• Wed, 27 November, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

ٹرمپ انتظامیہ میں سرمایہ کاراور دائیں بازوکے چہروں کو ترجیح

Updated: November 14, 2024, 10:52 AM IST | Washington

ٹرمپ نے اپنی انتخابی مہم میں  بے دریغ خرچ کرنیوالے ایلون مسک کوخصوصی ذمہ داری سونپی، پیٹ ہیگزے کو وزیر دفاع مقرر کیا، رئیل اسٹیٹ ٹائیکون اسٹیووٹکوف کی بطور مشرق وسطیٰ میں خصوصی ایلچی تقرری، مائیک ہکابی کو اسرائیل میں امریکہ کا نیا سفیر نامزد کیا، مزید وفادار چہروں کے شامل کئے جانے کا اندازہ۔

Donald Trump has named his friend Elon Musk to head the Department of Government Efficiency. Photo: INN.
ڈونالڈ ٹرمپ نے اپنے دوست ایلون مسک کو محکمہ برائے حکومتی کارکردگی کا سربراہ بنایا ہے۔ تصویر: آئی این این۔

نومنتخب امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ اپنی کابینہ اور انتظامیہ کی تشکیل میں تندہی سے مصروف ہیں۔ بدھ کو انہوں  نے اس حوالے سے کئی اہم اعلانات کئے، جن میں ایلون مسک سمیت اسرائیل نواز اور سرمایہ کار چہروں کو ترجیح دے کر اہم عہدے اور ذمہ داریاں  دینے کا اعلان کیا گیا ہے۔ 
خیال رہے کہ ڈونالڈ ٹرمپ۲۰؍جنوری کو حلف اٹھائیں  گے لیکن اپنی کابینہ کی تشکیل میں  وہ زوروشور سے مصروف ہیں۔ انہوں  نے کابینہ کیلئے انتخابی مہم میں بھاری چندہ دینے والوں اور سابق دور کے وفاداروں کی لائن لگا دی ہے۔ ٹرمپ نے ایلون مسک اور سابق ری پبلکن صدارتی امیدوار ویوک رام سوامی کو ڈپارٹمنٹ آف گورنمنٹ ایفی شنسی (DOGE) یعنی محکمہ برائے حکومتی کارکردگی کی سربراہی کا عہدہ دیدیا۔ 
ٹیسلا اور ایکس (ٹویٹر) کے مالک، دنیا کے امیر ترین شخص میں سے ایک ایلون مسک کی ذمہ داری بیوروکریسی کی اجارہ داری اور ان کے فضول اخراجات کو ختم کرنے کے ساتھ ساتھ وفاقی ایجنسیوں کی ساخت کی ازسر نو تشکیل ہوگی۔ امریکی میڈیا کے مطابق مسک کی یہ ذمہ داری حکومت سے باہر رہتے ہوئے ٹرمپ انتظامیہ کو مشورے اور مدد فراہم کرنے کی ہوگی۔ ان کے ساتھ راما سوامی بھی اس عہدے پر کام کریں گے۔ مسک نے اس عہدے پر نامزدگی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ وہ فضول اخراجات کو کم کرکے امریکی بجٹ کے ۲؍کھرب ڈالر بچا سکیں گے۔ یاد رہے کہ ایلون مسک نے ٹرمپ کی انتخابی مہم کیلئے ۱۱۹؍ ارب ڈالر خرچ کیے تھے جس پر ٹرمپ نے انہیں اپنی کابینہ میں اہم عہدہ دینے کا وعدہ کیا تھا۔ 
 ٹرمپ نے اپنے پسندیدہ نیوز چینل ’’فوکس نیوز‘‘ کے اینکر پیٹ ہیگزے کو بھی اعلیٰ عہدہ دیا جو فوج میں بھی خدمات انجام دے چکے ہیں۔ ٹرمپ نے کہا ہے کہ فخر ہے پیٹ کو اپنی کابینہ میں وزیردفاع کے طور پرکام کرنے کیلئے نامزدکیا۔ اُنہوں نے کہا کہ پیٹ نے اپنی زندگی فوجیوں اور ملک کیلئے ایک جنگجوکے طور پر گزاری ہے، ہماری فوج دوبارہ عظیم ہوگی اور امریکہ کبھی پیچھے نہیں ہٹے گا۔ دوسری جانب نومنتخب صدر ٹرمپ نے مائیک ہکابی کو اسرائیل میں امریکہ کا نیا سفیر نامزد کر دیا۔ 
اس تقرری کیلئے امریکی سینیٹ سے توثیق ضروری ہے اور سینیٹ میں ریپبلکنز کی اکثریت ہونے کے باعث ممکن ہے کہ پیٹ ہیگزتھ کی تقرری کسی رکاوٹ یا مخالفت کے بغیر ہوجائے گی۔ امریکی میڈیا کے مطابق نامزدگی کے حوالے سے ٹرمپ نے کہا کہ خوشی ہو رہی ہے ارکنساس کے سابق گورنر مائیک ہکابی کو اسرائیل میں سفیر نامزد کر رہا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ مائیک کئی سالوں سے عظیم سرکاری ملازم، گورنر، اور لیڈران فیتھ رہا ہے مائیک اسرائیل اور اسرائیل کے لوگوں سے محبت کرتا ہے اور اسرائیل کے لوگ بھی مائیک سے محبت کرتے ہیں۔ ٹرمپ نے کہا کہ مائیک مشرق وسطیٰ میں امن قائم کرنے کے لیے انتھک محنت کریں  گے۔ 
اسی طرح نومنتخب امریکی صدر نے رئیل اسٹیٹ ٹائیکون۶۷؍ سالہ اسٹیووٹکوف کی بطور مشرق وسطیٰ میں خصوصی ایلچی تقرری کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اسٹیو وٹکوف امن کے لیے ایک ان تھک آواز ہوں گے۔ خیال رہے کہ اسٹیووٹکوف سفارت کاری یا خارجہ پالیسی کا کوئی تجربہ نہیں رکھتے تاہم وہ بھی ایلون مسک کی طرح ٹرمپ کی انتخابی مہم پر بے دریغ خرچ کرنے والوں میں سے ایک ہیں۔ ڈونالڈ ٹرمپ نے قومی انٹیلی جنس کے سابق ڈائریکٹر جان ریٹکلف کو سینٹرل انٹیلی جنس ایجنسی (سی آئی اے) کا ڈائریکٹر نامزد کردیا۔ ٹرمپ کا اپنے بیان میں کہنا تھا کہ نیشنل انٹیلی جنس کے سابق ڈائریکٹر جان ریٹکلف سی آئی اے ڈائریکٹر کے طور پر کام کریں گے۔ ریٹکلف ٹرمپ کے پہلے دور حکومت میں قومی انٹیلی جنس کے ڈائریکٹر کے طور پر خدمات انجام دے چکے ہیں۔ اس سے قبل ٹرمپ وزیر خارجہ کیلئے فلوریڈا سے سینیٹ کے رکن مارکو روبیو کے نام کا اعلان کرچکے ہیں جبکہ ہوم لینڈ سیکوریٹی چیف کے لئے ساؤتھ ڈکوٹا کی گورنر کرسٹی نوم کا انتخاب کیا ہے۔ علاوہ ازیں گزشتہ روز ہی ٹرمپ نے اپنے پہلے دورِ اقتدار کے قائم مقام امیگریشن چیف تھامس ہومن کو `بارڈر زار مقرر کیا جو غیرقانونی تارکین وطن کو واپس ان کے ممالک بھیجنے کی ٹرمپ پالیسی پر عمل درآمد کروائیں گے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK