سفر کے دوران ٹرین دنیا کے بلند ترین ریلوے بریج چناب پل اور ملک کے پہلے کیبل اسٹیڈ ریلوے بریج انجی کھاد پل سے بھی گزری۔
EPAPER
Updated: January 26, 2025, 11:12 AM IST | Srinagar
سفر کے دوران ٹرین دنیا کے بلند ترین ریلوے بریج چناب پل اور ملک کے پہلے کیبل اسٹیڈ ریلوے بریج انجی کھاد پل سے بھی گزری۔
شری ماتا ویشنو دیوی کٹرا سے سری نگر ریلوے اسٹیشن کے درمیان خصوصی طور پر تیار کردہ وندے بھارت ایکسپریس ٹرین کا پہلا آزمائشی سفر(ٹرائل رَن) کامیاب رہا۔ انڈین ریلویز نے سنیچر کو اس کے کامیاب ٹرائل کی اطلاع دی۔ اپنے سفر کے دوران ٹرین چناب پل سے گزری جو دنیا کا بلند ترین(۳۵۹؍ میٹر) ریلوے پل ہے۔ خصوصی وندے بھارت انجی کھاد پل سے بھی گزری جو ملک کا پہلا کیبل اسٹیڈ ریلوے بریج ہے۔ جموں میں تقریباً ساڑھے گیارہ بجے ٹرین کچھ دیر کے لیے رکی، جہاں لوگوں نے نعرے لگا کر اس کا استقبال کیا۔ ریلوے کے مطابق ٹرائل مکمل ہونے کے بعد اس کا کمرشل آپریشن شروع کیا جائے گا۔ جلد ہی وزیر اعظم نریندر مودی کٹرا سے اس ٹرین کے پہلے سفر کو ہری جھنڈی دکھائیں گے، حالانکہ ابھی اس کی تاریخ کا اعلان نہیں کیا گیا ہے۔
کٹرا اور سری نگر کے درمیان چلنے والی وندے بھارت ٹرین کو خصوصی طور پر ڈیزائن کیا گیا ہے۔ یہ ٹرین جموں کشمیر کے مشکل موسمی حالات میں پوری رفتار سے چلے گی۔ ملک کے دیگر حصوں میں چلنے والی وندے بھارت ایکسپریس ٹرینوں کے مقابلے یہ ٹرین بہت سی خصوصی سہولیات سے لیس ہے۔ ریلوے کے مطابق اس میں جدید ترین حرارتی نظام شامل ہے جو پانی اور بائیو ٹوائلٹ ٹینک کو جمنے سے روکتے ہیں۔ مزید برآں، ویکیوم سسٹم کیلئے گرم ہوا فراہم کرتے ہیں۔ اس کے علاوہ وندے بھارت میں ایک خصوصی ایئر بریک سسٹم نصب کیا گیا ہے جو صفر ڈگری درجہ حرارت میں بھی آسانی سے آپریشن کو یقینی بنائے گا۔ ٹرین کی ونڈشیلڈ میں ایسی ٹیکنالوجی استعمال کی گئی ہے جس سے ڈرائیور کے سامنے والے شیشے خود بخود ڈیفروسٹ ہوجاتے ہیں ۔ یہ خصوصیات انتہائی سردی میں بھی واضح مرئیت کو یقینی بناتی ہیں۔