Inquilab Logo Happiest Places to Work

صعدہ میں تارکین وطن کے حراستی مرکز پر امریکی بمباری ،۶۸؍ افریقی ہلاک

Updated: April 29, 2025, 12:49 PM IST | Agency | Sana`a

امریکی سینٹرل کمانڈ کی ۱۵؍ مارچ کوحوثیوںکے خلاف فضائی کارروائی تیز کرنے کی ہدایت کے بعد یمن میں۸۰۰؍ سے زائد اہداف پر حملے کئے جا چکے ہیں۔

Officials carry an injured person for medical attention after the attack. Photo: INN
حملے کے بعد اہلکار ایک زخمی کو طبی مدد فراہم کرنے کیلئے لے جاتے ہوئے۔ تصویر: آئی این این

یمن میں حوثیوں کے زیر کنٹرول تارکین وطن کے حراستی مرکز پر امریکی فضائی حملے میں کم از کم۶۸؍ افریقی شہری ہلاک ہو گئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق یمنی حوثیوں کے المسیرہ ٹی وی نے خبر دی ہے کہ صوبہ صعدہ کے مرکز پر بمباری کے نتیجے میں ۴۷؍ تارکین وطن زخمی ہوئے ہیں جن میں سے زیادہ تر کی حالت تشویشناک ہے، المسیرہ نے گرافک فوٹیج پوسٹ کی جس میں تباہ شدہ عمارت کے ملبے میں ڈھکی ہوئی متعدد لاشوں کو دکھایا گیا ہے۔ امریکی فوج کی جانب سے فوری طور پر کوئی تبصرہ نہیں کیا گیا۔ 
 امریکی سینٹرل کمانڈ نے اعلان کیا تھا کہ صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی جانب سے ۱۵؍مارچ کو حوثی باغیوں کے خلاف فضائی کارروائی تیز کرنے کے حکم کے بعد سے اس کی افواج نے۸۰۰؍ سے زائد اہداف کو نشانہ بنایا ہے۔ بیان میں کہا گیا تھا کہ ان حملوں میں سیکڑوں حوثی جنگجو اور متعدد حوثی لیڈر مارے گئے ہیں جن میں میزائل اور ڈرون پروگراموں کی نگرانی کرنے والے سینئر حکام بھی شامل ہیں ۔ حوثیوں کے زیر انتظام حکام کا کہنا ہے کہ ان حملوں میں بڑی تعداد میں شہری ہلاک ہوئے ہیں لیکن انہوں نے اس گروپ کے اراکین میں سے کچھ کی اموات کی اطلاع دی ہے۔ اتوار کی رات جب صعدہ میں تارکین وطن کے حراستی مرکز کو نشانہ بنایا گیا تو اس میں مبینہ طور پر۱۱۵؍ افریقی قید تھے۔ یمن میں ۱۱؍ سال سے جاری جنگ کی وجہ سے پیدا ہونے والے انسانی بحران کے باوجود تارکین وطن جزیرہ نما صومالیہ (ہارن آف افریقہ) سے کشتیوں کے ذریعے ملک میں پہنچ رہے ہیں جن میں سے زیادہ تر کام کی تلاش میں ہمسایہ ملک سعودی عرب میں داخل ہونے کا ارادہ رکھتے ہیں ۔ انٹرنیشنل آرگنائزیشن آف مائیگریشن (آئی او ایم) کے مطابق اس کے بجائے انہیں استحصال، حراست، تشدد اور متنازع علاقوں میں خطرناک سفر کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ صرف۲۰۲۴ء میں تقریباً۶۰؍ ہزار ۹۰۰؍ تارکین وطن ملک پہنچے جن میں سے اکثر کے پاس زندہ رہنے کا کوئی ذریعہ نہیں تھا۔ رواں ماہ کے اوائل میں حوثی زیر انتظام حکومت نے کہا تھا کہ بحیرہ احمر کے ساحل پر راس عیسیٰ آئل ٹرمینل پر امریکی فضائی حملوں میں ۷۴؍ افراد ہلاک اور۱۷۱؍ زخمی ہوئے تھے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK