کیجریوال کے ساتھ میٹنگ کے بعد وزیراعلیٰ مان کا دعویٰ، عام آدمی پارٹی میں سب کچھ ٹھیک ہے، ’دہلی ماڈل ‘ کا ادھورا کام پنجاب میں پورا کرنے کی بات کہی۔
EPAPER
Updated: February 12, 2025, 10:44 AM IST | Agency | New Delhi
کیجریوال کے ساتھ میٹنگ کے بعد وزیراعلیٰ مان کا دعویٰ، عام آدمی پارٹی میں سب کچھ ٹھیک ہے، ’دہلی ماڈل ‘ کا ادھورا کام پنجاب میں پورا کرنے کی بات کہی۔
دہلی کے اسمبلی انتخابات میں بری طرح شکست سے دوچار ہونے کے بعد عام آدمی پارٹی کی پنجاب اکائی میں بھی ہلچل تیز ہوگئی ہے۔ اسی کے پیش نظر پارٹی نے پنجاب کے تمام اراکین کو دہلی طلب کیا اور پارٹی کے کنوینر اروند کیجریوال کے ساتھ میٹنگ ہوئی۔اس اعلیٰ سطحی میٹنگ میں دہلی کے سابق نائب وزیراعلیٰ منیش سیسودیا بھی شریک ہوئے۔ میٹنگ کے بعد پنجاب کے وزیراعلیٰ بھگونت مان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’پنجاب میں سب کچھ ٹھیک ٹھاک ہے۔‘اسی کے ساتھ انہوں نے ’دہلی ماڈل‘ کے ادھورے کاموں کو پنجاب میںپورا کرنے کی یقین دہانی بھی کرائی۔
دوران گفتگو بھگونت مان نے پنجاب حکومت کی کامیابیوں پر روشنی ڈالی اور دو سال کے اندر ریاست کو ترقی کے ماڈل میں تبدیل کرنے کے اپنے پرعزم ویژن کا خاکہ پیش کیا۔حال ہی میں ختم ہونے والے دہلی کے انتخابات میں پنجاب کی ٹیم کی انتھک کوششوں کیلئے ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے مان نے کہا کہ ’’پنجاب سے ہمارے لیڈروں اور کارکنوں نے دہلی کے انتخابات کے دوران تندہی سے کام کیا۔‘‘ انہوں نے کہا کہ ’آپ‘ کے ذریعہ دہلی میں کئے گئے تبدیلی کے کاموں سے تحریک لیتے ہوئے ہم پنجاب میں بھی اچھی حکمرانی فراہم کرنے پر توجہ مرکوز کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ آج بھی دہلی کے لوگ کہتے ہیں کہ ۷۵؍ برسوں میں ہم نے ایسا کام نہیں دیکھا، جیسا ’آپ‘ کی حکومت نے گزشتہ ۱۰؍ برسوں کے دوران کیا ہے۔
بھگونت مان نے حکومت کے روزگار کے اقدامات کی نشاندہی کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ تین برسوں میں۵۰؍ ہزارسے زائد میرٹ کی بنیاد پر سرکاری نوکریاں بغیر کسی جانبداری اور رشوت کے فراہم کی گئی ہیں۔ اس کے علاوہ۱۷؍ ٹول پلازے بند کئے گئے ہیں جس کی وجہ سے عوام کو یومیہ۶۲؍ لاکھ روپے کی بچت ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کہ ’آپ‘ ایک ایسی پارٹی ہے جو نتائج دیتی ہے، خالی وعدے نہیں، یہی وجہ ہے کہ ہم اپنے کام سے جانے جاتے ہیں۔ ہم مذہبی سیاست، غنڈہ گردی یا انتقام میں ملوث نہیں ہیں۔ پنجاب میں امن و قانون کی صورتحال دیگر کئی ریاستوں سے بہتر ہے۔
کانگریس لیڈر پرتاپ باجوہ کو نشانہ بناتے ہوئےبھگونت مان نے ان کے دعوؤں کو مسترد کر دیا کہ ’آپ‘ کے ایم ایل ایز، اُن کے رابطے میں ہیں۔ انہوں نے ان الزامات کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ عام آدمی پارٹی پوری طرح سے متحد ہے اور ہماری حکومت کو کوئی خطرہ نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ انہیں میرا مشورہ ہے کہ وہ ہمارے ایم ایل ایز کے بجائے، اپنے ایم ایل ایز گن لیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے یہاں پارٹی بازی کرنے والوں کا کلچر نہیں ہے۔ خیال رہے کہ کانگریس لیڈر پرتاپ باجوہ نے دعویٰ کیا تھا کہ ’آپ‘ کے ۲۵؍ سے ۳۰؍ ایم ایل ایز ان کے رابطے میں ہیں اوروہ تمام لوگ بہت پارٹی کو خیرباد کہہ سکتے ہیں۔
خیال رہے کہ پنجاب کی سیاست میں ہلچل کی خبروں کے دوران منگل کو صبح ۱۱؍ بجے کپور تھلہ ہاؤس میں یہ میٹنگ بلائی گئی تھی۔ اس میٹنگ میں پنجاب کے وزیراعلیٰ کے ساتھ ہی پارٹی کے لوک سبھا اور راجیہ سبھا کے اراکین بھی پہنچے تھے البتہ منیش سیسودیا ۱۲؍ بجے اور اروند کیجریوال ان کے تین منٹ بعد پہنچے۔ اطلاعات کے مطابق یہ میٹنگ بہت مختصر ۱۰؍ سے ۱۵؍ منٹ تک ہی چلی۔ میٹنگ ختم ہونے کے بعد اروند کیجریوال خاموشی سے چلے گئے جبکہ بھگونت مان نے میڈیا سے گفتگو کی۔