• Sun, 08 September, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

’’ اتحاد ہی ہمارہ چہرہ ہے‘‘ شرد پوار کا سنجے رائوت کے بیان پر ردعمل

Updated: June 30, 2024, 10:40 AM IST | Agency | Kolhapur

معمر لیڈر نے کہا ’’ مشترکہ قیادت ہی ہماری بنیاد ہے ‘‘ رائوت نے جواب دیا ’’درست ہے لیکن ہر حکومت کا ایک چہرہ ہونا ضروری ہے۔ ‘‘

NCP founder Sharad Pawar. Photo: INN
این سی پی کے بانی شرد پوار۔ تصویر : آئی این این

گزشتہ دنوں شیوسینا (ادھو)  ترجمان سنجے رائوت نے مطالبہ کیا تھا کہ مہا وکاس اگھاڑی کی جانب سے ادھو ٹھاکرے کو وزیر اعلیٰ کے عہدے کا چہرہ بنایا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ الیکشن میں کسی چہرے کے بغیر اترنا مناسب نہیں ہوگا۔ سنیچر کو این سی پی کے بانی شرد پوار نے پہلی بار اس معاملے میں اپنا رد عمل ظاہر کیا ہے۔ انہوں نے کہا ’’ ہمارا اتحاد ہی ہمارا ( مہاوکاس اگھاڑی کا) چہرہ ہے۔ شرد پوار کولہا پور میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے  جہاں وہ ایک مذہبی تقریب میں حصہ لینے پہنچے تھے۔ 
  یاد رہے کہ سنجے رائوت  نے جس دن یہ مطالبہ کیا تھا  اسی دن ادھو ٹھاکرے اور دیویندر فرنویس کی لفٹ میں گفتگو ہوئی تھی۔ اسی دن بی جے پی لیڈر چندر کانت پاٹل چاکلیٹ لے کر ادھو   سے ملنے پہنچے تھے۔ اس کے بعد سے یہ قیاس آرائیاں جاری تھیں کہ کیا شیوسینا (ادھو) اور بی جے پی کے درمیان قربت کے آثار ہیں؟ یا کیا مہا وکاس اگھاڑی کے درمیان کوئی اختلاف ہے؟ اس معاملے پر  میڈیا نے شرد پوار سے کئی سوال پوچھے  ،   پوار نے  پھر دہرایا کہ مہا وکاس اگھاڑی  لوک سبھا الیکشن کی طرح اسمبلی الیکشن بھی متحدہ طور پر لڑے گی۔ انہوں نے کہا ’’  اگر لوک سبھا الیکشن کا اسمبلی کے حلقوں کے اعتبار سے جائزہ لیا جائے تو اسمبلی کی ۲۸۸؍ سیٹوں  میں سے ۱۵۵؍ سیٹوں پر ہمارے امیدواروں کو سبقت حاصل ہوئی ہے۔ عوام نے  واضح اشارہ دیدیا ہے کہ اسمبلی الیکشن کے نتائج کیا ہوں گے۔‘‘ معمر لیڈر نے کہا ’’ اگر اسمبلی الیکشن میں بھی یہی صورتحال رہی تو  ریاست  میں اقتدار میں تبدیلی ہو کر رہے گی۔ میرا خیال ہے کہ اقتدار میں تبدیلی کیلئے یہ بہترین موقع ہے۔‘‘ شرد پوار نے کہا ’’  میرا اندازہ ہے کہ اسمبلی الیکشن کے وقت بھی یہی صورتحال رہے گی۔لوک سبھا الیکشن کے دوران عوام کا رجحان واضح ہو گیا ہے۔ عوام مودی کے کام کاج سے خوش نہیں ہیں۔‘‘ انہوں نے کہا ’’ مودی بار بار گارنٹی دے رہے تھے  لیکن ان کی گارنٹی چلی نہیں۔ بی جے پی کی انتخابی مہم کی ذمہ داری  مودی پر تھی۔ انہوں نے مہاراشٹر میں جتنے انتخابی حلقوں میں ریلی کی ان میں سے ۱۴؍ پر بی جے پی کو شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ اسی لئے میں ان سے گزارش کروں گا کہ وہ اسمبلی الیکشن میں بھی مہاراشٹر میں زیادہ سے زیادہ ریلیاں کریں تاکہ ہمیں جیتنے کا موقع ملے۔‘‘ 
  مہا وکاس اگھاڑی اور اتحاد کے تعلق سے پوچھے گئے سوال پر  پوار نےکہا ’’ ہم اسمبلی الیکشن میں زیادہ سے زیادہ پارٹیوں کو اپنے ساتھ لینے کی کوشش کریں گے۔ لوک سبھا الیکشن میں کسان پارٹیوں نے اور بائیں بازو کی پارٹیوں نے ہمارا ساتھ دیا تھا اسلئے اسمبلی الیکشن میں ہم انہیں اتحاد میں شامل کرنے کی کوشش کریں گے۔ سنجے رائوت کی جانب سے ادھو ٹھاکرے کو وزیراعلیٰ چہرہ بنانے کے مطالبے پر رد عمل ظاہرتے ہوئے شرد پوار نے کہا ’’ ہمارا اتحاد ہی ہمارا چہرہ ہے اور مشترکہ قیادت ہی ہماری بنیاد ہے۔ ‘‘ جب صحافیوں نے شرد پوار کو مزید کریدا کہ ’’ کیا ادھو ٹھاکرے وزیر اعلیٰ کا چہرہ ہو سکتے ہیں؟‘‘ تو انہوں نے  اس بات کو دہرایا کہ ’’ مشترکہ قیادت ہی ہماری بنیاد ہے۔‘‘ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK