وزیراعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کی تیاریوں کے درمیان سماجوادی پارٹی کے سربراہ کا اپنے کارکنان سے خطاب، کہا: جی جان سے لگ جائیں، ہمیں تمام سیٹوں پر کامیابی چاہئے
EPAPER
Updated: October 31, 2024, 10:40 PM IST | Lucknow
وزیراعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کی تیاریوں کے درمیان سماجوادی پارٹی کے سربراہ کا اپنے کارکنان سے خطاب، کہا: جی جان سے لگ جائیں، ہمیں تمام سیٹوں پر کامیابی چاہئے
مہاراشٹر اور جھارکھنڈ میں اسمبلی انتخابات کے ساتھ ہی ۱۳؍ ریاستوں میں ۴۷؍ اسمبلی سیٹوں کیلئے ضمنی انتخابات بھی ہورہے ہیں۔ ان میں سب کی توجہ اترپردیش کی جانب مرکوز ہے جہاں سب سے زیادہ ۹؍ سیٹوں پر ضمنی الیکشن ہو رہے ہیں۔ حالانکہ ان سیٹوں کے نتائج سے حکومت کی صحت پر کوئی فرق نہیں پڑے گا، اس کے باوجود اس کی اہمیت مہاراشٹر اور جھارکھنڈ کے اسمبلی انتخابات ہی کی طرح ہے۔ ماہرین کے مطابق اترپردیش کی ۹؍ سیٹوں کے نتائج ثابت کریں گے کہ بی جے پی میں یوگی کا قد بڑھے گا یا کم ہوگا۔ اگر یہ نتیجے بی جے پی کیلئے خراب ہوئے تو یہ وزیراعلیٰ یوگی کے زوال کا نقطہ آغاز بھی ثابت ہوسکتا ہے۔
یہی وجہ ہے کہ تمام ۹؍سیٹوں پر کامیابی کیلئے بی جے پی پورا زور لگا رہی ہے۔ اس کیلئے اس نے ریاست کے تمام وزیروں اور پارٹی عہدیداروں کو ذمہ داریاں سونپ دی ہیں لیکن سماجوادی پارٹی بھی پیچھے نہیں ہے۔ لوک سبھا الیکشن میں ملنے والی کامیابی سے اس کے حوصلے کافی بلند ہیں۔ ایک دن قبل سماجوادی پارٹی کے سربراہ نے بی جے پی پر الزام عائد کیا تھا کہ وہ الیکشن جیتنے کیلئے سرکاری افسران کا استعمال کررہی ہے۔ خیال رہے کہ سماجوادی پارٹی نے اس درمیان الزام عائد کیا تھا کہ ان تمام حلقوں سے جہاں انتخابات ہونے والے ہیں، یادو اور مسلم بی ایل او افسران کا تبادلہ کردیا گیا ہے۔
لوک سبھا انتخابات میں سماجوادی پارٹی کو جس طرح سے عوامی حمایت ملی ہے،اس کی وجہ سے اسے امید ہے کہ وہ ۹؍ میں سے ۷؍سیٹوں پر آسانی سے قبضہ کرلے گی۔ یہی وجہ ہے کہ اس کے لیڈرران اور کارکنان بھی خوب محنت کررہے ہیں۔ اسی سلسلے میں جمعرات کو سماجو ادی پارٹی سربراہ اکھلیش یادو نے پارٹی کارکنان سے گفتگو کی اور ان سے تمام ۹؍سیٹوں کو جیتنے کیلئے جی جان سے لگ جانے کی اپیل کی ہے۔
دیوالی کے موقع پر سیفئی میں پارٹی دفتر پر پوری ریاست سے جمع ہوئے کارکنان سے یادو نے خطاب کرت ہوئے کہا کہ ’’ضمنی انتخابات میں تمام سیٹوں پرجیت حاصل کرنا ہے اور یہ جیت آپ کارکنوں کےبل پر ہی ملے گی، اس لئے سبھی لوگ متحد ہوکر اسمبلی کے ضمنی الیکشن میں مصروف ہوجائیں۔ جن جن اسمبلی سیٹوں پر الیکشن ہورہے ہیں، اس علاقے کے کارکنان اپنے اپنے لیڈر رشتہ دار نزدیکی افراد سے سماج وادی پارٹی کی حمایت میں ووٹنگ کی اپیل تو کروائےہیں اور ان سے اس بات کا بھروسہ بھی لیں کہ سماج وادی پارٹی کی جیت ہی میں ہی ان کا اور ان کی ریاست کا بھلا رہے گا۔
انہوں نے کہا کہ ’’حال کے لوک سبھا الیکشن میں آپ کارکنان کی محنت ہی کا نتیجہ تھا کہ سماج وادی پارٹی نے اترپریش میں۳۷؍ لوک سبھا سیٹوں پر جیت حاصل کی ہے۔ سماج وادی پارٹی کو اپنا مظاہرہ پہلے کی طرح ہی بہتر رکھنا ہے۔ جس طرح سے سماج وادی پارٹی نے لوک سبھا الیکشن میں۳۷؍سیٹیں حاصل کی ہے، اس سے سماج وادی پارٹی کے کارکنان کا حوصلہ بڑھا ہوا ہے۔ اس حوصلے کو۹؍ اسمبلی سیٹوں کے ضمنی الیکشن میں جیت حاصل کر کے اور بھی بڑھانا ہے۔‘‘
قابل ذکر ہے کہ ایس پی سربراہ اکھلیش یادو نے دیوالی کے موقع پر بدھ کی دیر رات لکھنؤ سے سیفئی پہنچے تھے۔ جمعرات کی صبح اکھلیش یادو نے سب سے پہلے پارٹی کے نیشنل سیکریٹری پروفیسر رام گوپال یادو کے گھر پہنچ کر ان سے آشیرواد لیا۔
ایک دن قبل اکھلیش یادو نے وزیر اعلیٰ کے’بٹو گے تو کٹوگے‘ کے نعرے پر سخت ردعمل کا اظہار کیا تھا۔ انہوں نے کہا تھا کہ جس لیب میں یہ نعرہ تیار کیا گیا ہے، اس کیلئے سب سے مناسب وزیر اعلیٰ یہی ہیں جن سے اس نعرے کو فروغ دیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی کی طرح تقسیم ہونے کے بجائےپی ڈی اے کے لوگ متحد ہو کر آگے بڑھیں گے۔ جیت کا دعویٰ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم ضمنی انتخابات میں بی جے پی کو شکست دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ سچ تو یہ ہے کہ بی جے پی کے لوگ بھی بی جے پی سے ناراض ہیں۔
اکھلیش یادو نے کہا کہ وزیر اعلیٰ ملکی پور کی (ایودھیا میں واقع) جس سیٹ کے حوالے سے سب سے زیادہ پریشان تھے، وہاں پر انہوں نے مسلسل دورے کئے اور نفرت انگیز بیانات کے ذریعہ ماحول کو پولرائز کرنے کی بھی کوشش کی لیکن انہیں کوئی فائدہ ملتا ہوا نظر نہیں آرہا ہے۔ اکھلیش یادو نے کہاکہ وزیراعلیٰ نے اندرونی سروے بھی کرایا جس میں پتہ چلا کہ بی جے پی کی حالت خراب ہے، تو انہوں نے ایسا ماحول تیار کیا کہ ملکی پور میں ضمنی انتخابات ہی رک جائے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی کچھ بھی کرلے، عوام نے اسے یوپی اور مرکز سے بے دخل کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔