Inquilab Logo

نتیش کے ۱۵؍ سال کے جشن کےجواب میں لالٹین کی نقاب کشائی

Updated: November 25, 2021, 1:53 PM IST | Agency | Patna

آرجے ڈی سربراہ لالو پرساد یادوتقریباً ۴؍سال بعد پارٹی کے ریاستی ہیڈکوارٹر پہنچے ، ۱۱؍ فٹ اونچی اور ۶؍ ٹن وزنی لالٹین کی نقاب کشائی کی۔ اس موقع پر کسان تحریک کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا:’’آج کسانوں کی جیت ہوئی ہے اور مودی کی ہار ۔‘‘پارٹی دفتر کو دلہن کی طرح سجا یا گیا۔تیجسوی یادو نے نتیش کے ۱۵؍ سال بے مثال کا مذاق اڑایا ، طنز کیا ، بہار کو بے روز گاری کا مر کز بتایا

Lalu Yadav arrives for the unveiling of the lantern. .Picture:INN
لا لو یادو لالٹین کی نقاب کشائی کیلئے پہنچ رہےہیں۔ تصویر: پی ٹی آئی

 بہار کی اہم اپوزیشن جماعت راشٹریہ جنتادل ( آرجے ڈی ) پٹنہ میں واقع  صدر دفتر میں بدھ کو سنگ مرمر سے تیار  شدہ ۶؍ ٹن کی لالٹین کی نقاب کشائی کی گئی ۔ واضح رہے کہ اسی دن نتیش حکومت کے ۱۵؍سال مکمل ہونے پر جشن منایا گیا۔ دریں اثناء بہار اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر تیجسوی پرساد یادو نے  وزیراعلیٰ نتیش کمار کی مدت کار کے۱۵؍ سال بے مثال پر کئی سوالات کھڑے کرتے ہوئے کہاکہ ریاست بے روزگاری کی مرکزبن گئی ہے ۔آرجے ڈی صدر لالو پرساد یادوتقریباً ۴؍سال بعد بدھ کو پارٹی کے ریاستی ہیڈکوارٹر پہنچے  جہاں انہوںنے ۱۱؍ فٹ اونچی اور ۶؍ ٹن وزنی لالٹین کی نقاب کشائی کی ۔ اس کے بعد انہوں نے کہا:’’ اس لالٹین کو ’ہری کین‘ کہاجاتاہے  جو طوفان میں بھی نہیں بجھتاہے ۔‘‘   آر جے جی سربراہ  کے بقول :’’ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر تیجسوی پرساد یادو کے ساتھ ہی پارٹی کے  تمام کارکنوں نے تنظیم کو مضبوط کرنے کیلئے سخت محنت کی ہے ۔ مخالفین کو دھول چٹادی ہے ۔‘‘ انہوں نے یاد دلایا :’’ جب میں وزیر ریلوے تھا تب گھاٹے میں چل رہے ریلوے کو فائدہ دلایا ۔‘‘  لالو یادو  نے کسان تحریک کی کامیابی پر خوشی کا اظہار کیا ۔ انہوں کہا:’’آج کسانوں کی جیت ہوئی ہے اور  مودی کی ہار ۔‘‘ اس موقع پر اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر تیجسوی پرساد یادو ، پارٹی کے ریاستی صدر جگدانند سنگھ ، سابق وزیر عبد الباری صدیقی ، جے پرکاش نارائن یادو ، شیام رجک  اور جنرل سیکریٹری آلوک کمار مہتا   کے ساتھ ساتھ بڑی تعداد میں پارٹی کے لیڈر اور کارکن بھی موجود تھے ۔ واضح رہے کہ سنگ مرمر سے تیار لالٹین کی لو۲۴؍ گھنٹے سی این جی سے جلے گی ۔ اس پروگرام کی مناسبت سے پارٹی دفتر کو دلہن کی طرح سجا یا گیا ہے ۔   آرجے ڈی صدر لالو پرساد یادو کے ذریعہ لالٹین کینقاب کشائی کے بعد تقریب  سے خطاب کرتے ہوئے تیجسوی یادو نےکہا:’’ بے روزگاری ، نظم ونسق اور شراب بندی آج ایک اہم چیلنج  ہے ۔  میں نے اسمبلی میں وزیراعلیٰ نتیش کمار سے جتنے بھی   سوالات پوچھے ہیں ان کا جواب نہیں دیا گیا۔‘‘ اپوزیشن لیڈر نے یہ بھی کہا:’’بہار آج بے روزگاری کا مرکز بن گیا ہے لیکن حکومت نوجوانوں کو روزگار دلانے کے سلسلے میں سنجیدہ نہیں ہے ۔‘‘  انہوں نے یہ بھی کہاـ:’’ریاست میں مسلسل قتل کی واردات ہورہی ہیں اور اب تو صحافیوں کو بھی نشانہ بنایاجارہاہے ۔‘‘ ۱۵؍ سال بے مثال پر تنقید کر تےہوئے  یادو نے کہا:’’ کس بات کا۱۵؍ سال بے مثال منایاجارہاہے ۔ گزشتہ۱۵؍ سال میں بہاربے روزگاری کا مرکز بن گیاہے ۔ نظم ونسق کی صورتحال پوری طرح سے خراب ہے ۔‘‘ انہوں نے طنزکرتے ہوئے کہا:’’ وزیراعلیٰ مسٹر کمار کہتے تھے کہ مٹی میں مل جائیںگے لیکن  بی جے پی سے ہاتھ نہیں ملائیںگے ۔سب نے دیکھا کیا ہوا ؟‘‘ اپوزیشن لیڈر نے طنزیہ لہجے میں کہا:’’ کمار کا یہ۱۵؍ سال بے مثال ہے یقینی طور پر کیونکہ یہ سب ان کے لئے حصولیابی کے برابر ہے ۔ محض۱۵؍ دنوں میں  زہریلی شراب سے۶۵؍افراد کی موت ہوگئی ہے لیکن حکومت اس جانب توجہ نہیں دے رہی ہے ۔‘‘ انہوں نے یہ دعویٰ بھی کیا :’’ گزشتہ ایک سال میں۵۰۰؍ افراد کا قتل ہوچکاہے ۔‘‘  تیجسوی یادو نے اپنے خطاب میں اسی طرح کے مختلف دعوؤں کے بعد  سوال کیا :’’ کیا یہی ہے ۱۵؍ سال بے مثال ہے ۔‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK