ری پبلکن کے امیدوار اور سابق صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے مشرقی پنسلوانیا میں ایک ریلی کے دوران ڈیموکریٹس کی صدارتی امیدوار کملا ہیرس پر شدید تنقید کی۔
EPAPER
Updated: August 19, 2024, 9:59 AM IST | Pennsylvania
ری پبلکن کے امیدوار اور سابق صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے مشرقی پنسلوانیا میں ایک ریلی کے دوران ڈیموکریٹس کی صدارتی امیدوار کملا ہیرس پر شدید تنقید کی۔
امریکی صدارتی انتخاب کیلئے امیدواروں کے مابین لفظی حملوں میں شدت آتی جارہی ہے۔ ری پبلکن کے امیدوار اور سابق صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے مشرقی پنسلوانیا میں ایک ریلی کے دوران ڈیموکریٹس کی صدارتی امیدوار کملا ہیرس پر شدید تنقید کی۔ ٹرمپ نے کملا کو بنیاد پرست اور پاگل قرار دے دیا۔ ٹرمپ نے مشرقی پنسلوانیا میں ریلی سے خطاب کرتے ہوئے دعویٰ کیاکی کملا ہیرس کو جوبائیڈن کے مقابلے میں ہرانا زیادہ آسان ہو گا۔ ٹرمپ نے کملا ہیرس کو تضحیک کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ کیا آپ نے کملا کو ہنستے ہوئے سنا ہے؟ یہ ایک پاگل کی ہنسی ہے۔ ٹائم میگزین کے تازہ شمارے کے سرورق پر کملا ہیرس کی تصویر پر ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہاکہ ’’میں ان سے زیادہ اچھا لگ رہا ہوں۔ ‘‘خیال رہے کہ ڈیموکریٹک پارٹی کا نیشنل کنونشن آج (پی رکو) ہو گا، کنونشن میں کملا ہیرس کی بطور صدارتی امیدوار نامزدگی کی توثیق کی جائے گی۔ کملا ہیرس نے اتوار کو مغربی پنسلوانیا میں پٹسبرگ سے بس ٹور کے ذریعے اپنی انتخابی مہم میں حصہ لیا۔ معلوم ہو کہ رائے عامہ کے سروے میں کملا ہیرس کو ٹرمپ پر برتری حاصل ہے۔
پردہ کے متعلق ٹرمپ کا آٹھ سال پرانا بیان ایک بار پھر وائرل ہوگیا
ٹرمپ کی پردے کی حمایت والی ایک ۸؍سال پرانی ویڈیو سی این این کے ذریعے نشر کئے جانے کے سبب ایک بار پھر وائرل ہوگئی ہے۔ اس میں ٹرمپ کہتے نظر آرہے ہیں کہ’’ جو خواتین پردہ کرنا چاہتی ہیں تو ہمیں ان کی پسند اور انتخاب میں مداخلت نہیں کرنا چاہیے۔ ‘‘ اس ویڈیو میں سابق امریکی صدر ٹرمپ نے کہا ہے کہ’’ میک اپ کرنے کے مقابلے میں پردہ کرنا زیادہ آسان ہے اور اس سے وقت بھی بچتا ہے۔ اگر میں عورت ہوتا تو میک اپ پر پردے کو ترجیح دیتا۔ ‘‘ قابل ذکر ہے کہ اس ویڈیو پر سوشل میڈیا صارفین کا کہنا ہے کہ یہ مسلمان ووٹرز کی ہمدردی حاصل کرنے کی کوشش ہوسکتی ہے جبکہ کچھ نے ٹرمپ کی دوسروں کے انتخاب و پسندکے احترام کے جذبہ کی ستائش کی۔ یہ بھی کہا جا رہا ہے کہ چونکہ ٹرمپ انتخابی سروے میں کملا ہیرس سے پچھڑتے نظر آرہے ہیں اسلئے اس فرق کو کم کرنے کے لیے ان کی میڈیا ٹیم نے پرانا ویڈیو وائرل کروایا ہے۔