متعدد اموات ،کہیں تیز تو کہیں ہلکی برسات سے فصلوں کو شدید نقصان، آئندہ دو دنوں تک بارش اور آندھی کا سلسلہ جاری رہ سکتا ہے ، دہلی اور ہریانہ بھی متاثر
EPAPER
Updated: April 10, 2025, 10:37 PM IST | Lucknow
متعدد اموات ،کہیں تیز تو کہیں ہلکی برسات سے فصلوں کو شدید نقصان، آئندہ دو دنوں تک بارش اور آندھی کا سلسلہ جاری رہ سکتا ہے ، دہلی اور ہریانہ بھی متاثر
اترپردیش میں اچانک موسم تبدیل ہوا اور بیشتر اضلاع میں تیز آندھی، بارش اور ژالہ باری ہوئی جس کے سبب عام لوگوں کو گرمی سے راحت تو ملی لیکن فصلوں کو شدید نقصان پہنچا۔ آندھی ، بارش اور آسمانی بجلی کے سبب اعظم گڑھ ، غازی پور، جونپور، فتح پور ، قنوج اور کانپور دیہات سے خبر لکھے جانے تک ۸؍اموات کی اطلاع ہے جبکہ کئی افراد زخمی ہوئے ہیں۔ ریاست کے کئی اضلاع جیسے لکھنؤ ، کانپور، بریلی ، بدایوں ، شاہجہانپور میں تیز بارش ہوئی جس سے گرمی سے راحت ملی ، لیکن یہ بارش کسانوں کے لئے بڑی مصیبت کا باعث بن گئی۔ کئی مقامات پر ہلکی بارش درج کی گئی ۔وارانسی میں وزیر اعظم کی مجوزہ ریلی کے ٹینٹ کو بھی تیز ہوا نے نقصان پہنچایا ۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ دو دنوں تک بارش کا سلسلہ جاری رہ سکتا ہے ، اس دوران ۴۰؍سے ۵۰؍کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل سکتی ہیں۔
بدھ کی دیر شب سے شروع ہوئی بارش جمعرات کی صبح تک جاری رہی ۔ بہرائچ اور لکھیم پور کھیری وغیرہ میں ژالہ باری بھی ہوئی ۔ مشرقی یوپی کے کچھ مقامات پر ایک سینٹی میٹر تک بارش درج کی گئی جبکہ مغربی یوپی میں ۴۸؍کلومیٹر فی گھنٹے کی رفتار سے ہوائیں چلیں ۔ پریاگ راج اور گورکھپور جیسے شہروں میں ۴۳؍کلو میٹر فی گھنٹے کی رفتار سے تیز ہوا کے جھونکے محسوس کئے گئے ۔ بارش سے جہاں گرمی سے راحت ملی وہیں یہ کسانوں کے لئے مصیبت کا سبب بھی بن گئی ۔ اس سے گیہوں ، ارہر اور سبزیوںکی فصلوں کو شدید نقصان ہونے کا اندیشہ ہے ۔
محکمہ موسمیات کے سینئر سائنسداں محمد دانش نے بتایاکہ لکھنؤ میں ۱۳؍ملی میٹر بارش درج کی گئی ، جبکہ سب سے زیادہ بارش سلطانپور میں ۲۵ء۲؍ میں ہوئی جبکہ بارہ بنکی میں ۲۴ء۸، غازی پور میں ۲۲ء۶، گورکھپور میں ۱۲ء۳؍ملی میٹر بارش درج کی گئی ۔ اس کے علاوہ ہردوئی ، کانپور، وارانسی ، بلیا ، بہرائچ ، فرصت گنج ، امیٹھی ، گونڈہ، بستی ، مین پوری ، ایٹہ ، متھرا، علی گڑھ ، فیروز آباد، پیلی بھیت اور بریلی وغیرہ میں بھی بارش کی اطلاع ہے۔ محمد دانش کے مطابق موسم کی یہ تبدیلی ویسٹرن ڈسٹربنس اور ریاست پر ایک ٹرف لائن ہونےکی وجہ سے ہوئی ہے ۔ جمعہ اور سنیچر کو بھی متعدد اضلاع میں گرج اور چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے ۔ مغربی یوپی میں درمیانی بارش اور مشرقی یوپی کے کچھ مقامات پر ہلکی بارش کی امید ہے ۔ اتوار کو موسم صاف رہنے کا امکان ہے، لیکن کہیں کہیں معمولی بارش جاری رہ سکتی ہے ۔ دریں اثناء کانپور دیہات میں آسمانی بجلی گرنے سے کھیتوں میں کام کر رہے دو کسانوں کی موت ہوگئی ۔ا س کے علاوہ آسمانی بجلی گرنے سے فتح پور میں دو بچوں اور فیروز آباد میں ایک خاتون کی موت ہوگئی ، سیتاپور میں بھی ایک کسان کی موت ہوگئی ۔
اچانک ہونے والی بارش آم کی فصل کے لئے تو فائدہ مندہے لیکن دیگر فصلوں کے لئے نقصان دہ ہے ۔ کئی علاقوں میں کھیتوں میں پڑی گیہوں کی فصلوں برباد ہوگئی ۔ زرعی ماہرین کے مطابق اچانک بارش سے گیہوں کی چمک میں کمی آئےگی۔ زرعی سائنسداں پی کے شکلا کے مطابق بارش سے آم کے درختوں کی دھلائی ہوگئی جس سے لاسا اور دیگر امراض کے کم ہونے کا امکان ہے ۔ اس کے علاوہ خربوزہ، ککڑی ، تربوز ، لوکی، کریلا و دیگر سبزیوںکی فصلوں پر برا اثر پڑسکتا ہے ۔
وزیراعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے بدھ کی شب اور جمعرات کی صبح آندھی ،بارش اور ژالہ باری کے متاثرین کو فوری راحت پہنچانے کی ہدایت دی ہے ۔ انہوں نے سبھی اضلاع کے افسران سے کہا کہ وہ متاثرہ علاقوںکادورہ کریںاور پوری تندہی سے راحتی کام کرائیں ۔ وزیراعلیٰ نے افسران کو نقصان کا سروے کرانے اور راحتی کاموں پر نظررکھنے کی بھی ہدایت دی ہے ۔ وزیراعلیٰ نے افسران کو ہدایت دی کہ ہے کہ متاثرین کو فوری طور پر امدادی رقم تقسیم کی جائے۔