Inquilab Logo Happiest Places to Work
Ramzan 2025 Ramzan 2025

دِشا سالیان کی موت کے معاملے پر اسمبلی میں ہنگامہ

Updated: March 21, 2025, 10:21 AM IST | Iqbal Ansari | Mumbai

حکمراں محاذ کی جانب سے دونوں ایوانوں میں ہنگامہ آرائی کی گئی ۔ آدتیہ ٹھاکرے کو گرفتار کرنے کا مطالبہ۔ کارروائی ۲؍ مرتبہ ملتوی۔ اپوزیشن نے بھی ہنگامہ کیا

Mahayoti members protesting on the steps of Vidhan Bhavan. (Photo: PTI)
ودھان بھون کی سیڑھیوں پر مہایوتی کے اراکین احتجاج کرتے ہوئے۔ (تصویر: پی ٹی آئی)

اداکار سشانت سنگھ راجپوت کی منیجر دِیشا سالیان کی پراسرار موت کے معاملے میں جمعرات کو حکمراں محاذ کے لیڈروںکی جانب سے قانون ساز اسمبلی اور قانون ساز کونسل دونوں ایوانوں میں ہنگامہ کیا گیا جس کےسبب اسمبلی کی کارروائی ایک مرتبہ اورکونسل کی کارروائی ۲؍ مرتبہ ملتوی کرنی پڑی ۔حکمراں محاذ دِشا سالیان کے معاملے میں آدتیہ ٹھاکرے کو گرفتار کرنے کا مطالبہ کر رہا تھا جبکہ شیو سینا(ادھو) کے لیڈروں کا کہنا تھا کہ آدتیہ ٹھاکرے کو  سی بی آئی اور سی آئی ڈی کی جانچ میں کلین چٹ مل چکی ہے اور چونکہ معاملہ عدالت میں زیر سماعت ہے اس لئے اس پر ایوان میں بحث نہیں   ہونی چاہئے۔اس معاملے میں وزیر مملکت برائے داخلہ نے ایوان کو یقین دلایاکہ کورٹ کا جو فیصلہ آئے گا ، اس کے مطابق حکومت کارروائی کی جائے گی۔
  جمعرات کو حکمراں جماعت کے اراکین اسمبلی نے ودھان بھون کی سیڑھیوں پر بھی احتجاج کرتے ہوئے ادھو ٹھاکرے کے استعفے کا مطالبہ کیا جبکہ اپوزیشن نے اس احتجاج کو ٹھاکرے خاندان کے خلاف سازش قرار دے کر جوابی احتجاج کیا۔
   اس ضمن میں آدتیہ ٹھاکرے نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ معاملہ کورٹ میں زیر سماعت ہے اس لئے ہم وہیں پر جواب دیں گے۔ مہا وکاس اگھاڑی کے لیڈروں نے کہا کہ مہا یوتی کی حکومت اپنی ناکامیوں کو چھپانے اور اجلاس میں اس پر بحث نہ ہو  اس لئے اس طرح ہنگامہ آرائی کر رہی ہے۔ حالانکہ ہم عوامی مسائل پر بات کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔
 مہایوتی کےاراکین اسمبلی نے ودھان بھون کی سیڑھیوں پر دِشا سالیان کی مبینہ خودکشی کے معاملے میں آدتیہ ٹھاکرے کے خلاف نعرے بازی کی۔ ریاستی وزیر نتیش رانے نے کہا کہ دِشا سالیان کے والد نے بامبے ہائی کورٹ میں عرضی دائر کی ہے جس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ ان کی بیٹی کے ساتھ زیادتی کے بعد اسے قتل کیا گیاہے۔ اس عرضی میں آدتیہ ٹھاکرے کا نام بھی شامل ہونے کی وجہ سے انہیں فوراً استعفیٰ دیناچاہئے۔
 دوسری جانب اپوزیشن کے اراکین اسمبلی نے بھی ودھان بھون کی سیڑھیوںپر احتجاج کیا اور قانون ساز کونسل کے چیئرمین رام شندے پر جانبداری کا الزام عائد کیا۔ اپوزیشن لیڈر امباداس دانوے نے کہا کہ حکمراں محاذ کے پاس اگر کوئی شکایت ہے تو وہ وزیر اعلیٰ یا متعلقہ وزیر سے رجوع کرے لیکن ان کا مقصد صرف ٹھاکرے خاندان کو بدنام کرنا ہے، اسی لئے ہم بھی احتجاج کر رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اپوزیشن کو احتجاج کا آئینی حق حاصل ہے لیکن ہمیں ایوان میں بولنے نہیں دیا جا رہاہے، اس لئے ہمیں سیڑھیوں پر احتجاج کرنا پڑا۔ اپوزیشن لیڈر نے الزام لگایا کہ حکمراں جماعت غیر جمہوری طریقے سے اپوزیشن کی آواز دبانے کی کوشش کر رہی ہے۔
  آدتیہ ٹھاکرے کی گرفتاری کے نتیش رانے کے مطالبے پر اسپیکر ایڈوکیٹ راہل نارویکر نے انہیں یاد دلایا کہ وہ ایک وزیر ہیں اور وزیر مطالبہ کرنا نہیں بلکہ عوام کے مطالبات پورے کرتا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK