Inquilab Logo

اُدھو کا چیلنج: مودی کےنام پرووٹ مانگ کردکھاؤ

Updated: January 24, 2023, 9:56 AM IST | Iqbal Ansari | Mumbai

اُدھوٹھاکرے نے ایک بار پھر شندے کو ’باپ چور‘ کہہ کر مخاطب کیا، ملک کی سیاسی صورتحال پر بھی تشویش کااظہار کیا، کہا کہ ملک آمریت کی طرف بڑھ رہاہے

Uddhav Thackeray addressing party workers at Shanmukhananda Hall.
اُدھو ٹھاکرے شانمکھانند ہال میں پارٹی کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے۔

شیو سینا کے بانی بال ٹھاکرے کے یومِ پیدائش کے موقع پر   پیر کی شام جہاں ایک جانب ممبئی کے ودھان بھون ( اسمبلی ہال ) میں وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے اور دیگر کی موجودگی میں بال ٹھاکرے کی تصویر لگائی جارہی تھی تو  وہیں دوسری جانب شان مکھا نند ہال میں بال ٹھاکرے کے فرزند ادھو ٹھاکرے پارٹی  حامیوں سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے اپنے خطاب میں ایک بار پھر شندے  اور مودی کوشدید تنقید کا نشانہ بنایا ۔ شیوسینا اُدھو بالاصاحب ٹھاکرے کے سربراہ نے  شندے کو چیلنج کیا کہ ’’ہمت ہے تو مودی کے نام پر ووٹ مانگ کردکھاؤ۔‘‘ انہوں نے بال ٹھاکرے کے نام پر ووٹ مانگنے پر شندے کو تنقید کانشانہ بناتے ہوئے ایک بار پھر انہیں ’’باپ چور‘‘ کہہ کر بھی مخاطب کیا۔ 
 ادھو   نے اپنے والد بال ٹھاکرے کے انداز میں  تقریر کا آغاز ’’جم لےلا ماجھاتمام ہندو باندھواونو بہنی نوانی آنی ماتانو! (موجود میرے تمام ہندو بھائیو، بہنو اور ماؤں)‘‘ کے جملے سے کیا۔ انہوںنے کہا کہ ’’غدار کھوکے کے ذریعے فروخت کئے جاسکتے ہیں اور خریدے بھی جاسکتے ہیں لیکن یہاں جو لوگ موجود ہیں وہ فروخت ہونے والے نہیں ہیں۔ ‘‘
’’ہندوتوا محض دھوکہ ہے‘‘
  ادھو نے قومی سیاست پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ’’ ملک آمریت کی جانب جارہا ہے،ہندتوا محض دھوکہ ہے۔ ہندوتوا  کے بہانے آمریت کو مضبوط کیا جارہا ہے۔ ‘‘ انہوں نے چین کے دورے کا ایک واقعہ پیش کیا  اور بتایاکہ وہاں ایک بہترین انگریزی بولنے والا شخص تھا جب مَیں  نے اسے بیجنگ جانے کا مشورہ دیا تو اس نےکہا کہ  اسے زندہ رہنا ہے ، بیجنگ میں جو بھی حکومت کے خلاف بولتا ہے وہ ۲؍ دنوں میں غائب ہو جاتا ہے۔ اُدھوٹھاکرے نے کہا کہ ’’ یہی روایت اب  یہاں بھی  شروع کی جارہی ہے۔‘‘ انہوں نے کہا کہ ’’آج اسمبلی ہال میں بھی بال ٹھاکرے کی تصویر لگائی جارہی ہےلیکن مجھے مصور سے پوچھنا ہے کہ تصویر بنانے کیلئے ٹھیک وقت دیا گیاتھا یا آناً فاناً  تصویر بنوا کر لگایاجارہا ہے۔‘‘ادھو ٹھاکرے نے کہا کہ’’دسہرہ ریلی میں مَیں نے  باپ چور کی بات کہی تھی ، اس چور کو مجھے یہی کہنا ہے کہ خود کے باپ کو یاد رکھو ورنہ اسے بھی  بھول جاؤ گے۔‘‘  
مودی کے نام پر ووٹ مانگو
 ادھوٹھاکرے نے وزیراعلیٰ شندے کو چیلنج کیا کہ ’’ دم ہے توابھی الیکشن کروا لو۔ تم مودی  کے نام پر ووٹ مانگو اور  ہم والد ( بالا صاحب ٹھاکرے )  کے نا م پر ووٹ مانگیں گے۔ مودی کے نام پر بالا صاحب ٹھاکرے کا ووٹ تمہیں نہیں ملے گا۔‘‘
ترقیاتی کاموں پر دعویٰ
 شیو سینا سربراہ نے مودی کے ممبئی دورے کے تعلق سے کہا کہ ’’گزشتہ دنوں مودی نے ممبئی میں جن منصوبوں کا افتتاح کیا  وہ منصوبے ۲؍ دنوں میں  تیار نہیں ہو ئے بلکہ ان کوہم نے منظوری دی تھی ان ہی کا انہوں نے افتتاح کیا ہے۔ ‘‘  سابق وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ موجودہ وزیر اعلیٰ نے  الزام لگایا ہے کہ ایس ٹی پی کے پروجیکٹ میں بدعنوانی ہوئی ہے ۔یہ ٹینڈر ابھی کھلنا ہے اور سپریم کورٹ کی نگرانی میں ہونے والا ہے اس میں بدعنوانی کیسے ہوسکتی ہے؟
وزیراعظم پر بھی تنقید
 انہوں نے کہاکہ’’ مودی نے جو کہا ہے وہ بہت خطرناک ہے ، بینک میں رقم رکھ کر ترقی نہیں ہوتی بلکہ اسے ترقیاتی کاموں میں خرچ کرنا پڑتا ہے۔ بی ایم سی کی ایف ڈی  میں کیا ہے؟ ۶۰؍  ہزار کروڑ تا ایک لاکھ کروڑ روپے بتائے جارہے ہیں۔ یہ کیسے جمع ہوئے ۔ ۲۰۰۲ء تک بی ایم سی تقریباً ۶۵۰؍ کروڑ روپے خسارے میں تھی۔ سبودھ کمار اور اپنے کارپوریٹر وں نے محنت کر کے اسے منافع کی کارپوریشن بنایا ہے۔‘‘
ممبئی ان کے لئے سونے کی مرغی
  اُدھو نے الزام لگایا کہ بی جےپی ممبئی کو سونے کا انڈا دینے والی مرغی کے طور پر دیکھ ر ہی  ہے۔ا نہوں نے متنبہ کیا کہ ’’ لیکن ہم اسے ’ماتر بھومی ‘ کہتے ہیں۔ بری نظر والے تیرا منہ ہم کالا کریں گے۔‘‘  ممبئی کے پروجیکٹ گجرات منتقل ہونے کے حوالے سے اُدھو ٹھاکرے   نے مزید کہا کہ ’’ غلام  لوگ ممبئی کا فنڈ سورت اور دیگر ریاست لے جائیں گے ۔ ‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK