• Wed, 15 January, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo

دہلی: ڈی ڈی اے نے اترکاشی سرنگ کے امدادی کارکن وکیل حسن کا گھر منہدم کردیا

Updated: February 29, 2024, 2:59 PM IST | New Delhi

آج دہلی ترقیاتی انتظامیہ (ڈی ڈی اے) نے اترکاشی سرنگ کے امدادی کارکن وکیل حسن کے گھر کو منہدم کردیا ہے۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اس نے کھارجوری کھاس گاؤں میں اپنی حاصل کی گئی زمین سے تجاوزات ہٹانے کیلئے انہدامی کارروائی کا انعقاد کیا تھا جبکہ وکیل حسن کا کہنا ہے کہ ہمیں انہدامی کارروائی کا باقاعدہ کوئی نوٹس بھی نہیں دیا گیا تھا۔

Vakeel Hasan. Photo: INN
وکیل حسن۔ تصویر: آئی این این

دہلی ڈیولپمنٹ اتھاریٹی نے آج صبح اتر کاشی سرنگ کے امدادی کارکن وکیل حسن کےگھر کو منہدم کردیا۔ انتظامیہ کے مطابق اس نے مشرقی دہلی کے کھارجوری کھاس گاؤں میں اپنی زمین سے تجاوزات ہٹانے کیلئے انہدامی کارروائی کا انعقاد کیا تھا۔ ڈی ڈی اے کے مطابق یہ زمین منصوبہ بند ترقیاتی زمین کا حصہ تھی۔ حسن نے دی ہندو سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں انہدامی کارروائی کیلئے کوئی نوٹس نہیں دیا گیا تھا۔ ہم جس علاقے میں رہتے ہیں وہ باقاعدہ کالونی ہے۔ میں نے ۲۰۱۲ء اور ۲۰۱۳ء میں اپنا گھر تعمیر کیا تھا لیکن ڈی ڈی اے کے کارکن صبح ۹؍ بجے اچانک آئے اور ہمیں گھر سے نکال دیا۔ انتظامیہ نے اس کے بعد مزید سوالوں کے جواب دینے کیلئے کال بھی نہیں اٹھائے۔

انہوں نے مزید کہا کہ میری بیوی اور میں گھر میں موجود نہیں تھے۔ جب ڈی ڈی اے حکام آئے تو گھر میں میرے صرف تین بچے تھے۔ وہ خوفزدہ تھے۔ انہدامی کارروائی کے دوران انتظامیہ نے انہیں پریشان بھی کیا۔
حسن نے مزید بتایا کہ مجھے نہیں معلوم کہ اب کہاں جانا ہے۔ جب میں جائے وقوع پر پہنچا تو مجھے قریبی پولیس اسٹیشن لے جایا گیااور انہوں نے میرا موبائل فون بھی اپنے قبضے میں لے لیا ۔اتنے کم وقت میں مجھے کرائے پر کوئی دوسرا مکان بھی نہیں مل سکتا۔ آج کی رات میرے اہل خانہ کہاں گزاریں گے، مجھے نہیں معلوم؟ 
اس درمیان شمال مشرقی دہلی لوک سبھا کے رکن پارلیمنٹ منوج تیواری نے انہدامی کارروائی کے متعلق کہا کہ مجھے اس واقعہ کا علم ہے۔ میں اس بات کو یقینی بناؤں گا کہ حسن کو پردھان منتری آواس یوجنا کے تحت معاوضہ دیا جائے۔
ڈی ڈی اے کے ذرائع کے مطابق یہ زمین قبل ازیں انتظامیہ نے ترقیاتی پروجیکٹ کیلئے حاصل کی تھی۔ تاہم، اس معاملے کی تفصیلات اب بھی غیر واضح ہیں۔
ڈی ڈی اے کے رکن اور آپ کے لیڈر سومناتھ بھارتی نے کہا کہ وہ بھی اس معاملے میں مداخلت کریں گے اور دیکھیں گے کہ کوئی حل نکالا جا سکتا ہے یا نہیں۔ واضح رہے کہ اترکاشی سرنگ کے امدادی کارکنان اس وقت روشنی میں آئے تھے جب انہوں نے سلکیارا میں ایک زیر تعمیر سرنگ کا کچھ حصہ گرجانے کے بعد وہاں پھنسے ۴۱؍ مزدوروں کو ۱۷؍ دن بعد بحفاظت باہر نکالا تھا۔ حسن بھی امدادی ٹیم میں شامل تھے۔ جب یہ مشن کامیابی سے مکمل ہوا تو دہلی میں دادو تحسین کے ساتھ تمام امدادی کارکنان کا استقبال کیا گیا تھا۔ وہ برسوں سے دہلی جل بورڈ کے کانٹریکٹر رہے ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK