• Sun, 08 September, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

’’ادھو، بالا صاحب کی قسم کھا کر کہیں کہ اڈانی سے کبھی چندہ نہیں لیا‘‘

Updated: July 23, 2024, 10:34 AM IST | Iqbal Ansari | Mumbai

شندے شیوسینا  کے لیڈر سنجے نروپم کاادھوٹھاکرے کوچیلنج، الزام لگایا کہ چندہ کیلئے اڈانی مخالف بیانات دئیے جارہے ہیں۔

Sanjay Nirupam. Photo: PTI
سنجے نروپم۔ تصویر : آئی این این

جیسے جیسے اسمبلی انتخابات قریب آتے جارہے ہیں، الزام تراشیوں کا دور تیز ہوتا جارہا ہے۔  دو روز قبل ادھو ٹھاکرے کے ذریعے اڈانی کو دھاراوی اور ممبئی کی قیمتی زمینوں کو اڈانی کے سپرد کرنے کے الزام کے بعد  پیر کو سابق رکن پارلیمان اور شیو سینا (شندے) خیمے کے لیڈر  سنجے نروپم نے چیلنج کیا ہے کہ ادھو ٹھاکرے، بالا صاحب ٹھاکرے کی قسم کھا کر یہ کہیں کہ انہوں نے  اڈانی سے کوئی  چندہ نہیں لیا ہے اور نہ آئندہ لیں گے۔ سنجے نروپم میں یہ بھی الزام لگایا کہ اسمبلی انتخابات میں چندہ لینے کیلئے اڈانی مخالف بیان دیئے جارہے ہیں۔
 منترالیہ کے مقابل واقع شیوسینا (ایکناتھ شندے) کے پارٹی آفس بالا صاحب بھون میں پیر کو منعقدہ پریس کانفرنس میں  سنجے نروپم نے کہا کہ ’’ ادھوٹھاکرے جو اڈانی کی مخالفت کر رہے ہیں اس کا مقصد اڈانی  سے چند حاصل کرنا ہے۔مَیں چیلنج کرتا ہوں کہ ادھو ٹھاکرے ،ان کے والد بالا صاحب ٹھاکرے کی قسم کھاکر کہیں کہ انہوں نے کبھی اڈانی سے چندہ نہیں لیا اور یہ بھی قسم کھائیں کہ آئندہ اسمبلی چناؤ میں وہ چندہ نہیں لیں گے۔‘‘ بقول نروپم’’ چناؤمیں چندہ حاصل کرنے کا  یہ ڈراما کیا جارہا ہے۔ لوک سبھا چناؤ سے پہلے بھی اسی طرح کا شور مچایا گیا  تھا لیکن اس کے بعد بالکل خاموش چھا گئی تھی اور اب جب اسمبلی انتخابات قریب آرہے ہیں تو پھر اڈانی کے خلاف شور مچایا جارہاہے اور دھاراوی کے عوام کو گمراہ کر کے رورغلایا جارہا ہے۔‘‘ سنجے نروپم سے جب یہ استفسار کیا گیاکہ سرکار تو آپ کی ہے تو اس کی جانچ کیوں نہیں کرتے؟ انہوں نے کہا کہ ’’ اگر سیاسی پارٹیاں بڑے  بڑے کاروباریوں اور بلڈروں  سے فنڈ اور چندہ  لیتی ہیں تو اس میں کوئی غلط بات نہیں ہے  یہ کوئی بڑا جرم نہیں ہے۔ سبھی پارٹیاں اس طرح چندہ لیتی ہیں اور لیتی رہیں گی  ،البتہ اس میں ایک شفاف نظام لانے کی کوشش ایک عرصہ سے جارہی ہے لیکن ایک طرف چندہ لینا اور دوسری طرف مخالفت کرنا اور یہ جو ڈراما چل رہا  ہے اسکی ہم مخالفت کرتے ہیں۔‘‘
واضح رہے کہ ۲۰؍جولائی کو ادھو ٹھاکرے نے دادر میں واقع شیو سینا بھون میں منعقدہ پریس کانفرنس میں یہ دعویٰ کیا گیاتھا کہ حکومت جانبداری کرتے ہوئے اپنے لاڈلے ٹھیکیدار اور لاڈلے دوست کو دھاراوی کی تقریباً ۵۹۰؍ ایکڑ زمین سپرد کرنے پر آمادہ ہے اور دھاراوی کے مکینوں اور کاروباریوں کو اہل اور نااہل کے جال میں پھنسانا چاہتی ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK