ تھا تو کبھی بھی مظاہرین کو نشانہ نہیں بنایا۔ ایسا حکم میں نے کبھی نہیں دیا۔   
  ادھو نے اسپیکر پر بھی تنقید کی اور کہا کہ وہ جس طرح سے معاملے کو ٹال رہے ہیں اس سے تو الیکشن آجائے گا۔ اس دوران انہوں نے سپریم کورٹ کا ایک واقعہ بھی سنایا کہ جب مجرم کو سزا دینے کی بات آئی تو اسے وہ جرم کئے ہوئے ۲۰؍ سال ہوچکے تھے۔ انہوں نے کہا کہ اسپیکر کو اگر فیصلہ نہیں کرنا ہے تو نہ کریں لیکن اس سے قبل الیکشن کروالیں تاکہ عوام کا فیصلہ سامنے آجائے۔
اس دوران ادھو نے وزیر اعظم مودی پر بھی تنقید کی اور کہا کہ ہٹلر کے والد کا نام کسی کومعلوم ہے۔ صدام حسین یااسٹالن کے خاندان کے بارے میں کوئی جانتا ہے؟ آج جرمن کے عوام کو شرم آتی ہے کہ ان کےیہاں ہٹلر پیدا ہوا تھا۔ اسی طرح مودی جی بھی کررہے ہیں ۔ وہ ملک کو برباد کررہے ہیں۔ اس دوران انہوں نے مودی کی نقل اتارتے ہوئے مہنگائی پر شدید تنقید کی۔ شیو سینا سربراہ نے اس دوران یہ وارننگ بھی دی کہ آج  ہمارے ساتھیوں کو پریشان کیاجارہا ہے لیکن جب  ہماری سرکار آئے گی اور یقینی طو رپر آئے گی تواس وقت ہمارےساتھیوں کو پریشان کرنے والوں کو ہم الٹا ٹانگے بغیر نہیں چھوڑیں گے۔ یہ افسروں کو بھی انتباہ ہے۔ہنومان چالیسا پر سیاست کرنے والوں سے ادھو نےکہاکہ اگر ہمت ہے تو منی پور میںجاکر ہندومان چالیسا پڑھو۔ تمام حقیقت معلوم پڑ جائے گی۔   
ادھو ٹھاکرے نے جارحانہ انداز میں کہاکہ ’’جو بھی ممبئی کو توڑنے کی کوشش کرے گا اس کے ٹکڑے کر دیئے جائیں گے اور مہاراشٹر کے عوام تمہاری سرکار کو جلادیں  گے۔ انہوں نے ممبئی کی ترقی کے لئے بی ایم سی کو اہم قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ کئی اہم دفاتر ممبئی سے گجرات منتقل کئے جارہے ہیں جسے ہم برداشت نہیں کریں گے۔ 
اس سے قبل ودھان پریشد میں اپوزیشن لیڈر امباداس دانوے نےشندے گروپ کے ساتھ ساتھ بی جے پی کو بھی نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ ’’غداروں کو دسہرہ ریلی کا انعقاد کرنے کا کوئی حق نہیں ہے۔ غداروںسے انہیں سخت نفرت تھی۔ ‘‘امبا داس دانوے نےکسانوں کے موضوع پر بی جے پی کو نشانہ بنایا اور کہا کہ سرکار کے اصل مالک فرنویس ہیں لیکن وہ کسانوں پر دھیان نہیں دے رہے ہیں۔
 ان سے قبل ادھو گروپ کی شعلہ بیان لیڈر سشما اندھارے نے کہا کہ وہ مہاراشٹر کو کبھی پنجاب بنتا ہوا نہیں دیکھ سکتیں کیوں کہ  وہ ریاست  منشیات کی وجہ سے’ اڑتا پنجاب‘ بن گئی  ہے۔ انہوں نے فرنویس پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ  انہیں چانکیہ کہنے والوں کو یہ بات یاد رکھنی چاہئے کہ چانکیہ نے عوامی فائدے کی سیاست کی اور  اپنے بعد بہترین لیڈر شپ چھوڑی جبکہ فرنویس کے معاملے میں تو سناٹا ہے۔ سشما اندھارے نے شرد پوار کو اصل چانکیہ قرار دیا۔
ریلی سے سنجے رائوت نے اپنے خطاب میں کہا کہ’’جیل جانے کی وجہ سے میری ہمت کم نہیں ہوئی ہے بلکہ اب مزید بڑھ گئی ہے۔‘‘ انہوں نے کہا کہ گزشتہ دسہرہ ریلی میں میں شرکت نہیں کرسکا کیوں کہ مجھے جیل بھیج دیا گیا تھا لیکن اب میں باہر ہوں  اور یہ بتادینا چاہتا ہوں کہ شندے گرو پ ناجائزپارٹی ہے۔ اس نے عوامی مینڈیٹ کو دھوکہ دیا ہےجس کا جواب عوام ضرور دیں گے۔

وزیر اعلیٰ شندے نے  اپنے گروپ کی دسہرہ ریلی سے خطاب کرتے ہوئے ادھو ٹھاکرے کے ایک ایک  الزام کا جواب دیا۔ انہوں نے آزاد میدان پر ہزاروں کے مجمع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’’ شیو سینا کے بانی بالا صاحب ٹھاکرے نے جن لوگوں اور جن پارٹیوں کی ہمیشہ مخالفت کی ، جن کے خلاف وہ ہمیشہ تنقیدیں کرتے تھے ، جنہیں وہ زمین میں گاڑ دینے کی بات کرتے تھے آج انہی لوگوں کو ادھو ٹھاکرے نے سر پر بٹھالیا ہے۔‘‘ شندے نے الزام لگایا کہ ادھو ٹھاکرے نے شیوسینا کے بانی کے نظریات سے سمجھوتہ کرلیا ہے اور ہندو توا کو دھوکہ دیا ہے۔ وہ مودی کے نام پر ووٹ مانگتے ہیں لیکن انہیں روزانہ تنقیدوں کا نشانہ بناتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ ادھو ٹھاکرے  یہ بات  ہضم نہیں کرپاتے ہیں کہ  ایک کسان کا بیٹا اب  وزیر اعلیٰ ہے۔ شندے نے مزید کہا کہ ادھو گروپ روزانہ حکومت کے گرنے کی پیش گوئی کرتا ہے لیکن اب تک ایسا نہیں ہوا بلکہ ہم مزید مضبوط ہو گئے۔ ہم یہاںسے جانے کے لئے نہیں بلکہ حکومت کرنے کے لئے آئے ہیں۔ 
 ایکناتھ شندے نے یہ دعویٰ کیا کہ مہاراشٹر کی موجودہ سینا ۔بی جے پی۔ این سی پی  حکومت مستحکم ہے اور اسے ۲۱۰؍راکین اسمبلی کی حمایت حاصل ہے۔ آزاد میدان میں دسہرہ دیلی سے خطاب کرتے ہوئے شندے نے کہا کہ انہیں کرسی کی پرواہ نہیں ہے نیز اپوزیشن کو صرف اس بات میں دلچسپی  ہے کہ وہ اقتدار سے کب بے دخل ہوں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ شیوسینا ادھو ٹھاکرے نے شیواجی مہاراج کی تعلیمات کو چھوڑ کر افضل خان کے اصولوں کو اپنالیا ہے جو آج ان کی  رسوائی کا سبب ہے۔ 
 ایکناتھ شندے نے اپنی دوسری دسہرہ ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں’ ایک فل دو ہاف‘کہنے والے  اپنی پارٹی کے ساتھ کانگریس  اور اویسی  سے ہاتھ ملانے میں بھی پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ اتنا ہی نہیں یہ حماس کے ساتھ بھی ہاتھ ملالیں  گے۔  حالانکہ ہم نے کبھی مذہب کے نام پر تفریق نہیں کی بلکہ سبھی کا بھلا کیا ہے لیکن یہ ہم پر ایسے الزامات بھی لگتے رہتے ہیں۔ وہ صرف یہ کہتے رہتے ہیں کہ یہ غیر قانونی وزیر اعلیٰ ہے اور حکومت اب گرے گی تب گرے گی۔ اس کے علاوہ انہیں کچھ نہیں آتا۔ شندے کہا کہ کورونا کے دوران تم گھر بیٹھ کر روپے گن رہے تھے جبکہ ایکناتھ شندے اسپتالوں کے چکر لگا کر متاثرین کیلئے انجکشن کا انتظام کر رہا تھا اور پولیس اہلکاروں اور میڈیکل اسٹاف کے ساتھ کھڑا تھا۔
وزیر اعلیٰ  شندے نے  یقین دلایا کہ جب تک ان کے جسم میں خون کا ایک قطرہ بھی موجود ہے تب تک وہ مراٹھا ریزرویشن کیلئے کوشش کریں گے اورکسی کے حصہ سے کوئی ریزرویشن نہ نکالتے ہوئے مراٹھوں کو ریزویشن دیں گے جو برقرار رہے گا۔ وزیر اعلیٰ اس دوران  اپنی تقریر روک کر  شیوجی مہاراج کی مورتی کے پاس گئے اور مراٹھا ریزرویشن دینے کی قسم کھائی۔ انہوں نے  اپنی ریلی کو مَردوں کی ریلی قرار دیا اور کہا کہ یہی اصل شیو سینا ہے۔ باقی سب نقلی ہیں۔ شندےنے کہاکہ ممبئی مہاراشٹر سے کسی کا باپ بھی نہیں توڑ سکتا ہے اور جب تک سورج ہے تب تک ممبئی مہاراشٹر کی ہی رہے گی۔ اسے بین الاقوامی سطح کا شہر بنائے رکھا جائے گا۔ شندے نے مزیدکہا کہ ممبئی میٹرو کا کام بند کر دیاگیا تھا  اور ممبئی کے دیگر ترقیاتی  بند ہوگئے تھے لیکن ہم نے ان کاموں کو دوبارہ شروع کیا۔ خواتین کو خود مختار اور مضبوط بنانے کا کام ہم کر رہے ہیں۔ ادھو حکومت نے کوئی کام نہیں کیا تھا۔ شندے نے کہاکہ ہماری حکومت پہلی ایسی حکومت ہے جس نے ایک روپے میں کسانوں کوانشورنس  دیا۔ 
وزیر اعلیٰ شندے نےوزیر اعظم مودی اور امیت شاہ کے گن گاتے ہوئے کہاکہ ان دنوں کی مدد سے ملک اور ریاست کو ترقی مل رہی ہے۔ تمام پروجیکٹ وقت پر پورے ہورہے ہیں۔  سرمایہ کاری اتنہائی تیزی سے بڑھ رہی ہے۔ ایف ڈی آئی  میں ہماری ریاست پیچھے چلی گئی تھی لیکن ایک سال میں ہم نے اسے پہلے نمبر پر لانے کا کام کیا ہے۔ ایکناتھ شندے نے اس دوران یہ دعویٰ بھی کیا کہ لوک سبھا الیکشن میں ان تین پارٹیوں کا اتحاد کم از کم ۴۵؍ سیٹیں  جیتے گا اور مودی جی کو تیسرے مرتبہ بھی وزیر اعظم بننے میں مدد کرے گا۔ واضح رہے کہ اس ریلی سے شندے گروپ کے دیگر لیڈران نے بھی خطاب کیا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK