Inquilab Logo Happiest Places to Work

جب تک حکومت ٹیکس واپس نہیں لیتی، پیاز کی نیلامی بند رہے گی

Updated: September 24, 2023, 10:38 AM IST | Agency | Nashik

بیوپاری ایسوسی ایشن کی میٹنگ میں ہڑتال جاری رکھنےکا فیصلہ ، ناسک منڈی میں مسلسل چوتھے روز پیاز کی خریدوفروخت بند رہی۔

Onion traders are also now in a fighting mode.Photo. INN
پیاز کے بیوپاری بھی اب آر پار کی لڑائی کے موڈ میں ہیں۔ تصویر:آئی این این

پیاز بیوپاری ایسوسی ایشن نے  اعلان کیا ہے کہ جب تک حکومت پیاز کی بر آمد پر عائد ۴۰؍ فیصد ٹیکس واپس نہیں لے لیتی تب تک  ان کی ہڑتال جاری رہے گی۔ یہ اعلان  جمعہ کی شام ہوئی ایسوسی ایشن کے اراکین کی میٹنگ کے بعد کیا گیا ہے۔ یاد رہے کہ سنیچر کو مسلسل چوتھا روز تھا جب ناسک کی منڈیوں میں پیاز کی نیلامی نہیں ہوئی۔ حالانکہ سنیچر کو یوں بھی یہاں کاروبار بند ہی رہتا ہے۔  اطلاع کے مطابق بیوپاریوں کو اس بات پر سخت اعتراض ہے کہ پیاز کے ایکسپورٹ پر یہ ٹیکس صرف مہاراشٹر کے بیوپاریوں پر لگایا گیا ہے۔ آندھرا اور پڑوسی ریاست کرناٹک میں۴۰؍ فیصد ٹیکس نہیں ہے۔ گزشتہ بدھ (۲۰؍ ستمبر) سے جاری اس ہڑتال کو ختم کروانے کیلئے ناسک کے نگراں وزیر دادا بھسے بیوپاریوں کے ساتھ میٹنگ کر چکے ہیں جبکہ ریاست کے وزیر برائے کامرس عبدالستار نیلامی نہ شروع کرنے کی صورت میں کارروائی کا حکم جاری کر چکے ہیں۔ اس کے باوجود  بیوپاری ہڑتال واپس لینے کیلئے تیار نہیں ہیں۔  ضلع کلکٹر کی جانب سے جاری کئے گئے نوٹس کے بعد جمعہ کی شام انہوں نے ناسک کے ایولہ شہر میں ایک میٹنگ بلائی جو تقریباً ڈھائی گھنٹہ تک چلی۔ 
میٹنگ میں اس بات پر زور دیا گیا کہ مرکزی حکومت کا رویہ مہاراشٹر کے کسانوں کے ساتھ مایوس کن ہے۔ یہاں کے کسانوں کی پیاز پر ۴۰؍ فیصد بر آمد ٹیکس عائد کیا گیا ہے جبکہ دیگر ریاستوں میں یہ ٹیکس نافذ نہیں کیا گیا ہے۔ یہ پوری طرح سے ناانصافی ہے جسے کسی بھی صورت میں برداشت نہیں کیا جا سکتا۔  میٹنگ میں فیصلہ کیا گیا کہ جب تک ٹیکس کے معاملے پر ریاستی حکومت کوئی ٹھوس فیصلہ نہیں کرتی ہے تب تک ہم نیلامی میں حصہ نہیں لیں گے۔  یاد رہے کہ ایکسپورٹ پر عائد ٹیکس اور مقامی سطح پر بازار سمیتی کی جانب سے وصول کئے جانے والے ٹیکس میں تخفیف کرنے اور دیگر مسائل کو حل کرنے کیلئے یہ بیوپاری پہلے ہی ریاستی حکومت کو خط لکھ چکے ہیں۔ حکومت نے ان کی درخواست پر کوئی ٹھوس جواب نہیں دیا ہے۔ البتہ وزیر برائے کامرس عبدالستار کل یعنی ۲۶؍ ستمبر کو بیوپاری ایسوسی ایشن کے وفد سے ملاقات کرنے والے ہیں۔ امید کی جا رہی ہے کہ اس میں کوئی راستہ نکل آئے اور ناسک کے بازاروں میں نیلامی دوبارہ شروع ہو جائے۔ ورنہ کسانوں کے بڑے پیمانے پر نقصان ہونے کا خدشہ ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK