طلبہ کی محنت رنگ لائی ۔ اترپردیش پی سی ایس کا امتحان ایک ہی دن دو شفٹوں میں کرانےکیلئے۲۲؍ دسمبرکی تاریخ طے،کمیٹی کی رپورٹ آنے پر طلبہ آر او ؍ اے آراو کے امتحان سے متعلق آگے کی حکمت عملی طے کریں گے
EPAPER
Updated: November 15, 2024, 10:49 PM IST | Lucknow
طلبہ کی محنت رنگ لائی ۔ اترپردیش پی سی ایس کا امتحان ایک ہی دن دو شفٹوں میں کرانےکیلئے۲۲؍ دسمبرکی تاریخ طے،کمیٹی کی رپورٹ آنے پر طلبہ آر او ؍ اے آراو کے امتحان سے متعلق آگے کی حکمت عملی طے کریں گے
طلبہ کا احتجاج، اپوزیشن کی تنقید اور حکومت کی مداخلت پر بالآخر اترپردیش پبلک سروس کمیشن نے اپنے رخ میں نرمی لاتے ہوئے پی سی ایس( پری) کے امتحان کی تاریخ کا اعلان کردیا ہے۔نئی تاریخ کے مطابق ۲۲؍ دسمبر ۲۰۲۴ء کو امتحان منعقد ہوگا۔ طلبہ کے مطالبات کوتسلیم کرتے ہوئے ایک ہی دن دو شفٹوں میں امتحان کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔الٰہ آباد میں جاری طلبہ کا احتجاجی مظاہرہ فی الحال ملتوی ہوگیا ہے اور آر او ؍ اے آراو کے امتحان سے متعلق تشکیل دی گئی کمیٹی کی رپورٹ آنےکے بعد طلبہ آگے کی حکمت عملی طے کریں گے۔
احتجاج کا اثر:وزیراعلیٰ کومداخلت کرنی پڑے
الٰہ آباد میں طلبہ کے احتجاج میں شدت کو دیکھتے ہوئے یوپی حکومت نےاترپردیش پبلک سروس کمیشن کو معاملہ کو سلجھانےکی ہدایت دی تھی اور ذرائع کےمطابق خودوزیراعلیٰ کو اس معاملہ میں مداخلت کرنی پڑی تھی جس کے بعد طلبہ کے مطالبات کو تسلیم کرنے کا فیصلہ کیاگیا۔ طلبہ کے مطالبات کے مطابق ہی اب یہ امتحان ایک ہی دن میں لیا جائے گا اور امیدواروں کی تعدادکو دیکھتے ہوئےاسے دو شفٹوں میں مکمل کیا جائے گا۔ پہلے یہ امتحان ۲؍دنوںمیں ۷ ؍ اور۸؍ دسمبر کو کرانا طے کیا گیا تھا۔ اب ترمیم کے بعد پی سی ایس کا ابتدائی امتحان ۲۲؍ دسمبر کو صبح ساڑھے نو بجے سےساڑھے گیارہ بجے تک اور دوپہرڈھائی بجے سے شام ساڑھے چار بجےتک منعقد کیا جائے گا۔
سرکیولر جاری کیا گیا
امتحان ایک ہی دن کرانے سے متعلق سرکیولر، کمیشن کی جانب سے جمعرات کو ہی جاری کردیا گیا تھا مگر طلبہ آر او/اے آر او کے امتحان سے متعلق بھی اسی طرح کا اعلان کئے جانے کا مطالبہ کر رہے تھے اوراپنا احتجاجی مظاہرہ جاری رکھے ہوئے تھے۔ ابتدائی اقدام کے طور پر، کمیشن نے امتحان کو فی الوقت ملتوی کر دیا ہے اور کمیشن کے سینئر ممبر کلپراج سنگھ کی صدارت میں ایک کمیٹی تشکیل دی ہے، تاکہ امتحان کو نئے سرے سے منعقد کیا جا سکے۔ امتحان کی نئی تاریخوں کا اعلان کمیٹی کی رپورٹ کے بعد ہی کیا جائے گا۔ یوپی پی ایس سی کے افسران اوراحتجاجی طلبہ کے درمیان بات چیت کے مطابق کمیٹی کی رپورٹ آنے تک طلبہ نے اپنا احتجاج ملتوی کردیا ہے۔
مانا جا رہا ہے کہ اگرکمیٹی کی سفارشات طلبہ کے مفاد سے متصادم ہوئیں تو احتجاج کا سلسلہ ایک بار پھر شروع ہو سکتا ہے۔بعض سیاسی مبصرین یہ بھی کہتے ہیں کہ یوپی حکومت ضمنی انتخابات کے مدنظربیک فُٹ پرآئی ہے اور۲۰؍دسمبر کو ووٹنگ ہو جانے کے بعد اس کے رخ میں بھی بدلاؤ آ سکتا ہے۔
کتنی اسامیوںکیلئے بھرتی کا عمل منعقد کیا جارہا ہے؟
غورطلب ہے کہ پی سی ایس کے تحت ۲۲۰؍ اسامیاں بھری جانی ہیں اور آر او اور اے آر او امتحان کے تحت ۴۱۱؍ جگہیں خالی ہیں۔ پی سی ایس کے لئے۵؍لاکھ ۷۴؍ہزار۵۳۸؍ امیدواروں نے درخواستیں دی ہیں جبکہ آر او اور اے آر اوکےلئے ۱۰؍لاکھ ۶۹؍ہزار ۷۲۵؍ درخواستیں آئی ہیں۔کل ملاکر ۱۵؍ لاکھ سے زیادہ نوجوان ان امتحانات سےبراہ راست متاثر ہوئے ہیں۔ ایک عہدہ کے لئے ڈھائی ہزار سے زائد افراد کے درمیان مقابلہ ہے۔