• Sat, 15 February, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

مہاکمبھ بھگدڑ کیلئے یوپی پولیس نےغلطی کا اعتراف کیا،’’ کہا اب حالات بہتر ہیں‘‘

Updated: February 14, 2025, 10:57 AM IST | Agency | Allahabad

ڈی جی پی پرشانت کمار نے کہا کہ’ ’ایک چھوٹی سی غلطی ہوئی تھی لیکن اب بھیڑ کو منظم کرنے کی سمت میں کام کیا گیا ہے۔‘‘

DGP Prashant Kumar. Photo: INN
ڈی جی پی پرشانت کمار۔ تصویر: آئی این این

مہاکمبھ میں ’مونی اماوسیہ‘ کے موقع پر مچی بھگڈر اوراس میںسرکاری اعدادوشمارکے مطابق ۳۰؍ افراد کی موت کے معاملے میں بالآخر اترپردیش پولیس نے اپنی غلطی تسلیم کر لی ہے۔ خود اترپردیش پولیس کے ڈی جی پی پرشانت کمار نے اعتراف کیا ہے کہ ’مونی اماوسیہ‘ کے روز غلطی ہوئی تھی ۔ حالانکہ انہوں نے اپنے بیان میں یہ بھی کہا ہے کہ اس غلطی سے سبق لیتے ہوئے بھیڑ کو منظم کرنے کی سمت میں کام کیا گیا ہے ۔  موجودہ حالات سے متعلق انہوں نے جانکاری دیتے ہوئے کہا کہ ’مونی اماوسیا‘ کے بعد بھی کروڑوں لوگ روازانہ ڈبکی لگا رہے ہیں اوریہ دعویٰ بھی کیا کہ اب وہاں کوئی دقت نہیں ہو رہی ہے۔ڈی جی پی پرشانت کمار ’ماگھی پورنیما‘  کے موقع پر جمع ہوئی عقیدتمندوں کی بھیڑ اور کراؤڈ مینجمنٹ کے متعلق نامہ نگاروں سے  یہ باتیں کہیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ یہ پانچواں اسنان تھا اور اب مہاشیوراتری کا اسنان باقی ہے۔ حادثہ سے متعلق انہوں نے کہا کہ ’مونی اماوسیہ‘ کے روز کراؤڈ مینجمنٹ میں ایک چھوٹی سی غلطی ہوئی تھی جس کی وجہ سے بھگدڑ مچی اور کچھ لوگوں کو اپنی جانیں بھی گنوانی پڑیں ۔ڈی جی پی کے مطابق کراؤڈ مینجمنٹ کے لیے نئی تکنیک اپنائی گئی ہے جس کی وجہ سے کروڑوں لوگ سنگم میں محفوظ اور منظم طریقے سے ڈبکی لگا رہے ہیں۔ اب تک۴۶؍ سے۴۷؍کروڑ عقیدتمند مہاکمبھ میںسنگم میں ڈبکی لگا چکے ہیں۔ ’ماگھی پورنیما‘ کے موقع پر بھی صبح۱۰؍ بجے تک ایک کروڑ۳؍ لاکھ لوگوں نے اسنان کیا تھا، وہیں شام تک یہ نمبر اس سے کئی گنا زیادہ رہا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ کراؤڈ مینجمنٹ کی یہی تکنیک مہاکمبھ کے علاوہ چترکوٹ، کاشی وشوناتھ مندر، وندھیانچل میں وندھواسنی مندر، ایودھیا میں شری رام جنم بھومی مندر میں بھی اپنائی گئی ہے۔ڈی جی پی پرشانت کمار کے مطابق سبھی مندروں میں امنڈ رہی بھیڑ پر نظر رکھنے کیلئے راجدھانی لکھنؤ میں وار روم بنایا گیا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK