Updated: March 20, 2024, 5:27 PM IST
| Noida
اتر پردیش کےنوئیڈا میں مسجد کا چندہ لینے آئے سفیر کے ساتھ نشے میں دھت مقامی فرد نے بد سلوکی کی۔ ڈاڑھی پکڑ کر مغلظات بکے۔ حالات کی سنگینی کے پیش نظر پولیس کے کئی اعلیٰ عہدیدار نے جائے وقوع پر پہنچ کر معاملہ درج کیا۔ ملزم کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔ مزید تفتیش جاری ہے۔
منگل کو اتر پردیش کے نوئیڈا میں مسجد کیلئے چندہ جمع کرنے والے شخص پر مبینہ طور پر حملہ کیا گیا۔ یہ واقعہ دوپہر ۱۲؍ بجکر ۲۰؍ منٹ کے قریب سیکٹر ۳۹؍ پولیس اسٹیشن کے دائرہ اختیار میں واقع گاؤں سالار پور میں پیش آیا۔ اطلاع ملتے ہی مقامی حکام جائے وقوع پر پہنچ گئے تاکہ صورتحال کو ابتر ہونے سے بچایا جاسکے۔
عبدالعزیز جن کا تعلق بہار کے کشن گنج سے ہے، کی شناخت اس حملہ سے متاثرہ کے طور پر کی گئی ہے، جو مبینہ طور پر نیرج بھٹی نامی مقامی باشندے نے کیا تھا۔ تفصیلات فراہم کرتے ہوئے، ڈی سی پی (نوئیڈا) ودیا ساگر مشرا نے بتایا کہ ’’ایک ۳۵؍ سالہ شخص جو بہار سے سالار پور چندہ لینے آیا تھا، اس پر دوپہر کے وقت ایک۴۵؍سالہ مقامی باشندے نے حملہ کیا۔ ملزم نے متاثرہ کے بارے میں قابل اعتراض باتیں بھی کہیں۔ ‘‘
پولیس نے متاثرشخص کی شکایت پر کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو حراست میں لے لیا ہے۔ مشرا نے کہا کہ ’’متاثرہ کی شکایت کی بنیاد پر ملزم کو حراست میں لے لیا گیا ہے اور معاملے میں ایف آئی آر درج کی جا رہی ہے۔ کیس کی مزید تفتیش جاری ہے۔ ‘‘عینی شاہدین نے بتایا کہ ملزم نے شراب کے نشے میں دھت اس شخص کی ڈاڑھی پکڑ لی۔ اس نے راہگیروں کو مداخلت کرنے پر مجبورکیا۔ اس کے علاوہ کچھ نے حکام کو آگاہ کیا۔
اطلاع ملتے ہی ڈی سی پی مشرا، ایڈیشنل ڈی سی پی منیش مشرا اور اے سی پی پروین سنگھ کے ساتھ جائے وقوع پر پہنچے اور بگڑتی ہوئی صورتحال سے نمٹنے کیلئے اقدام کئے۔ انہوں نے صورتحال پر قابو پاکر ہجوم کو منتشر کیا کیونکہ اس واقعے کے ویڈیو کلپس سوشل میڈیا پر سامنے آنے کے بعد عوام میں اضطراب پھیلنے لگاتھا۔ اس معاملے میں حکام نے یقین دہانی کرائی ہے کہ قانونی کارروائی جاری ہے۔