• Sat, 22 February, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

آپریشن ننھے فرشتے کے تحت آر پی ایف نے۸۵۸؍ بچوں کو والدین سے ملوایا

Updated: December 25, 2023, 11:38 PM IST | Saeed Ahmed Khan | Mumbai

ممبئی ڈویژن۲۵۲؍ بچوں کے لحاظ سے سر فہرست رہا،۸۵۸؍ بچوں میں۲۶۷؍ بچیاں شامل تھیں ،بچوں کیلئے کام کرنے والی تنظیموں کا بھی تعاون شامل رہا۔

RPF introduced these children (face intentionally hidden) to their parents. Photo: INN
آرپی ایف نے ان بچوں(چہرہ قصداًچھپایا گیا )کو والدین سے ملوایا۔ تصویر : آئی این این

پریشن ننھے فرشتے کے تحت ریلوے پروٹیکشن فورس نے۸۵۸؍ بچوں کو ان کے والدین سے ملوایاجن میں۲۶۷؍ بچیاں شامل تھیں۔ بچوں کو ان کے والدین کے ملوانے میں ممبئی ڈویژن۲۵۲؍ بچوں کے لحاظ سے سر فہرست رہا۔ پکڑے گئے بچوں میں سے۵۹۱؍ لڑکے تھے۔ یہ تعداد سینٹرل میں اپریل  سے نومبر کے درمیان درج کی گئی ہے‌۔یہ وہ بچے ہیں جو ریلوے علاقے میں ، ٹرین میں اور  پلیٹ فارم پر تنہا مشتبہ حالت میں پائے گئےجن میں سماجی تنظیموں ، خاص طور پر بچوں کیلئے کام کرنے والی تنظیموں کا تعاون شامل رہا۔ پکڑے گئے بچے اپنے گھر سے الگ الگ وجوہات کی بناء پر بھاگے تھے۔ کوئی بچہ والدین سے ناراض ہونے کے سبب تو کوئی شہروں کی چمک دمک سے متاثر ہوکر تو کوئی ضد پوری نہ ہونے پر تو کوئی کسی ساتھی کے بہکاوے میں آنے پر تو کوئی کسی اور وجہ سے گھر سے بھاگا تھا ۔ یہ سب کچھ بچوں نے پوچھ تاچھ کے دوران بتایا۔اس تعلق سے ریلوے میں ہمیشہ یہ اعلان کیا جاتا ہے کہ اگر کوئی بچہ تنہا ملے ، ڈرا اور سہما‌ ہوا ہو تو اسے ریلوے پروٹیکشن فورس (آر پی ایف) یا گورنمنٹ ریلوے پولیس (جی آر پی) کے پاس پہنچائیں تاکہ وہ غلط ہاتھوں میں نہ لگیں‌اور ان کے والدین تک بحفاظت پہنچایا جاسکے۔ اس کام میں آر پی ایف بھساول نے ۲۳۸؍بچے، پونے ڈویژن نے۲۰۶؍ بچے، ناگپور ڈویژن نے۱۱۱؍ بچے اور شولاپور ڈویژن نے۵۱؍ بچوں کو پکڑ کر ان کے والدین سے ملوایا۔
 سینٹرل ریلوے کے چیف پی آر او ڈاکٹر شیوراج مانس پورے نے نمائندہ انقلاب کو بتایا کہ بچوں کی حفاظت اور انہیں سماج دشمن عناصر سے بچانا ہم سب کی سماجی ذمہ داری ہے ۔ اس میں کوتاہی سے بچوں کو نقصان پہنچنے یا ا‌ن گروہوں کے چنگل میں پھنسنے کا اندیشہ  رہتا ہے جو بچوں کو غلط ارادے سے پکڑتے ہیں اور ان کی زندگیوں سے کھلواڑ کرتے ہیں  اس لئے یہ ضروری ہے کہ ہم بیدار رہیں اور ایک ذمہ دار شہری کا رول ادا کرتے ہوئے بچوں کو بچانے کی فکر کریں اور اپنا تعاون پیش کریں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ریلوے مسلسل اس تعلق سے یادہانی اور آر پی ایف کے جوانوں کے ذریعے اپنی ذمہ داری ادا کرتی ہے اور اس کا مثبت نتیجہ بر آمد ہوتا ہے۔یہ تفصیل اس کامیابی کی ایک جھلک ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK