• Sat, 22 February, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

امریکہ میں برڈ فلو کا قہر، لاکھوں مرغیوں کی اموات، ترکی سے ۱۵ ہزار ٹن انڈے درآمد کرنے کا فیصلہ کیا

Updated: February 20, 2025, 10:03 PM IST | Inquilab News Network | Washington

امریکہ میں لاکھوں مرغیوں کی اموات سے صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے روزمرّہ کے اخراجات کو کم کرنے کی کوششوں کو دھچکا پہنچا ہے کیونکہ انڈوں کی پیداوار میں کمی کے بعد ریستورانوں میں انڈوں کے پکوانوں کی قیمتوں میں ریکارڈ اضافہ نوٹس کیا گیا ہے۔

Photo: INN
تصویر: آئی این این

امریکہ نے ترکی سے تقریباً ۱۵ ہزار ٹن انڈے درآمد کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس پر عمل درآمد بھی شروع ہوگیا ہے۔ سیکٹر کے ایک سرکردہ اہلکار نے بدھ کو بتایا کہ ملک میں برڈ فلو کے مسلسل پھیلاؤ کی وجہ سے انڈوں کی پیداوار میں کمی ہو رہی ہے اور قیمتوں میں زبردست اضافہ ہوا ہے۔ اس لئے امریکہ نے ترکی سے انڈے درآمد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ملک میں لاکھوں مرغیوں کی اموات سے صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے روزمرّہ کے اخراجات کو کم کرنے کی کوششوں کو دھچکا پہنچا ہے کیونکہ انڈوں کی پیداوار میں کمی کے بعد ملک میں کرانہ دکانوں پر انڈوں اور ریستورانوں میں انڈوں کے پکوانوں کی قیمتوں میں ریکارڈ اضافہ نوٹس کیا گیا ہے۔ 

ترکی کی ایگ پروڈیوسرز سینٹرل یونین کے چیئرمین ابراہیم عفیون نے کہا کہ کل ۱۵ ہزار ٹن انڈے امریکہ روانہ کئے جائیں گے جو ۷۰۰ کنٹینرز کے برابر ہے۔ امریکہ کو انڈوں کی ترسیل اس ماہ سے شروع ہو چکی ہے اور جولائی تک جاری رہے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس معاہدے سے تقریباً ۲۶ ملین ڈالر کی برآمدی آمدنی متوقع ہے۔ ترکی دنیا کے ۱۰ بڑے انڈوں کے برآمد کنندگان میں شامل ہے۔ 

یہ بھی پڑھئے: ٹرمپ دوائوں اور سیمی کنڈکٹر پر بھی ٹیرف لگائیں گے؟

امریکی محکمہ زراعت نے درآمدات پر کوئی تبصرہ نہیں کیا۔ واضح رہے کہ امریکہ میں برڈ فلو زور پکڑ رہا ہے اور حکومت برڈ فلو پر قابو پانے میں کامیاب نہیں ہو پائی ہے۔ گزشتہ سال مارچ میں ٹیکساس میں ڈیری مویشیوں میں برڈ فلو کا پتہ چلا تھا اور اس کے بعد یہ وائرس ۱۷ ریاستوں میں ۹۷۰ سے زیادہ ریوڑ میں پھیل چکا ہے۔گزشتہ ۱۰ ماہ میں، تقریباً ۷۰ افراد اس وائرس سے متاثر ہوئے ہیں جن میں ایک متاثرہ شخص کی موت ہوچکی ہے۔ امریکی اعداد و شمار کے مطابق، پولٹری میں برڈ فلو کے پھیلنے کا آغاز ۲۰۲۲ء میں ہوا جو اب تک تقریباً ۱۶۲ ملین مرغیوں، ٹرکیوں اور دیگر پرندوں کو ہلاک کر چکا ہے۔ حالیہ انفیکشن کے مزید پھیلنے کی وجہ سے ملک میں انڈوں کی کمی میں اضافہ ہوا ہے۔ یو ایس ڈی اے نے ابھی تک برڈ فلو کے خلاف ویکسین کے استعمال کی اجازت نہیں دی ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK