اس سال جون اور نومبر میں مرحلہ وار شروع کئے جانے کی امید۔ نئے بریج کے کھلنے سے متوازی بریج پر ٹریفک کا مسئلہ حل ہوجائے گا۔
EPAPER
Updated: March 21, 2024, 11:44 PM IST | Shahab Ansari | Mumbai
اس سال جون اور نومبر میں مرحلہ وار شروع کئے جانے کی امید۔ نئے بریج کے کھلنے سے متوازی بریج پر ٹریفک کا مسئلہ حل ہوجائے گا۔
ممبئی اور نوی ممبئی کو جوڑنے والے نئے واشی بریج کا کام تقریباً ۷۳؍ فیصد مکمل ہوگیا ہے اور اسی سال اس کے شروع کئے جانے کا امکان ہے۔ تیسرے تھانے کھاڑی بریج جسے واشی بریج بھی کہتے ہیں، کی تعمیر کا کام اگر حسب منصوبہ مکمل ہوگیا تو اسے اسی سال جون اور نومبر میں مرحلہ وار عوامی استعمال کیلئے کھول دیا جائے گا۔
یہ دراصل ۲؍ متوازی بریج تعمیر کئے جارہے ہیں اور دونوں بریجوں پر ۳، ۳؍ لین ہوں گی۔
اس بریج کی تعمیر کی ذمہ داری ’ایل اینڈ ٹی‘ کمپنی کو دی گئی ہے اور اس کی تعمیر کا کام ۲۰۲۰ء میں شروع ہوا تھا۔ اس پروجیکٹ کو ۵۵۹؍ کروڑ کی لاگت سے تعمیر کیا جارہا ہے اور اس کی طوالت ۱ء۸۴؍ کلو میٹر ہوگی جبکہ اس پر پہنچنے کا راستہ ۱ء۲۵؍ کلو میٹر طویل ہوگا۔ اس بریج پر سفر کیلئے ٹول بھی ادا کرنا ہوگا۔
اگرچہ اس سے متوازی ایک بریج پہلے سے موجود ہے اور اسے استعمال بھی کیا جاتا ہے لیکن اس راستے پر عام طور پر ۲؍ لاکھ چار پہیہ گاڑیاں روزانہ گزرتی ہیں جس کی وجہ سے یہاںاکثر ٹریفک جام رہتا ہے اور نئے بریج کے کھلنے سے یہاں ٹریفک جام کا مسئلہ حل ہونے کا امکان ہے۔ ’مہاراشٹر اسٹیٹ روڈ ڈیولپمنٹ کارپوریشن‘ کے افسران کے مطابق اس بریج کا ۷۳؍ فیصدکام مکمل ہوچکا ہے۔
اگرچہ نئے بریج کی تعمیر کی تجویز ۲۰۱۲ء میں پیش کی گئی تھی لیکن کھاڑی پر تعمیر کی وجہ سے مختلف قسم کی اجازت نہ ملنے سے یہ پروجیکٹ التواء میں پڑا تھا۔ البتہ ہائی کورٹ کی اجازت ملنے کے بعد اس کی تعمیر اکتوبر ۲۰۲۰ء میں شروع کی گئی تھی۔ ڈپٹی پولیس کمشنر ترپتی کاکڑے (ٹریفک) نے امید ظاہر کی ہیکہ نئے بریج کے شروع ہونے سے ٹریفک کا مسئلہ بڑی حد تک حل ہوجائے گا۔