• Mon, 25 November, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

یوپی میں پرامن اور منصفانہ ووٹ شماری کی تیاری

Updated: June 03, 2024, 10:35 AM IST | Abdullah Arshad | Lucknow

۸۱؍ مراکز پر ووٹ شماری ہوگی، گرمی اور لو سے بچاؤ کیلئے تمام سہولیات فراہم کرانے کی ہدایت، ۴؍ جون کو صبح ۸؍ بجے سے گنتی ہوگی۔

UP Chief Election Officer Navdeep Ranwa addressing the press conference. Photo: INN.
یوپی کے چیف الیکشن آفیسر نو دیپ رنوا پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے۔ تصویر:آئی این این۔

عام انتخابات میں اتر پردیش کی ۸۰؍سیٹوں پر ۷؍ مراحل میں الیکشن مکمل کرانے جانے کے بعد الیکشن کمیشن کی جانب سے ۴؍جون کو ووٹ شماری کرانے کی تیاریاں کی جارہی ہیں۔ 
اس سلسلے میں اتوار کو چیف الیکشن آفیسر نو دیپ رنوا نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ ووٹ شماری ۷۵ ؍ اضلاع کے ۸۱ ؍مراکز پر ہوگی جس میں آگرہ، میرٹھ، اعظم گڑھ، دیوریا، سیتا پور، کشی نگر میں ووٹ شماری ۲-۲؍مراکز پر ہوگی جبکہ ۸؍ لوک سبھا سیٹوں کی گنتی ۳؍ اور ۳۷ ؍لوک سبھا سیٹوں کی گنتی ۲؍ اضلاع میں کرائی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ ۳۵ ؍ لوک سبھا سیٹوں کی گنتی ایک ہی ضلع میں ہو گی۔ اسی طرح پوسٹل بیلٹ کی گنتی ضلع کے آر او کی ٹیبل پر ہوگی، ووٹوں کی گنتی اسمبلی حلقوں کے مطابق کرائی جائے گی۔ غازی آباد لوک سبھا حلقہ میں شامل صاحب آباد اسمبلی حلقہ میں ۴۱ ؍راؤنڈ میں گنتی کا کام مکمل ہوگا۔ سبھی اسمبلی حلقوں کے نتائج کو جمع کرنے کے بعد لوک سبھا کے نتائج کا اعلان کیا جائےگا۔ 
اتر پردیش کے چیف الیکشن آفیسر نودیپ رنوا نے مزید بتایا کہ مرکزی الیکشن کمیشن کی جانب سے ووٹ شماری کیلئے ۱۷۹ ؍آبزرورس کو مامور کیا گیا ہے جس میں ۱۵؍ آبزروس کو ایک ایک اسمبلی حلقہ دیا گیا ہے جبکہ ۱۰۴؍ آبزروس کو ۲-۲؍ اسمبلی حلقے، ۶۰ ؍آبزرورس کو ۳-۳؍ اسمبلی حلقے الاٹ کئے گئے ہیں ۔ سبھی لوک سبھا سیٹوں کیلئے ۸۰؍ ریٹرنگ آفیسر کے علاوہ ۱۵۸۱ ؍ اسسٹنٹ ریٹرنگ آفیسر کو مامور کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ ۴؍ اسمبلی حلقوں میں ہونےو الے ضمنی الیکشن کیلئے ۴؍ ریٹرنگ آفیسراور ۲۵؍ اسسٹنٹ ریٹرنگ آفیسرکو مامور کیا گیا ہے۔ 
انہوں نے یہ بھی بتایا کہ ووٹ شماری کی پوری کارروائی سی سی ٹی وی کیمرے کی نگرانی میں مکمل کرائی جائے گی۔ ان کے مطابق اتر پردیش میں مجموعی طور پر ۸۵۱ ؍ امیدوار میدان میں ہیں جن میں ۸۰؍ خاتون امیدوار شامل ہیں ۔ گھوسی پارلیمانی حلقہ میں سب سے زیادہ ۲۸ ؍اور قیصر گنج لوک سبھا سیٹ پر سب سے کم۴؍ امیدوار ہیں ۔ 
نودیپ رنوا نے بتایا کہ تمام لوک سبھا حلقوں میں پوسٹل بیلٹ کی گنتی کیلئےعلاحدہ کمرے فراہم کرانے کی سفارش کی گئی تھی جس کو مرکزی الیکشن کمیشن نے منظور کرلیا ہے، لہٰذا ہوم ووٹنگ اور ووٹر فیلیسیٹیشن مراکز پر حاصل ہونے والےپوسٹل بیلٹ ووٹوں کی گنتی بھی صبح۸؍ بجے شروع ہوگی اور سروس ووٹرز سے حاصل ہونے والے ای ٹی پی بی ایس کی اسکیننگ بھی صبح ۸؍ بجے سےشروع ہوگی۔ اسکیننگ کے بعدان ووٹوں کی گنتی کی جائے گی جس کیلئے کمیشن کی جانب سے ۸۷۱ ؍ٹیبلوں جبکہ پوسٹل بیلٹ کی گنتی ۷۹۴ ؍ ٹیبلوں پر ہوگی۔  
انہوں نے بتایا کہ ووٹ شماری کے دوران سبھی مراکز پر تین سطح کی سیکوریٹی فراہم کرانے کی ہدایت دی گئی ہے۔ پہلی سطح پر ووٹ شماری مرکز سے سو میٹر کے دائرے میں پولیس فورس کومامور کیا جائے گا۔ دوسری سطح میں مرکز کے گیٹ پر مقامی پولیس کو مامور کیا جائے گا جبکہ ووٹ شماری والے ہال میں سی اے پی ایف کومامور کیا جائےگا۔ 
چیف الیکشن آفیسرنےبتایا کہ سبھی ضلع الیکشن آفیسران کو امیدواروں ، ایجنٹوں اور گنتی پر مامور تمام ملازمین کیلئے صاف اور ٹھنڈے پانی کا انتظام کرنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔ 
ای وی ایم کو ایئر فورس کے ہیلی کاپٹر کے ذریعہ کیلونگ ہیڈکوارٹرز پہنچایا گیا
ہماچل پردیش کے لاہول اسپتی کے ضلع الیکشن آفیسر اور لاہول اسپتی کے ڈپٹی کمشنر راہل کمار نے کہا کہ قبائلی ضلع لاہول اسپتی میں یکم جون کو لوک سبھا اور اسمبلی انتخابات کے بعد اسپتی سب ڈویژن کی ای وی ایم کو کازا اسٹرانگ روم سے گنتی کیلئے اتوار کو ایئر فورس کے ہیلی کاپٹر کے ذریعے کیلونگ ہیڈکوارٹرزلے جایا گیا۔ کمار نے کہا کہ اسپتی سب ڈویژن کے۲۹؍ پولنگ اسٹیشنوں سے پولنگ کے بعد لائی گئی مشینوں کو اے ڈی ایم کازا راہل جین اور سیکورٹی فورسیز کی نگرانی میں سخت سیکوریٹی میں اتوار کو سٹرنگی ہیلی پیڈ پر اتارا گیا اور کیلونگ ہیڈ کوارٹرز میں واقع لوک سبھا اور اسمبلی کے اسٹرانگ روم میں بحفاظت منتقل کیا گیا اور انہیں سخت حفاظتی انتظامات میں رکھا گیا ہے۔ سیاسی جماعتوں کے نمائندوں کی موجودگی میں اسسٹنٹ ریٹرننگ آفیسر جانچ کے عمل کو انجام دیں گے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK