لوگ خوف کے سایہ میں زندگی گزاررہے ہیں ۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ تیندوے کو جلد پکڑا جائے۔ درندے کاپتہ لگانے کیلئے انہوں نےڈرون کے استعمال کا مشورہ دیا
EPAPER
Updated: April 08, 2024, 11:48 PM IST | Mumbai
لوگ خوف کے سایہ میں زندگی گزاررہے ہیں ۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ تیندوے کو جلد پکڑا جائے۔ درندے کاپتہ لگانے کیلئے انہوں نےڈرون کے استعمال کا مشورہ دیا
یہاں وسئی قلعہ کے احاطے میں ۱۰؍ دن قبل ایک تیندوا نظر آیا تھاجس کے بعد محکمۂ جنگلات نے اسے پکڑنے کیلئے کیمرے لگائے تھے لیکن اب تک اسے پکڑا نہیں گیا جس کی وجہ سے مقامی افراد سخت ناراض ہیں کیونکہ وہ خوف کے سایے میں زندگی گزار رہے ہیں۔ اس لئے انہوںنے تیندوے کو پکڑنے کیلئے پنجرہ لگانے کا مطالبہ کیا ہے اوراسے تلاش کرنے کیلئے ڈرون کے استعمال کا مشورہ دیا۔ (اس تعلق سے خبریں ۲؍ اور۳؍ اپریل کے انقلاب میں شائع ہوچکی ہیں۔)
تقریباً۱۲؍ہزار افراد قلعہ بندر اور پچوبندر علاقے میں رہتے ہیں۔ وسئی قلعے کے قریب یہ ۲؍ گاؤں ہیں جہاں خیال کیا جاتا ہے کہ تیندوا چھپا ہوا ہے۔ جنگلات کے تقریباً ۱۵؍ سے ۲۰؍ اہلکار اور غیرسرکاری تنظیم کے کارکن اس علاقے میں ڈیرہ ڈالے ہوئے ہیں جہاں ان میں سے چند ایک کو غروب آفتاب کے بعد علاقے کے لوگوں کی حفاظت کیلئے گشت کرتے ہوئے بھی دیکھا گیاہے۔
سماجی کارکن ویلنٹائن مرچی نے بتایاکہ’’محکمہ جنگلات نے۲؍ اپریل کو گاؤںوالوںکے ساتھ ایک میٹنگ کی تھی جہاں انہوں نے ہمیں بتایا کہ محکمہ جنگلات کے قانون اور قواعد کے مطابق وہ تیندوے کو قلعہ سے پکڑ کر پنجرے میں ڈال کر پناہ گاہ نہیں لے جا سکتے۔ انہوں نے ہمیں بتایا تھا کہ اس تیندوے کو پکڑنے کیلئے ناگپور میں محکمہ جنگلات کے ہیڈ آفس سے اجازت درکار ہے اور یہ آسانی سے حاصل نہیں ہوتا۔‘‘ انہوں نے مزید کہاکہ ’’پچھلی میٹنگ میں محکمہ جنگلات کے اہلکاروں کے ساتھ ہماری گرما گرم بحث ہوئی تھی۔ مقامی افرادجو گزشتہ۱۰؍ دن سےخوف کے سایہ میں زندگی گزار رہے ہیں، ان کے صبر کا پیمانہ لبریز ہوگیا ہےاورانہوں نےاپنی برہمی کا اظہار کیاہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا ہےکہ تیندوے کو جلد پکڑا جائے۔
کالج کے طالب علم آشیش ٹھٹھارے نے۲۹؍ مارچ کو تیندوے کو دیکھا تھا جب اس نے سڑک پر ایک موٹر سائیکل سوار کو زخمی کر دیا تھا۔ ا س نے بتایا کہ ’’میں نے تیندوے اور ایک زخمی موٹرسائیکل سوار کو دیکھا۔ ہم موٹر سائیکل سوار کو بچانے کیلئے پہنچ گئے اور اسے قریبی اسپتال لے گئے۔ میں نے اس جگہ سے تیندوے کے پنجوں کے نشانات کی تصویریں بھی لی ہیں جہاں خیال کیا جاتا ہے کہ تیندوا گھوم رہا ہے۔‘‘
وسئی قلعہ کے آس پاس رہنے والوں کو شام کے وقت گھر پہنچنے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ سماجی کارکن ویلنٹائن مرچی نے کہاکہ ’’ہمارے گاؤں کی طرف جانے والی مرکزی سڑک شام۶؍ بجے کے بعد بند کردی جاتی ہے اور اگلے دن صبح ساڑھے ۷؍ بجے محکمہ جنگلات کے ذریعہ اسے دوبارہ کھول دیا جاتا ہے۔ جو لوگ دیر شام یا رات کو گھر آتے ہیں، انہیں مختلف راستہ اختیار کرنا پڑتا ہے جس کیلئے آٹورکشا ڈرائیور اضافی رقم کا مطالبہ کرتے ہیں۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ تیندوے کو جلد ہی پکڑنے کی ضرورت ہے۔
دریں اثناءمقامی ہیلتھ کیئر رضاکار راجندر ڈھگے نے کہاکہ ’’وسئی قلعہ۱۲۱؍ ایکڑ پر پھیلا ہوا ہے اور گھنے جنگل اور گاؤں سے گھرا ہوا ہے۔ محکمہ جنگلات کے اہلکار تیندوےکو پکڑنے کیلئے ڈرون کیوں نہیں اڑاتے؟ وہ اسے پکڑنے میں سنجیدہ نہیں لگتے۔‘‘ انہوں نے مزید کہاکہ ’’ہم وسئی کے باشندے، محکمہ جنگلات کے اہلکاروں کو ہر طرح کی مدد فراہم کرنے کیلئے تیار ہیں۔ تیندوا پہلے ہی ایک درجن سے زیادہ آوارہ کتوں اور دیگر جانوروں کو کھا چکا ہے اور اب خیال کیا جاتا ہے کہ وہ یا تو درخت پر سو رہا ہے یا قلعہ کے احاطے میں کسی غار کے اندرموجودہوگا۔ بہتر ہوگا اگر محکمہ جنگلات کے اہلکار ہمیں تیندوے کو پکڑنے میں ان کی مدد کرنے دیں، اس سے قبل کہ بہت دیر ہو جائے۔‘‘
اس نمائندے نے مانڈوی کی رینج فاریسٹ آفیسر شویتا ادے سے رابطہ قائم کرنے کی کوشش کی لیکن کامیابی نہیں ملی۔