گوونڈی کی حقانی مسجد ومدرسہ اور ممبرا کی رحمہ مسجد میں تراویح کی ۴؍ جماعتیں ہوتی ہیں جبکہ چیتا کیمپ کا مدرسہ معراج العلوم اس سال ۷؍ جماعتوں کا اہتمام کررہا ہے۔ان میں بڑی تعداد میں لوگ شرکت کرتے ہیں ۔ ڈاکٹروں کو بھی سہولت ہوتی ہے
EPAPER
Updated: April 14, 2023, 11:14 AM IST | Shahab Ansari | Mumbai
گوونڈی کی حقانی مسجد ومدرسہ اور ممبرا کی رحمہ مسجد میں تراویح کی ۴؍ جماعتیں ہوتی ہیں جبکہ چیتا کیمپ کا مدرسہ معراج العلوم اس سال ۷؍ جماعتوں کا اہتمام کررہا ہے۔ان میں بڑی تعداد میں لوگ شرکت کرتے ہیں ۔ ڈاکٹروں کو بھی سہولت ہوتی ہے
ممبئی کے گنجان آبادی والے مختلف علاقوں میں مصلیان کی ضرورتوں کا خیال رکھتے ہوئے مختلف مساجد و مدارس تراویح کی متعدد جماعتوں کا اہتمام کررہے ہیں۔ ایسی ہی مساجد میں گوونڈی کی حقانی مسجد، ممبرا کی رحمہ مسجد اور چیتا کیمپ کا مدرسہ معراج العلوم شامل ہے۔ حقانی اور رحمہ مسجد میں تراویح کی ۴، ۴؍ جماعتوں کا جبکہ چیتا کیمپ کے مدرسہ کے زیر اہتمام ۷؍ جماعتوں کا اہتمام کیا جارہا ہے۔
گوونڈی کے علاقے بیگن واڑی کے روڈ نمبر ۱۰؍ پر واقع حقانی مسجد انتظامیہ کے صدر مولانا اسدقاسمی نے انقلاب سے گفتگو کے دوران بتایا کہ گزشتہ تقریباً ۵؍ برس سے یہاں تراویح کی ۴؍ جماعتوں کااہتمام کیا جارہا ہے۔انہوں نے بتایا کہ پہلے یہاں تراویح کی ایک ہی جماعت ہوتی تھی لیکن مسجد کا ٹرسٹ ’انجمن مدرسہ اسلامیہ قاسم العلوم حقانی مسجد‘ نام سے مکتب بھی چلاتا ہے جس میں کم و بیش ۱۵۰۰؍ بچے زیر تعلیم رہتے ہیں اور تقریباً ۱۰؍ برس قبل اس مدرسے میں حفظ کا بھی نظم شروع کردیا گیا ہے۔ اس مدرسے میں طلبہ کی رہائش کا انتظام نہیں ہے اس لئے عام طور پر محلے اور قرب و جوار کے ہی طلبہ یہاں حفظ قرآن کے لئے آتے ہیں اور فی الوقت حفظ کے تقریباً ۱۰۰؍ بچے زیر تعلیم ہیں۔ مولانا اسد کے مطابق ان کے مدرسے سے تقریباً ۱۰؍ بچے ہر سال حفظ مکمل کرکے فارغ ہوتے ہیں۔ کچھ برس قبل مدرسہ کے منتظمین کے سامنے یہ بات آئی کہ جو طلبہ یہاں سے حفظ کرکے فارغ ہورہے ہیں ان کے لئے تراویح پڑھانے کا کچھ نظم ہونا چاہئے۔ اس موضوع پر غورو فکر کے دوران ایک ڈاکٹر صاحب نے درخواست کی تھی کہ مقامی ڈاکٹروں کو کلینک پر تاخیر ہوجاتی ہے جس کی وجہ سے زیادہ تر ڈاکٹر چاہتے ہیں کہ شب دیر گئے تراویح کا نظم ہو تو تمام ڈاکٹروں کو سہولت ہوجائے۔ اسی طرح ایک دیگر بات یہ بھی سامنے آئی کہ گوونڈی میں بہت بڑی تعداد میں لوگ دور دراز علاقوں سے کام کاج کی غرض سے آتے ہیں اور اگر وہ ۱۰؍ روز کی تراویح پڑھ لیں تو باقی رمضان سہولت سے کسی بھی مسجد میں تراویح پڑھ سکتے ہیں۔ اس طرح وقفہ وقفہ سے جیسی ضرورت سامنے آتی گئی اسی حساب سے تراویح کی مختلف جماعتوں کی شروعات ہوتی گئی اور اب تراویح کی ۴؍ جماعتیں ہونے لگی ہیں۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ ۱۰؍ روزہ تراویح کے علاوہ دیگر ۳؍ جماعتیں ۲۷؍ ویں روزے تک پڑھائی جائے گی اور ان تینوں جماعتوں میں قرآن کریم کے پڑھنے کی یکساں ترتیب رکھی گئی ہے تاکہ کسی وجہ سے اگر کوئی مصلی کسی دن کسی وجہ سے معمول سے ہٹ کر کسی دیگر جماعت میں شامل ہوجائے تب بھی اس کا قرآن کریم سننا ادھورا نہ رہے۔
تراویح کی ۴؍ جماعتیں ہونے سے اس مدرسہ سے فارغ طلبہ کو کلام پاک سنانے کا بھی موقع مل جاتا ہے۔ تراویح کی ہر نماز پڑھانے کیلئے ۲؍ سینئر طلبہ اور ایک نئے حافظ کو شامل رکھنے کی کوشش کی جاتی ہے۔
حقانی مسجد ومدرسہ میں ۴؍جماعتیں
حقانی مسجد میں تراویح کی پہلی جماعت عشاء کی نماز کے بعد پڑھائی جاتی ہے اور اس کے بعد ۱۰؍ منٹ خلاصۂ قرآن پیش کیا جاتا ہے جسے بڑی تعداد میں مصلیان غور سے سنتے ہیں۔ دوسری جماعت مسجد سے متصل ۴؍ منزلہ مدرسہ کے پہلے منزلے پر شب ۱۰؍ بجکر ۳۰؍ منٹ پر ہوتی ہے۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ مدرسہ میں ہر منزلہ پر تقریباً ۲۲۰۰؍ مربع فٹ کی جگہ دستیاب ہے اس لئے سہولت کے ساتھ بڑی تعداد میں نمازی تراویح میں شامل ہوجاتے ہیں۔ اس کے بعد تیسری جماعت شب ۱۲؍ بجے چوتھے منزلے پر ہوتی ہے جس میں ڈاکٹروں کی بڑی تعداد ہوتی ہے۔چوتھی جماعت ۱۰؍ روزہ تراویح کی تھی اور اس کا وقت بھی شب ۱۲؍ بجے رکھا گیا تھا اور سب سے زیادہ تعداد میں نمازی اسی میں شامل ہوتے تھے حتیٰ کہ پورا مدرسہ نمازیوں سے بھر جاتا تھا۔ اس سال یہ جماعت مکمل ہوچکی ہے۔
چیتا کیمپ میں ۷؍ جماعتیں
چیتاکیمپ کے مدرسہ معراج العلوم سے وابستہ مولانا زاہد نے بتایا کہ لاک ڈائون کے دوران تراویح کی زائد جماعتوں کے اہتمام کا سلسلہ شروع ہوا اور مدرسہ کے زیر اہتمام مسجد و مدرسہ کے قرب و جوار میں تقریباً ۱۵؍ جگہوں پر تراویح کی نماز کا انتظام کیا گیا ہے۔ لاک ڈائون ختم ہونے پر زیادہ تر مقامات پر یہ سلسلہ منقطع ہوگیا اور لوگ مساجد میں آنے لگے البتہ عوام کی ضروریات اور مطالبات کے پیش نظر اس سال بھی تراویح کی ۷؍ جماعتوں کا اہتمام کیا جارہا ہے جس میں معراج مسجد اور اسی کے بالمقابل واقع مدرسہ للبنات میں شب ساڑھے ۱۱؍ بجے سوا پارہ کی تراویح سنائی جارہی ہے۔ مدرسہ للبنات میں خصوصاً ڈاکٹروں کی ضرورت کے حساب سے وقت طے کیا گیا ہے جبکہ باقی ۵؍ جماعتیں مدرسہ سے متصل آزاد اسکول اور قریب ہی واقع سر سید اسکول، مسجد فلاح المسلمین، مسجد اصلاح المسلمین اور الفاء کلاسیز میں ۱۰، ۱۵؍ اور ۲۰؍ روزہ تراویح کا انتظام کیا گیا۔
ممبرا کی رحمہ مسجد میں ۳؍ تراویح کا نظم
ممبرا بازار میں سینٹ جان اسکول کے سامنے واقع رحمہ مسجد میں بھی کئی برسوں سے رمضان المبارک میں تراویح کی ۳؍ جماعتوں کا اہتمام کیا جارہا ہے۔ مسجد کے گراؤنڈ فلور پر رات ۹؍ بجے عشاء کی نماز کے بعد بیک وقت تراویح کی ۲؍ جماعتیں پڑھی جاتی ہیں۔ گرائونڈ فلور پر سوا پارہ سنانے کا اہتمام رہتا ہے جبکہ پہلے منزلے پر ۱۰؍ روزہ تراویح پڑھائی جاتی ہے جس میں روزانہ ۳؍ پارے پڑھے جاتے ہیں ۔اس سال ۱۰؍ روز والی تراویح مکمل ہو چکی ہے۔
اس مسجد میں عشاء کی ۲؍ جماعتیں ہوتی ہیں۔ دوسری جماعت شب ۱۰؍ بجکر ۳۰؍ منٹ پر ہوتی ہے اور اس کے بعد بھی سوا پارہ والی نمازِتراویح پڑھائی جاتی ہے۔ مسجد انتظامیہ میں شامل مولانا لقمان نے یہ اطلاعات فراہم کیں ۔