میونسپل کمشنر بھوشن گگرانی نے تیاریوں کے تعلق سےبی ایم سی کے صدردفتر میں منعقدہ پریس کانفرنس میںتفصیل بتائی۔ معذورووٹرس کی سہولت کیلئے مفت گاڑی کا
انتظام رہے گا جس کیلئےٹول فری نمبر۱۹۵۰؍ پررابطہ قائم کیا جاسکتا ہے۔پولنگ مراکز پردھوپ سے بچنے کیلئے سایہ ، پینے کا پانی ،پنکھا اور روشنی کا انتظام کیا جائے گا
میونسپل کمشنربھوشن گگرانی پریس کانفرنس میں تفصیل بتاتے ہوئے جبکہ دیگرافسران بھی نظرآرہے ہیں۔ (تصویر: کیرتی سروے پراڈے)
مہاراشٹر اسمبلی الیکشن میں ممبئی میں زیادہ سے زیادہ ووٹنگ ہو، اس کیلئے بی ایم سی ، شہر و مضافات کےضلع کلکٹروں کی جانب سے متعدد سہولتیں مہیا کرانے کا اعلان کیا گیا ہے۔ ان میں معذور اور معمر افراد کو ان کے گھر سے پولنگ سینٹر لانے اور لے جانے کیلئے مفت گاڑیاں، پولنگ سینٹر پر وہیل چیئر اور عام ووٹروں کیلئے پولنگ سینٹر تک پہنچنے کیلئے بیسٹ بسوں کی خدمات شامل ہیں۔ اس کے علاوہ ووٹروں کو سبھی پولنگ مراکز پر پینے کا پانی، پنکھے، روشنی اور لمبی قطار ہونے پربیٹھنے کیلئے سیٹ کی سہولتیں بھی فراہم کرنے کی یقین دہانی ممبئی شہرو مضافات کے الیکشن انچارج بھوشن گگرانی (میونسپل کمشنر)نے پیر کو بی ایم سی کے صدر دفتر میںمنعقدہ پریس کانفرنس میں کرائی۔
ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بھرے کانفرنس ہال میں منعقدہ پریس کانفرنس میں میونسپل کمشنر بھوشن گگرانی نے بتایا کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے پہلی مرتبہ ممبئی شہر و مضافات بالترتیب ۱۰؍ اور ۲۶؍ اسمبلی حلقوں میں الیکشن کےانتظامات کرنے کی ذمہ داری میونسپل کمشنر کو دی گئی ہے کیونکہ ممبئی شہر ضلع او رممبئی مضافاتی ضلع کے کلکٹر سے زیادہ وسائل بی ایم سی کے پاس ہیں اس لئے دونوں اضلاع کانگراں ممبئی میونسپل کمشنر کو بنایا گیا ہے۔اس لحاظ سےممبئی میں واقع کل ۳۶؍ اسمبلی حلقوں میں پولنگ کی تیاریاں مکمل ہو چکی ہیں اور منگل کی دوپہر سے الیکشن ڈیوٹی پر مامور ملازمین انہیں دیئے گئے پولنگ سینٹرس پر پہنچانے شروع کر دیں گے۔ ووٹرس صبح ۷؍ تا شام ۶؍بجے تک ووٹ دے سکیں گے۔
پولنگ مراکز پر کیا کیا سہولتیں ہوں گی؟
میونسپل کمشنر بھوشن گگرانی نے بتایا کہ ’’ ممبئی میں۲؍ہزار ۸۵؍مقامات پر ۱۰؍ ہزار ۱۱۷؍ پولنگ سینٹر قائم کئےگئے ہیں۔ ان سبھی پولنگ مراکز میں الیکشن کمیشن کی ہدایت کے مطابق تمام ضروری سہولتیں مہیا کرائی گئی ہیں۔طویل قطار ہونے کی صورت میں قطار کےدرمیان میں ووٹروں کو بیٹھنے کیلئے بینچ یا کرسیاں لگائی جائیں گی۔ اس کےعلاوہ پولنگ سینٹرس میںدھوپ سے بچنے کیلئے سایہ ، پینے کا پانی ، پنکھا ، روشنی اور دیگر سہولتیں بھی مہیا کرائی جائیں گی۔‘‘
خصوصی پولنگ سینٹر س
میونسپل کمشنر کے بقول خواتین اور معذور ووٹروں کو بہتر احساس دلانے کیلئے ممبئی میںمجموعی طور پر ۳۸؍ پولنگ سینٹر پوری طرح خواتین کے زیر انتظام ہوں گے ۔ اسی طرح ۳۸؍ پولنگ مراکز پوری طرح معذور ملازمین کے زیر انتظام قائم کئے جائیں گے۔
معذور ووٹرس مفت گاڑی کی
سہولت حاصل کرنے کیلئے کیا کریں؟
- معذور ووٹرس گھر سے پولنگ اسٹیشن تک پہنچے کیلئے مفت گاڑی کی سہولت حاصل کرنے کیلئے ٹول فری فون نمبر ۱۹۵۰؍ پر رابطہ کریں ۔
- ۱۹۵۰؍ ہیلپ لائن کے علاوہ ہر اسمبلی حلقہ کیلئےایک نوڈل آفیسر کو بھی مقرر کیاگیاہے۔ ان افسران کا نمبر اور دیگر سہولتوں کی تفصیل حاصل کرنے کیلئے درج ذیل ویب سائٹ کی لنک:
www.tinyurl.com/5n7rf6um
پر کلک کیا جاسکتا ہے۔ اس لنک پر کلک کرنے پر ۴۵؍ صفحات پر مشتمل تفصیل سامنے آجاتی ہے ۔ ان پر اسمبلی حلقہ کے اعتبار سے نوڈل آفیسر کا نمبر اور بس خدمات کا وقت ، اسٹاپ اور دیگر تفصیل دیکھی جاسکتی ہے۔