• Thu, 23 January, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo

امریکہ اور چین کی ایکدوسرے پر نئی تجارتی پابندیاں

Updated: December 13, 2024, 11:23 AM IST | Agency | Washington

امریکہ نے نئی برآمدی پابندیوں میں چین کی جدید سیمی کنڈکٹرز بنانے کی صلاحیت کو ہدف بنایا، چین نے امریکہ کو فوجی شعبے میں برآمد کی جانے والی مصنوعات پرپابندی لگائی۔

Outgoing US President Joe Biden and Chinese President Jin Ping. Photo: INN
امریکہ کے رخصت پذیر صدرجو بائیڈن اور چین کے صدرجن پنگ۔ تصویر: آئی این این

 امریکہ اور چین نے ایک دوسرے پر نئی تجارتی پابندیاں عائد کرنے کا اعلان کیا ہے جس سے دنیا کی دو سب سے بڑی معیشتوں کے درمیان مسابقت میں شدت آتی جا رہی ہے۔ امریکہ نے نئی برآمدی پابندیوں میں چین کی جدید سیمی کنڈکٹرز بنانے کی صلاحیت کو ہدف بنایا گیا ہے کیونکہ اس صلاحیت کو ہتھیاروں کے نظام اور مصنوعی ذہانت کی ترویج میں استعمال کیا جا سکتا ہے۔ تازہ ترین قوانین میں چینی چپ کمپنیوں سائی کیریئر اور پائیوٹیک سمیت ۱۴۰؍ کمپنیوں کو امریکی سیمی کنڈکٹرز برآمد کرنے پر پابندی شامل ہے۔ وہائٹ ہاؤس کے قومی سلامتی کے مشیر جیک سلیوان نے ایک بیان میں کہا ’’امریکہ نے اپنی ٹیکنالوجی کو مخالفین کی جانب سے ان طریقوں سے استعمال کرنے سے بچانے کیلئے اہم اقدامات کئے ہیں جن سے ہماری قومی سلامتی کو خطرہ ہو۔ ‘‘
 سلیوان نے مزید کہا کہ واشنگٹن اپنے اتحادیوں اور شراکت داروں کے ساتھ مل کر کام کرتا رہے گا تاکہ ’دنیا کی صف اول کی ٹیکنالوجیز اور معلومات کو فعال اور جارحانہ طریقے سے محفوظ رکھا جا سکے۔ ‘ امریکی محکمہ تجارت کے مطابق تازہ ترین پابندیاں ’نارا ٹیکنالوجی گروپ‘ کو بھی متاثر کریں گی جو چپ تیار کرنے کا سامان بناتا ہے۔ تجارت اور صنعت و سلامتی کے نائب وزیر ایلن اسٹیویز نے امریکی اقدام کے حوالے سے کہا، ’’ہم مسلسل اپنے اتحادیوں اور شراکت داروں سے بات کر رہے ہیں اور ساتھ ہی اپنے کنٹرولز کا دوبارہ جائزہ لے رہے ہیں اور انہیں اپ ڈیٹ کر رہے ہیں۔ ‘‘
 تازہ ترین امریکی اعلان میں دو درجن قسم کے چپ بنانے کے آلات اور سیمی کنڈکٹرز کو تیار کرنے یا تیار کرنے کے لیے تین قسم کے سافٹ ویئر آلات کو محدود کرنا بھی شامل ہے۔ 
امریکہ چین تعلقات اور پانڈاسفارت کاری
 دوسری طرف چین نے منگل کو اعلان کیا کہ وہ گیلیم، جرمینیم، اینٹیمونی اور دیگر اہم ہائی ٹیک مواد کی امریکہ کو برآمدات پر پابندی لگا رہا ہے جس کو ممکنہ طور پر فوجی شعبہ میں استعمال کیا جا سکتا ہے۔ 
 بیجنگ میں وزارت تجارت نے یہ اعلان امریکی اقدام کے ایک روز بعد کیا گیا ہے جس کے تحت چینی کمپنیوں کو کمپیوٹر چپ بنانے والے آلات، سافٹ ویئر اور ہائی بینڈوڈتھ میموری چپس پر برآمدی کنٹرول سے مشروط کیا گیا ہے۔ اطلاع کے مطابق ان چپس کی اعلیٰ درجے کی ایپلی کیشن بنانے میں ضرورت ہوتی ہے۔ امریکہ اور چین کی جانب سے ادلے بدلے جیسی تجارتی پابندیوں میں اضافہ ایسے تناظر میں سامنے آیا ہے جب نومنتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ چین اور دیگر ممالک سے درآمدات پر تیزی سے محصولات بڑھانے کی بات کر رہے ہیں۔ 
امریکہ کے صدر جو بائیڈن اپنے چینی ہم منصب سے پرو میں ہونے والے ایشیا پیسفک اکنامک کوآپریشن اجلاس میں ۱۶؍ نومبر ۲۰۲۴ء کو ملاقات کر رہے ہیں۔ چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان لن جیان نے منگل کو معمول کی بریفنگ میں کہا، ’’چین نے امریکہ کے ساتھ سیمی کنڈکٹر ایکسپورٹ کنٹرول کے اقدامات، چینی کمپنیوں کے خلاف پابندیوں اور چین کی تکنیکی ترقی کو بدنیتی پر مبنی دبانے پر سخت احتجاج درج کیا ہے۔ ‘‘چین نے امریکہ کو جن معدنیات کی برآمد پر پابندی عائد کی ہے انہیں کاروں اور کمپیوٹرز کے بنانے میں استعمال کیا جاتا ہے۔ امریکی تجارتی ادارے ’’یو ایس انٹرنیشنل ٹریڈ کمیشن‘‘ کی ۲۰۲۱ء کی رپورٹ کے مطابق، چین اینٹیمونی پیدا کرنے والا بڑا ملک ہے۔ اینٹیمونی کو شعلوں کی مزاحمت کرنے والے آلات، بیٹریاں، نائٹ ویژن چشموں اور جوہری ہتھیاروں کی تیاری میں استعمال کیا جاتا ہے۔ 
 امریکہ اس ماہ کے آخر تک مزید نئے قوانین بنانے والا ہے جن کے ذریعے وہ سیمی کنڈکٹر اورچپ بنانے والی چین کی کمپنیوں پرمزید سخت پابندیاں عائد کرے گا۔ امریکہ چین کی ان کمپنیوں پرپابندیاں عائدکرنے جارہا ہے جو اپنےسیمی کنڈکٹر کسی تیسرے ملک کے ذریعے امریکہ برآمدکرتی ہیں۔ اس تعلق سےامریکہ شرائط وضوابط مزید سخت کرے گا۔ 
 واضح رہےکہ دسمبرکے اوائل میں امریکہ رخصت پذیر صدرجو بائیڈن انتظامیہ نے چین کی ۱۴۰؍ کمپنیوں کی نشاندہی کی تھی جو سیمی کنڈکٹر بناتی ہیں اورانہیں بلیک لسٹ کرتے ہوئے چین سے میموری چپ کی خریدوفروخت پر پابندی لگا دی تھی۔ اس کے جواب میں چین نے بھی جدید ٹیکنالوجی میں استعمال ہونے والی معدنیات کی امریکہ کو برآمدپرپابندی کافیصلہ کیا تھا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK