’’اگر میں وزیر اعلیٰ ہوتا تو آپ کو احتجاج کرنے کی ضرورت پیش نہ آتی ۔ میں خود ہی پرانی پنشن اسکیم کو نافذ کر دیتا۔‘‘ یہ الفاظ ہیں سابق وزیر اعلیٰ ادھو ٹھاکرے کے جو منگل کو ناگپور میں پرانی پنشن اسکیم کیلئے احتجاج کرنے والے اساتذہ سے ملنے ان کی احتجاج گاہ پہنچے تھے۔
ادھو ٹھاکرے میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے۔ تصویر : آئی این این
’’اگر میں وزیر اعلیٰ ہوتا تو آپ کو احتجاج کرنے کی ضرورت پیش نہ آتی ۔ میں خود ہی پرانی پنشن اسکیم کو نافذ کر دیتا۔‘‘ یہ الفاظ ہیں سابق وزیر اعلیٰ ادھو ٹھاکرے کے جو منگل کو ناگپور میں پرانی پنشن اسکیم کیلئے احتجاج کرنے والے اساتذہ سے ملنے ان کی احتجاج گاہ پہنچے تھے۔ یاد رہے کہ ادھو ٹھاکرے ایک روز قبل ہی سرمائی اجلاس میں حصہ لینے کی غرض سے ناگپور گئے ہیں۔
ناگپور کے یشونت میدان پر پرانی پنش اسکیم کیلئے سرکاری ملازمین نے بڑے پیمانے پر احتجاج کیا۔ ادھو ٹھاکرے ان مظاہرین سے ملاقات کی غرض سے یشونت میدان پہنچے جہاں انہوں نے خطاب بھی کیا۔ ادھو ٹھاکرے نے یاد دلایا کہ ’’ ۵؍ دنوں کا ہفتہ میں نے ہی نافذ کیا تھا ۔ مجھے احساس ہے کہ سرکاری ملازمین کا ریاست اور سماج کیلئے کیا کردار ہے۔ اس لئے اگر میں اس وقت وزیر اعلیٰ ہوتا تو آپ لوگوں کو احتجاج کرنے کی کوئی ضرورت پیش نہ آتی۔ کیونکہ میں خود ہی اس اسکیم کے حق میں ہوں اور اسے ضرور نافذ کرتا۔‘‘ یاد رہے ادھو ٹھاکرے جب وزیر اعلیٰ تھے تو انہوں نے سرکاری دفاتر کے کام کاج کو ہفتے میں ۶؍ دن کے بجائے ۵؍ دن کر دیا تھا۔ یعنی سرکاری ملازمین کو اب ہفتے میں ۲؍ روز چھٹی ہوتی ہے۔ ادھو ٹھاکرے نے الزام لگایا کہ ’’ مرکزی حکومت کو سرکاری ملازمین یا ان کے مسائل سے کوئی لینا دینا نہیں ہے۔ یہ حکومت صرف جھوٹے وعدے کرتی ہے۔ ‘‘
ادھو ٹھاکرے نے کہ دعویٰ کیا کہ’’ ہم پرانی پنشن اسکیم کو نافذ ہی کرنے والے تھے کہ ہماری حکومت گر گئی۔ اگر ایسا نہ ہوتا تو آج آپ کو یہ مورچہ نہ نکالنا پڑتا۔ ہم قانون منظور کرتے ہیں اور آپ اسے عمل میں لاتے ہیں ۔ لیکن اب کیا کیا جائے کہ یہ غیر آئینی حکومت ہے۔ ‘‘ شیوسینا سربراہ نے کہا کہ ’’ آپ لوگ سرکارکیلئے کام کرتے ہیں ۔ آپ کو (اندر) کی ساری حقیقت معلوم ہے۔ اب شیوسینا بھی آپ کے ساتھ آگئی لہٰذا ہماری طاقت بڑھ گئی ہے۔ اب ہم صرف ریاستی نہیں بلکہ مرکزی حکومت کو بھی گرانے کی طاقت رکھتے ہیں ۔ ادھو ٹھاکرے نے پر عزم انداز میں کہا ’’ میں اور میرے شیوسینک آپ لوگوں کے ساتھ ہیں ۔ آج ہمارا استقبال مت کیجئے۔ ہمارا استقبال اس وقت کیجئے جب ہماری حکومت آجائے اور ہم پرانی پنشن اسکیم کو نافذ کرنے کا اعلان کر دیں۔‘‘
۲۰۲۴ء میں ہماری ہی حکومت آئے گی
اس موقع پر ادھو ٹھاکرے کے ساتھ ان کے فرزند اور رکن اسمبلی آدتیہ ٹھاکرے بھی تھے۔ مظاہرین نے ان سے بھی تقریر کرنے کی درخواست کی ۔ آدتیہ ٹھاکرے نے کہا ’’ ۲۰۲۴ء میں ہماری ہی حکومت آنے والی ہے۔ اس وقت ہم پرانی پنشن اسکیم ضرور نافذ کریں گے۔ آپ لوگ اپنی لڑائی جاری رکھیں ۔ ہم آپ کے ساتھ ہیں۔‘‘ اس وقت آدتیہ نے مظاہرین سے نعرے بھی لگوائے ’ ایک ہی مشن ،پرانی پنشن‘ یاد رہے کہ ہماچل پردیش میں کانگریس نے پرانی پنشن کے وعدے کے دم پر ہی الیکشن جیتا تھا۔ اس وقت ملک بھر میں سرکاری ملازمین اس کیلئے جدوجہد کر رہے ہیں۔